Charsadda: Dengue Outbreak, Health Advisor Notice

چارسدہ: ڈینگی آؤٹ بریک، مشیر صحت کا نوٹس

مشیر صحت احتشام علی نے چارسدہ میں ڈینگی آوٹ بریک کا نوٹس لے لیا۔چارسدہ سے اگست میں ڈینگی کے 50 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔ڈی ایچ کیو چارسدہ میں ڈینگی آئسولیشن میں آئسولیشن وارڈ قائم کردیا گیا ہے ۔ ڈینگی سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ۔ مشیر صحت کی ہدایت پر فیلڈ ایپی ڈیمیالوجی اینڈ ٹریننگ پروگرام (FETP) اور پروونشل ڈیزیز سرویلنس اینڈ ریسپانس یونٹ (PDSRU) کے ماہرین کی ٹیم تعینات کردی گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے مشیر صحت کو فیلڈ وزٹ رپورٹ پیش کردی۔ یہ رپورٹ ڈسٹرکٹ ڈیزیز پریوینشن اینڈ ریسپانس یونٹ (DDPRU) چارسدہ کی ٹیم نے بی ایچ یو راجڑ، امیر آباد محمد زئی اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد تیار کی۔رپورٹ میں بی ایچ یو راجڑ، امیر آباد محمد زئی اور قریبی علاقے ڈینگی ہاٹ اسپاٹ قرار دیے گئے۔

رپورٹ کے مطابق گھروں میں لاروا کی موجودگی پائی گئی، فوری طور پر بریڈنگ سائٹس ختم کی گئیں اور لاروا تلف کیا گیا۔یونین کونسل کے لیے ہنگامی سرویلنس پلان بنایا گیا، جس میں ہیلتھ فسیلٹی انچارج کو ٹیم لیڈر اور تین ایریا انچارجز کو سپروائزر مقرر کیا گیا، یہ ٹیم  لیڈی ہیلتھ ورکرز کی ٹیموں کے ساتھ گھر گھر جا کر سرویلنس اور آگاہی فراہم کریں گے۔رجڑ بازار کے قریب کچرا پھینکنے کی بڑی جگہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کے لیے خطرناک قرار دی گئی۔ ٹی ایم اے چارسدہ کو فوری صفائی، مستقل مہم اور مؤثر ویسٹ ڈسپوزل کی ہدایت دی گئی۔دیگر محکموں خصوصاً محکمہ تعلیم کو ڈینگی کی روک تھام میں شامل کیا جائے ۔ اسکولوں کے پانی کے ذخائر تعطیلات کے دوران خالی اور صاف کیے جائیں۔

Pakistan has successfully test-fired Babar GLCM cruise missile

پاکستان نے کروز میزائل بابر جی ایل سی ایم کا کامیاب تجربہ کر لیا

پاکستان نے کروز میزائل بابر جی ایل سی ایم کا کامیاب تجربہ کر لیا۔  جس کے بعد اب پاکستان زمین، فضا اور سمندر سے ایٹمی ہتھیار داغنے کی صلاحیت حاصل کرنے والے چند ممالک کی فہرست میں شامل ہو گیا ہے۔ یہ تکنیک سیکنڈ اسٹرائیک کیپبیلٹی کہلاتی ہے مطلب دشمن کا پہلا وار ہونے کے بعد بھی بھرپور جوابی وار دینا ممکن ہوا۔ بابر میزائل اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس ہے۔  جس کو ریڈار پر تلاش کرنا تقریباً ناممکن ہے۔ یہ کم بلندی پر اڑتے ہوئے اپنا راستہ بدل سکتا ہے اور ہدف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس سے کسی بھی اینٹی میزائل سسٹم کے لئے اسے مار گرانا نہ ہونے کے برابر ہے۔

Mardan: A solemn ceremony was held in Government School Londkhor in connection with Independence Day "Battle of Right".

