Chief Secretary and IG Police visit Bajaur

چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس کا باجوڑ کا دورہ

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کے ہمراہ دورہ باجوڑ، خار اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔

کل کے افسوسناک واقعے پر پوری حکومت غمزدہ ہے، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر حکومتی وفد آج زخمیوں کی عیادت اور شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کے لیے آیا ہے، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں ہم شہداء کے لواحقین کے ساتھ برابر کے شریک ہیں، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہیں، شہداء اور زخمیوں کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پیکج کے تحت معاوضہ دیا جائے گا، دکھ اور غم کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،اسپتال انتظامیہ کو مریضوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے.

Governor Khyber Pakhtunkhwa Faisal Karim Kundi visits CMH Peshawar

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا سی ایم ایچ پشاور کا دورہ

گورنرنے شمالی وزیرستان میں فتنہ الخوارج حملے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز جوانوں کی عیادت کی۔ گورنر خیبر پختونخوا ہسپتال میں زیر علاج زخمی سکیورٹی اہلکاروں سے فرداً فرداً ملے اور انکی خیریت دریافت کی۔ گورنر خیبر پختونخوا نے زخمی جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور انکی بہادری کو سراہا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے زیرعلاج سیکیورٹی فورسز اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دہشتگردی کیخلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے بلند پختہ عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ گورنرخیبرپختونخوا

Peshawar High Court issues inquiry report on Swat tragedy

پشاور ہائی کورٹ نے سانحہ سوات انکوائری رپورٹ اور سیاحوں کی سیفٹی اقدامات کی تفصیلات طلب

جمعرات کے روز سوات دریا میں سیاحوں کے ڈوبنے کے واقعے پر پشاور ہائی کورٹ نے از خود نوٹس کی سماعت کرتے ہوئے اہم احکامات جاری کر دیے۔ چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی اور ذمہ دار اداروں سے تفصیلی رپورٹس طلب کیں۔

سماعت کے دوران چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا: “کمشنر ملاکنڈ ڈویژن کہاں ہے؟ انکوائری آفیسر کون ہے؟ انکوائری مکمل ہے یا تاحال جاری ہے؟” عدالت نے فوری طور پر چیئرمین انکوائری کمیٹی کو طلب کیا، جو عدالت میں پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ان سے سوال کیا: “کیا آپ نے انکوائری مکمل کر لی ہے؟”
چیئرمین انکوائری کمیٹی نے بتایا کہ انہوں نے سانحے کے بعد سوات کا دورہ کیا ہے اور رپورٹ کی تیاری جاری ہے، جو سات دن میں مکمل کر کے جمع کرا دی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ مختلف محکموں کی طرف سے سنگین کوتاہیاں سامنے آئی ہیں اور رپورٹ مکمل ہونے پر تمام پہلوؤں کو واضح کیا جائے گا۔

چیف جسٹس نے حکم دیا کہ کمشنر ملاکنڈ اور آر پی او ملاکنڈ باقاعدہ رپورٹ عدالت میں جمع کرائیں، اور سیاحوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ہیلی کاپٹرز موجود تھے اور ایوی ایشن رپورٹ کے مطابق پرواز ممکن تھی، تاہم بروقت استعمال نہیں کیا گیا۔

عدالت نے ہیلی کاپٹر کی دستیابی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔

پشاور میں محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات

پشاور میں محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات، اندرون شہر سیل

پشاور: محرم الحرام کے آغاز کے ساتھ ہی پشاور کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سخت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

اندرون شہر کے علاقوں جن میں کوہاٹی بازار، قصہ خوانی، کوچہ رسالدار، اور دیگر حساس مقامات شامل ہیں، کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کے مطابق محرم کے جلوسوں اور مجالس کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے اضافی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ مختلف مقامات پر داخلی اور خارجی راستے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

شہریوں کو جزوی بندش کے باعث آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری متبادل راستے استعمال کریں اور انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں تاکہ محرم کے ایام پُرامن طریقے سے گزر سکیں۔

سعید خان میموریل فٹبال ٹورنامنٹ: نیو افغان ڈی آئی خان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

سعید خان میموریل فٹبال ٹورنامنٹ: نیو افغان ڈی آئی خان کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

ایبٹ آباد: آل پاکستان سعید خان میموریل فٹبال ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میں نیو افغان ڈی آئی خان نے ڈی ایف اے بنوں کو پنلٹی ککس پر شکست دے کر ایونٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

آج کوارٹر فائنل میں نیو افغان ڈی آئی خان اور پی او ایف واہ مد مقابل ہوں گی۔

کنج فٹبال سٹیڈیم میں جاری ایونٹ کی نگرانی نیاز خان جدون، میجر ذوالفقار، ملک اعجاز گوگا، صداقت خان جدون، خانویز کالا خان، صدر ڈی ایف اے حاجی نعیم بیگ اور ان کی ٹیم نے کی۔

مہمان خصوصی فراست جیولرز کے ایم ڈی اور کے پی صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر فواد غنی صراف تھے جبکہ ان کے ہمراہ گیسٹ آف آنر محمد آصف بھی موجود تھے۔

پہلے ہاف میں سجاد نے بنوں کو ایک گول کی برتری دلائی، جبکہ دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقابلہ دو دو گول سے برابر کر دیا۔

