Arshad Nadeem wins Gold at Asian Athletics Championship

پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم کی ایشین ٹائٹل میں تاریخی فتح

پاکستانی جیولن تھرو کے ماہر اتھلیٹ ارشد ندیم نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 2025 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیت لیا، جس سے پاکستان نے 52 سال بعد یہ اعزاز دوبارہ حاصل کیا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے اس تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “ارشد ندیم نے فائنل میں غیر معمولی کارکردگی دکھا کر قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ یہ دن پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔”

اسی موقع پر گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی ارشد ندیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ارشد ندیم نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں کھیلوں کے میدان میں ہمارے روشن چہرہ ہیں۔ 52 سال بعد یہ ٹائٹل واپس پاکستان آنا ملک و قوم کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔”

وزیراعلیٰ اور گورنر دونوں نے ارشد ندیم کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری قوم اس قابلِ فخر لمحے پر ارشد ندیم کو سلام پیش کرتی ہے۔

Security situation in Balochistan, Khyber Pakhtunkhwa

بلوچستان، خیبرپختونخوا کی سیکیورٹی صورتحال

عقیل یوسفزئی
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں جاری رہنے والی دہشت گردی میں یکدم اضافہ ہوگیا ہے اور لگ یہ رہا ہے کہ پاکستان پر اندرونی دباؤ ڈالنے اور خطے کی ری انگیجمنٹ کی کوششوں کو متاثر کرنے کی ایک باقاعدہ کوشش کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔ گزشتہ دنوں جہاں ایک طرف خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں دو طرفہ کارروائیاں کی گئیں وہاں بلوچستان کے علاقوں کیچ اور لورالائی میں بھی فورسز نے دو آپریشن کیے۔ جمعہ کے روز بلوچستان کے علاقے سوراب میں مسلح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے ایک پولیس اسٹیشن کو جلاتے ہوئے متعدد سرکاری افسران کے گھروں پر ہلہ بول دیا جس کے نتیجے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہدایت بلیدی کو شہید کردیا گیا اور متعدد زخمی کردیے گئے۔ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا جب پاکستان کے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کویٹہ کے دورے پر تھے جہاں انہوں نے سٹاف کالج کویٹہ کا دورہ کرتے ہوئے شرکاء سے خطاب کرنا تھا۔ حملے کی ٹایمنگ دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حملہ اور یہ پیغام دینا چاہتے تھے کہ وہ کسی بھی وقت بلوچستان میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرسکتے ہیں ۔ اسی تناظر میں سٹاف کالج کے اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی اور بیرونی جارحیت کے ذریعے نہ تو پاکستان کو کمزور کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی اسے دباؤ میں لایا جاسکتا ہے ۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور اندرونی اور بیرونی دشمنوں کے عزائم اور کوششوں کو پورے قومی عزم کے ساتھ کچلا جائے گا۔

دوسری جانب پاکستان نے افغانستان میں اپنے مستقل سفیر کی تعیناتی کا اعلان کردیا ہے جو کہ عید کے بعد چارچ لینے کابل پہنچے گا۔ نمایندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق خان کے مطابق اس اقدام سے دونوں پڑوسی ممالک کے سفارتی تعلقات میں بہتری واقع ہوگی جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کے دورہ کابل کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور دونوں ممالک کی تلخیوں میں کمی واقع ہوئی ہے تاہم خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے گزشتہ روز ایک بیان میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کے تناظر میں مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت کو صوبے کے مخصوص حالات کے تناظر میں افغانستان کی عبوری حکومت سے مذاکرات کی اجازت دی جائے ۔ ان کے مطابق افغانستان کے حالات اور جاری کشیدگی سے صوبہ خیبر پختونخوا براہ راست متاثر ہوتا آرہا ہے اس لیے افغان پالیسی پر نظر ثانی کرتے ہوئے صوبائی حکومت کو براہ راست مذاکرات یا رابطہ کاری کی اجازت اور سہولت دی جائے۔

ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو نہ صرف ملک کی خارجہ پالیسی پر ایک پیج پر آکر نئے حالات کے چیلنجز کے پس منظر میں نئی صف بندی کرنے کی اشد ضرورت ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانا بھی لازمی ہے کہ خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت، وفاقی حکومت اور ملٹری اسٹبلشمنٹ دہشت گردی کے سنگین مسائل کے حل کے کسی واضح روڈ میپ پر مشاورت کرکے آگے بڑھنے کا راستہ اختیار کریں کیونکہ جاری کشیدگی اور دہشت گردی سے صوبے کے معاملات اور عوام کی معمولات زندگی کو نارمل بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ عوام کے علاوہ فورسز بھی لمبی جنگ لڑتے لڑتے تھک گئی ہیں اور خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں فرسٹریشن کی صورتحال ہے ۔ ایسے میں لازمی ہے کہ نئی صف بندی کی جائے اور خارجہ پالیسی کے فیصلوں کے دوران صوبائی حکومتوں اور سیاسی اسٹیک ہولڈرز کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔
(31/5/2025)

World Cycling Day 2025

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کا 6 جون کو خصوصی تقریبات منعقد کرنے کا اعلان

پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن (پی سی ایف) نے اعلان کیا ہے کہ 6 جون 2025 کو ورلڈ سائیکلنگ ڈے ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا۔ یہ فیصلہ یونین سائکلست انٹرنیشنل (UCI) کی جانب سے دی گئی دعوت کے تحت کیا گیا ہے، جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کمیونٹی کو اس دن کی مناسبت سے تقریبات کے انعقاد کی اپیل کی گئی ہے۔

پی سی ایف کے صدر سید اظہر علی شاہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، تمام صوبائی یونٹس، کھیلوں کے کلبز، اور UCI و ACC سے منسلک اداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خصوصی تقریبات منعقد کریں۔ ان تقریبات میں نوجوانوں کے لیے کیک کاٹنے، گروپ رائیڈز اور دیگر صحت مند سرگرمیاں شامل ہوں گی۔

مزید برآں، ہر یونٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ “WORLD CYCLING DAY – June 6, 2025” کے بینرز آویزاں کریں جن پر متعلقہ ادارے اور پی سی ایف کا مونوگرام نمایاں ہو۔ گروپ تصاویر، ویڈیوز تیار کی جائیں اور سوشل میڈیا پر مؤثر انداز میں پیش کی جائیں۔ بعد ازاں یہ مواد فیڈریشن کو بھیجا جائے گا تاکہ اسے UCI کے ساتھ شیئر کیا جا سکے۔

فیڈریشن کی جانب سے عوام کو یہ پیغام دیا گیا ہے:
“آئیے ہم سب صحت، اتحاد اور سائیکلنگ کی خوشی کو مل کر منائیں”۔
یہ دن “Ride Together, Celebrate Together” کے نعرے کے ساتھ منایا جائے گا۔