مردان: یومِ آزادی”معرکۂ حق”کے سلسلے میں گورنمنٹ سکول لونڈخوڑ میں پروقار تقریب

یومِ آزادی اور “معرکۂ حق” کی تقریبات کے سلسلے میں گورنمنٹ پرائمری اسکول غنو ڈھیری، لونڈخوڑ میں پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر عالم زیب نے محکمۂ تعلیم کے افسران کے ہمراہ شرکت کی۔ طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کر کے جدوجہدِ آزادی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مقررین نے اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے پر زور دیا۔ ضلعی انتظامیہ مردان نے تقریبات میں عوام اور تعلیمی اداروں کی بھرپور شرکت کو سراہا۔

Message of Governor Khyber Pakhtunkhwa on the occasion of International Youth Day

عالمی یوم نوجوانان  کے مو قع پر گورنر خیبر پختونخوا کا پیغام

گورنر خیبرپختونخوا  فیصل کر یم کنڈی کا کہنا تھا کہ نوجوان ملکی ترقی کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔ نوجوان قومی یکجہتی اور خوشحالی کے ضامن ہیں۔نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے یکساں مواقع ملنے چاہئیں۔روشن مستقبل کے لیے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہوگا۔ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کارلانے کیلئے گورنرہاوس جامع اقدامات اٹھا رہا ہے۔  بحیثیت گورنرخیبر پختونخوا یوتھ انگیجمنٹ میری بنیادی ترجیحات و ایجنڈا  میں شامل ہے۔ گورنر ہاؤس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ کے نوجوانوں کو اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔گورنر ہاؤس کیجانب سے باصلاحیت نوجوانوں کی تعلیم،کھیل، ہنر سمیت تمام شعبوں میں مکمل سرپرستی و حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔

Conducting a training session to develop Khyber investigative affairs on modern lines

خیبرتفتیشی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تربیتی سیشن کا انعقاد

خیبرتفتیشی امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے   تربیتی سیشن کا انعقادکیا گیا ۔  تفتیشی نظام کو مزید مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے  ایک خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیا گیا۔سیشن میں ڈی ایس پی انویسٹیگیشن عابد خان، ڈی ایس پی باڑہ سرکل سوالزر خان، تمام ایس ایچ اوز، تفتیشی افسران اور چوکیات انچارج نےشرکت کی۔ اس موقع پر جدید تفتیشی طریقہ کار، شواہد کے تحفظ، مقدمات کی مؤثر پیروی اور جرائم کی تفتیش میں سائنسی طریقوں کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ایس پی انویسٹیگیشن روح الامین نے کہا کہ ڈی پی او خیبر کی واضح احکامات پر اب ہفتہ وار زیرِ التوا مقدمات کی تفتیش کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ خراب کارکردگی کے حامل افسران کے خلاف قانونی کارروائی اور جواب طلبی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مؤثر اور شفاف تفتیش ہی انصاف کی فراہمی کی بنیاد ہے، اور خیبر پولیس اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے عوام کو بروقت اور شفاف انصاف فراہم کرنے کیلئے  پرعزم ہے۔

"Jashan Azadi" function was organized in Government Girls High School Khanpur

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خان پور میں ’’جشن آزادی‘‘ کی تقریب منعقد ہوئی

اسسٹنٹ کمشنر خان پور ڈاکٹر تزئین ظفر نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول منگ  میں منعقدہ ”معرکہ حق – یومِ آزادی” تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں طالبات نے ولولہ انگیز تقاریر، ملی نغمے اور ثقافتی پروگرام پیش کیے۔ جن میں آزادی کی اہمیت اور شہداء کی قربانیوں کو اجاگر کیا گیا۔ طلباء نے دلکش بینرز اور پاکستانی پرچم تیار کیے۔ اسسٹنٹ کمشنر خان پور نے طالبات کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور اساتذہ و طلباء کو شاندار انتظامات پر خراجِ تحسین پیش کیا۔یومِ آزادی کی خوشیاں، سرسبز پاکستان کے عزم کے ساتھ  اسسٹنٹ کمشنر خان پور ڈاکٹر تعظیم ظفر نے ہمراہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسر ہری پور کے شجرکاری مہم کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول منگ میں پودے بھی لگائے۔

The Independence Day celebration was organized under the supervision of District Administration Mansehra Khyber Pakhtunkhwa

ضلعی انتظامیہ مانسہرہ خیبر پختونخوا کی نگرانی میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا

صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں، ضلعی انتظامیہ مانسہرہ اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کی نگرانی میں ہفتہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات بھرپور طریقے سے منائی جا رہی ہیں۔اسی سلسلے میں آج گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ مانسہرہ میں ایک نہایت اہم اور مفید سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا موضوع تھا:”سائبر سیکیورٹی اور اہم انفراسٹرکچر کا تحفظاس سیشن میں مہمان مقرر انجینئر عباس خان نے خصوصی شرکت کی اور طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مواصلات ، توانائی اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو سائبر حملوں سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے نہایت قیمتی معلومات فراہم کیں۔

انہوں نے شرکاء کو بتایا کہ جدید دنیا میں سائبر سیکیورٹی کتنی اہمیت اختیار کر چکی ہے اور ریاستی اداروں کی تنصیبات کے دفاع میں اس کا کلیدی کردار ہے۔ سیشن کے دوران یہ بھی اجاگر کیا گیا کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ہماری مسلح افواج کی تکنیکی برتری کس طرح فیصلہ کن ثابت ہوئی۔طلبہ نے سیشن میں گہری دلچسپی لی اور مختلف سوالات کے ذریعے اپنے علم میں اضافہ کیا۔ یہ تقریب ہفتہ جشن آزادی اور معرکہ حق کی تقریبات کا ایک اہم حصہ تھی جس کا مقصد نوجوانوں میں قومی شعور، تکنیکی آگاہی، اور حب الوطنی کو فروغ دینا ہے۔

Launch of paid internship for certified skilled youth

سند یافتہ ہنر مند نوجوانوں کیلئے  پیڈ انٹرن شپ کا آغاز

خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے غریب اور بے روزگار سند یافتہ ہنر مند نوجوانوں کی خود کفالت اور باوقار روزگار کے لیے انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے خود روزگاری (Self- Employment) کیلئے  مالیاتی گرانٹ کی فراہمی کر دی ہے اور سند یافتہ ہنرمند نوجوانوں کیلئے  پیڈ انٹرن شپ (Paid Internship) کا بھی آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفرمیشن پراجیکٹ (KP- RETP) کے زیر نگرانی اور خیبر پختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (KP- TEVTA) کی وساطت سے پیشہ ورانہ مہارت کے حامل اور حال ہی میں تکنیکی اداروں (بالخصوص کے پی ٹیوٹا) کے فارغ التحصیل سند یافتہ ہنر مند نوجوانوں بشمول خواتین سے پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر آن لائن درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔

 ٹیوٹا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شرائط پر پورا اترنے والے ہنرمند نوجوانان و خواتین ویب سائٹ repta.kptevta.pk پر اشتہار ہذا کی اشاعت کے دن تک آن لائن اپلائی کر سکتے ہیں۔ اعلامیے کے مطابق شرائط و ضوابط مندرجہ ذیل ہیں۔

1) درخواستیں پہلے آئیں اور پہلے پائیں کی بنیاد پر قبول کی جائیگی۔

2) درخواست گزار خیبرپختونخوا کا ڈومیسائل ہولڈر مستقل رہائشی ہو۔

3) متعلقہ شعبہ میں ٹریڈ ٹیسٹنگ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، انجینئرنگ یونیورسٹی یا پاکستان بھر سے کسی بھی کسی بھی حکومتی مستند ادارے سے سال 2023 یا بعد کا سندیافتہ ہو۔

4) بی آئی ایس پی ڈیٹا بیس میں رجسٹرڈ اور غربت اسکور (40-0) ہو۔

5) عمر کی حد 18 سے 29 سال ہے۔ 6) طبی طور فٹ ہو۔ 7) 50 فیصد کوٹہ خواتین کیلئے مختص ہے۔

اعلامیہ کیمطابق اہل امیدوار صرف ایک کیٹیگری(خود روزگاری کیلئے ابتدائی مالی معاونت یا پیڈ انٹرن شپ) کے لیے درخواست جمع کرے گا۔