آخر کار پنلٹی ککس پر نیو افغان ڈی آئی خان نے کامیابی حاصل کر کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔

کمنٹری فر یدون خان اور شوکت حسین نے کی جبکہ وقاص علی نے میچ کو پاکستان نیوز کے فیس بک پیج پر لائیو نشر کیا۔

Assistant Commissioner Faisal Amin, were martyred in a bomb blast in Bajaur

جاری دہشت گردی اور حکومتی ذمہ داریاں

عقیل یوسفزئی
خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں ایک بم دھماکہ کے نتیجے میں جواں سال اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل سمیت 5 افراد شہید ہوئے جن میں ایک راہگیر بھی شامل ہے جبکہ 15 سے زائد زخمی ہوئے جن کو پشاور اور باجوڑ میں طبی سہولیات دی جارہی ہیں ۔ سوات سے تعلق رکھنے والے اے سی فیصل اسماعیل تحصیلدار عبد الوکیل ایس آئی نور حکیم اور سپاہی زاہد کے ہمراہ اپنی گاڑی میں خار جارہے تھے کہ پہلے سے موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں وہ شہید ہوئے جبکہ راہگیر فضل منان بعد میں دم توڑ گئے۔
ابتداء میں کالعدم ٹی ٹی پی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تاہم رات گئے موقف اختیار کیا گیا کہ مقامی کمانڈرز سے بروقت رابطہ نہ ہونے کے باعث غلط فہمی کی بنیاد پر ذمہ داری قبول کی گئی تھی اور یہ کہ ٹی ٹی پی اس حملے میں ملوث نہیں ہے ۔ عین اسی دوران داعش خراسان نے رسمی طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی اور سرکاری حکام نے بھی اس بڑے واقعے کو داعش خراسان کی کارروائی قرار دیتے ہوئے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
داعش خراسان مختلف علاقوں خصوصاً باجوڑ میں اس سے قبل بھی متعدد حملے کرتی رہی ہے اور انٹلیجنس ایجنسیوں نے بھی چند روز قبل ایک تھریٹ الرٹ جاری کردیا تھا کہ محرم الحرام کے دوران ٹی ٹی پی اور دیگر کے علاؤہ داعش خراسان اور القاعدہ برصغیر بھی کارروائیاں کرسکتی ہیں ۔ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور اور انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید نے واقعے کی رپورٹس طلب کی ہیں تاہم افسوسناک امر یہ ہے کہ اس واقعے کے فوراً بعد جب اسلام آباد میں صوبے کی حکمران جماعت پی ٹی آئی کے لیڈروں کی پریس کانفرنس ہورہی تھی تو وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور سمیت کسی نے بھی اس واقعے سمیت خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی جاری تشویش ناک لہر پر نہ تو کوئی بات کی اور نہ ہی کوئی موثر رسپانس دیا ۔ وزیر اعلیٰ نے 9 مئی اور دیگر مواقع اور ایشوز پر وہی پرانی اور رسمی باتیں کیں اور اپوزیشن کو دھمکیاں دیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت کو سیکیورٹی کی بگڑتی صورتحال کا کوئی احساس اور ادراک نہیں ہے ۔ اس سے چند روز قبل کالعدم ٹی ٹی پی نے ماہ جون کے دوران کیے گئے حملوں کی تفصیلات جاری کیں جو کہ انتہائی تشویشناک سمجھی گئیں ۔ ان تفصیلات میں دعویٰ کیا گیا کہ جون کے مہینے میں 300 سے زائد حملے کیے گئے ہیں جس کے نتیجے میں بقول ٹی ٹی پی 500 سے زائد افراد کو نشانہ بنایا گیا ۔ لگ یہ رہا ہے کہ خیبرپختونخوا کو ایک بار پھر اس کے باوجود سنگین سیکیورٹی چیلنجر کا سامنا ہے کہ فورسز روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں میں آپریشن کرتی آرہی ہیں۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ اس صورتحال پر تبادلہ خیالات کرنے اور ایک جامع حکمت عملی وضع کرنے کے لیے دیگر اقدامات کے علاؤہ صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے اور اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا جائے۔

گورنر کا دورہ سیالکوٹ

گورنر خیبر پختونخوا کا سانحہ سوات کے متاثرہ خاندان سے اظہار ہمدردی

مردان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع مردان کے علاقے رستم کا دورہ کیا جہاں وہ دریائے سوات میں ڈوبنے والے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے۔

گورنر نے سانحہ سوات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سانحہ سوات ایک انتہائی دلخراش واقعہ تھا جس پر پوری قوم افسردہ ہے، اور متاثرہ خاندان کے غم میں ہم برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو اللہ تعالیٰ صبر اور حوصلہ عطا فرمائے۔

گورنر نے صوبائی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم نے سوات سانحہ پر ان کی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ دیکھا۔

فیصل کریم کنڈی نے دریائے سوات میں پیش آنے والے واقعے کو صوبے میں سیاحتی سہولیات پر ایک بڑا سوالیہ نشان قرار دیا۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ سوات کی غیر جانبدارانہ انکوائری ہونی چاہئے تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔

گورنر نے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم اور چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات میں سفارش کی ہے کہ سانحہ سوات کے متاثرین کو وفاقی حکومت مالی امداد فراہم کرے اور جانیں بچانے والے بہادر جوانوں کو سول ایوارڈ دیے جائیں۔