وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے ضلع خیبر کے جمرود میں “مرجرڈ ایریاز ڈیجیٹل کنیکٹ” پروگرام کا افتتاح کیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر فہد ضیاء، پروجیکٹ ڈائریکٹر شعیب یوسفزئی، شمشیر آفریدی، اشفاق آفریدی، مقامی مشران اور طلبہ نے شرکت کی۔ ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ اقدام وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے وژن کا عملی اظہار ہے، جس کے تحت تعلیم، صحت اور آئی ٹی میں سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ جمرود یہ پروگرام شروع ہونے والا تیسرا مقام ہے، جبکہ مستقبل میں اسے تمام مرجرڈ اضلاع تک وسعت دی جائے گی۔
پی ڈی ایم اے کا گلیشیئر الرٹ، عوام کو خبردار رہنے کی ہدایت
خیبرپختونخوا کے گلیشیائی علاقوں میں جھیل پھٹنے کے واقعات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ادارے نے اپر اور لوئر چترال، دیر، سوات، اور اپر کوہستان کے عوام کو الرٹ رہنے اور ضلعی انتظامیہ کو حساس مقامات کی نگرانی اور انخلاء کی مشقوں کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور گاڑیوں کو تیز بہاؤ والے پانی میں لے جانے سے منع کیا گیا ہے۔ ممکنہ صورتحال میں سیاحوں کو بھی احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ این ایچ اے، ایف ڈبلیو او، اور سی اینڈ ڈبلیو کو سڑکوں کی بروقت بحالی کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