Abbottabad: Open court held for solving public problems

ایبٹ آباد: عوامی مسائل کے حل کیلئے  کھلی کچہری کا انعقاد

ڈی پی او ایبٹ آباد عمر طفیل PSP کی خصوصی ہدایات پر ایبٹ آباد پولیس کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں میرپور ہائی سکول میں ایک  کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس کھلی کچہری کی صدارت ایس پی کینٹ ڈویژن راجہ محبوب نے کی۔ اس موقع پر ڈی ایس پی سراج خان، ایس ایچ او طاہر سلیم خان اور عوام الناس  سمیت معززین و اہلیان علاقہ  نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے علاقے میں درپیش جرائم، اور دیگر سماجی و عوامی مسائل پر روشنی ڈالی اور پولیس کو اپنی تجاویز و شکایات سے آگاہ کیا۔

ایس پی کینٹ راجہ محبوب نے تمام شرکاء کی شکایات اور تجاویز کو بغور سنا اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد پولیس عوام کے تعاون سے علاقے کو منشیات اور جرائم سے پاک بنانے کے لیے پرعزم ہے ،ایبٹ آباد پولیس کی یہ عوامی رابطہ مہم آئیندہ بھی جاری رہے گی تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف اور تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

Abbottabad: A function was organized in Mardana Schools in connection with Independence Day

ایبٹ آباد: جشن آزادی کے سلسلے میں مردانہ سکولز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا

معرکہ حق اورجشن آزادی کے سلسلے میں ایبٹ آباد کے مردانہ سکولز کی پروقار رنگا رنگ افتتاحی تقریب ہائی سکول نمبر تین میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان ،ضلعی آفیسر محکمہ تعلیم مردانہ افتخار الغنی،ڈپٹی ڈی ای او نصیر خان تنولی،پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ظفر ارباب عباسی،پرنسپل ہائی سکول نمبر دو بختیار خٹک،پرنسپل ہائی سکول نمبر ون طارق ثمر کے علاوہ واسا افسران،اساتذہ کرام اور طلباء بھی شریک تھے۔تقریب میں طلباء نے پی ٹی مارچ اور ڈرل کا مظاہرہ کرکے حاضرین سے داد وصول کی جب کہ طلباء نے  جذبہ حب الوطنی سے لبریز  تقاریر،ملی نغمے اور ثقافتی پروگرام بھی پیش کرکے داد حاصل کی اور مختلف سکولز کیطلباء کا  کوئز مقابلہ بھی کروایا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناء اللہ خان کا کہنا تھا ملک بھر کی طرح ایبٹ آباد میں آپریشن بنیان المرصوص میں شاندار کامیابی اور ازلی دشمن بھارت کو شکست ملنے پر معرکہ حق جشن  آزادی کو منانے کے لئے تقریبات جاری ہیں۔ہمارا ازلی دشمن پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لئے ہمیشہ تاک میں رہتا ہے۔لیکن پاک فوج ان کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لئے ہمہ وقت تیار  ہے۔انہوں نے  اس بات پر زور دیا ہے کہ طلباء اپنی ہم نصابی سرگرمیوں کے ساتھ تعلیم پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کریں تاکہ مستقبل میں ملک اور قوم کی صیح معنوں میں خدمت کر سکیں۔

قبل ازیں ضلعی ایجوکیشن آفیسر افتخار الغنی نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ معرکہ حق جشن آزادی کی تقریبات 14 اگست تک جاری رہیں گی۔ان تقریبات میں ملی نغموں،تقاریر سمیت دیگر ہم نصابی سرگرمیوں کے مقابلوں کی آخری تقریب صوبائی سطح پر منعقد کی جائے گی۔پرنسپل ہائی سکول نمبر تین ظفر ارباب عباسی نے میٹرک کے سالانہ شفاف  امتحان میں سکول کے طلباء کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ان کا مذید کہنا تھا اگر اسی طرح شفاف امتحانات کا سلسلہ برقرار رہا تو سرکاری سکول کے طلباء کبھی مایوس نہیں کریں گے۔ تقریب کے اختتام پر ایس آر ایس پی کے ریجنل منیجر زبیر انور کی جانب سے طلباء کو تعریفی اسناد اور مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔تقریب میں جشن آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا۔