کے ایم یو کا ضلع بونیر میں سب کیمپس کے قیام کا اعلان
بونیر: خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے ضلع بونیر کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے سب کیمپس کے قیام کا اعلان کیا۔
وائس چانسلر نے کہا کہ نئے کیمپس کا مقصد ضلع بونیر کے عوام کو ان کی دہلیز پر معیاری طبی تعلیم اور صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ابتدائی طور پر یہاں ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، نرسنگ، بی ایس آڈیالوجی، بی ایس آکوپیشنل تھراپی، بی ایس سپیچ اینڈ لینگویج پیتھالوجی، بی ایس ویژن سائنسز، بی ایس نیوٹریشن اور دیگر الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے پروگرام شروع کیے جائیں گے۔ کلاسز اکتوبر/نومبر 2025 سے باقاعدہ آغاز ہوں گی۔
وائس چانسلر نے بونیر میں تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پیر بابا اور قریبی سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی معائنہ کیا، جہاں کے ایم یو کی موبائل لیبارٹری اور بارہ رکنی کوالیفائیڈ سٹاف موجود تھا۔ اس لیبارٹری میں ہیضہ، ڈینگی، ملیریا، کووڈ-19، چکن گونیا، ہیپاٹائٹس، ٹائیفائیڈ، انفلوئنزا، جلدی امراض اور گلے کے انفیکشن سمیت تمام تشخیصی سہولیات موجود ہیں۔
اس کے علاوہ، کے ایم یو نے ضلع بونیر میں ایک فری میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا، جہاں مستند ڈاکٹروں کی مشاورت، تشخیصی سہولیات اور ادویات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ اس کیمپس کے قیام سے نہ صرف پسماندہ علاقوں کے طلباء اور والدین کے تعلیمی اخراجات میں کمی آئے گی بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع اور بہتر طبی خدمات بھی دستیاب ہوں گی۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے امبریلا ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سسٹم کے تحت نور نرسنگ کالج کی گریجویشن تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت اور ظفر ثانی ہسپتال ڈگر کا دورہ بھی کیا۔