مانسہرہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا، ذوالفقار حمید کی خصوصی ہدایات پر ریجنل پولیس آفیسر ناصر محمود ستی کی زیر نگرانی ہزارہ ریجن کے تمام اضلاع کے پولیس اہلکاروں کے لیے پولیس ٹریننگ سکول مانسہرہ میں (ملکی و غیر ملکی) سیاحوں کے ساتھ دورانِ ڈیوٹی بہتر رویے اور اخلاقیات سے متعلق دو روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ایس پی سٹی مانسہرہ ریشم جہانگیر نے پولیس اہلکاروں کے مثالی رویے اور اخلاقیات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انکو اپنی ڈیوٹی کے دوران پروفیشنلزم اور فورس کے ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور مددگار رویہ نہ صرف پولیس کا مثبت تاثر قائم کرتا ہے بلکہ ملک کی سیاحت کو فروغ دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔تربیتی ورکشاپ میں اہلکاروں کو سیاحوں کے ساتھ بات چیت کے آداب، پیشہ ورانہ انداز اختیار کرنے اور دورانِ ڈیوٹی درپیش ممکنہ چیلنجز سے نمٹنے کے بارے میں تفصیلی رہنمائی دی گئی۔ یہ بھی واضح کیا گیا کہ پولیس کا اچھا رویہ سیاحوں میں تحفظ اور اعتماد کا احساس پیدا کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیاحوں کیساتھ پولیس آفیسر خوش اسلوبی اور شائستگی سے بات کریں اور سیکیورٹی کے حوالے سے سوالات جوابات کریں اور ضروری کوائف طلب کریں غیرضروری سوالات اور بات چیت سے گریز کریں۔ اس حوالے سے ڈی آئی جی ہزارہ ناصر محمود ستی نے کہا کہ اس ورکشاپ کا مقصد دنیا بھر سے آنیوالے سیاحوں میں خیبرپختونخواہ کو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش اور محفوظ بنانا ہے۔ مستقبل میں بھی ایسے ورکشاپ اور ٹریننگ کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ پولیس اہلکاروں کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جاسکے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا نو تعینات امریکی قونصل جنرل سےملاقات
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پشاور میں نو تعینات امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ کی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی قونصل جنرل تھومس ایکرٹ کو پشاور تعیناتی پر مبارکباد پیش کی ۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ عوامی تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے امریکی قونصل جنرل کو صوبہ کے قدرتی وسائل پر سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کیا۔ پاک امریکہ دوطرفہ سفارتی تعلقات کی ایک تاریخ ہے۔ امریکہ کے پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں ترقیاتی شراکتداری کے منصوبوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ امریکن حکومت صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں پر سرمایہ کاری میں تعاون بڑھائے۔ صوبہ کے نوجوان تمام شعبوں بالخصوص کھیل کے میدان میں کمال صلاحیت رکھتے ہیں۔ ترقیاتی شراکتدار دوست ممالک کیساتھ ملکر اپنے نوجوانوں کو کھیل سمیت تمام شعبوں میں آگے لانا چاہتے ہیں۔ خیبرختونخوا کو اس وقت دہشتگردی اور ماحولیاتی تبدیلی کے بڑے چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ خیبرپختونخوا بالخصوص جنوبی اضلاع میں زرعی شعبہ پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ جنوبی اضلاع کی لاکھوں ایکڑ بنجر اراضی کو کاشت کے قابل بنا کر زرعی شعبہ میں انقلاب لایا جا سکتا ہے۔ ملاقات میں امریکن قونصل جنرل نے مہمان نوازی پر گورنر خیبرپختونخوا کا شکریہ ادا کیا۔۔ امریکن قونصل جنرل کا مختلف شعبوں میں تعاون اور شراکتی منصوبوں کو بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا
پشاور: ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن
پشاور: ہشتنگری میں تجاوزات کے خلاف میگا کریک ڈاؤن، سینکڑوں دکانوں کی غیر قانونی تعمیرات مسمارکر دی گئی۔ مشینری کے ذریعے تھڑے، چجھے اور دیگر تجاوزات ختم۔ ضلعی انتظامیہ کی نگرانی میں سی ایم جی، پولیس، ٹریفک پولیس اور سول ڈیفنس کی مشترکہ کارروائی کی۔ شہریوں کے حقوق کے تحفظ اور راستوں کی بحالی کے لیے ضلعی انتظامیہ پرعزم ہے۔ تجاوزات ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولیات میں رکاوٹ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) ثنا ء اللہ خان کا کہنا تھا زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت بلا تفریق کارروائی جاری رہے گی۔ عوامی حلقوں کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو بھرپور پذیرائی۔
چیف سیکرٹری کی زیرِ صدارت کاروبارسے متعلق اجلاس
چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کی زیرِ صدارت کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ حال ہی میں منظور شدہ ”خیبرپختونخوا آسان کاروبار بل 2025“ کے تحت صوبے میں کاروبار کے عمل کو جدید، شفاف اور آسان بنانے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منگل کو منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری محکمہ خزانہ، محکمہ انڈسٹری، بورڈ آف انوسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ اور خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں نئے قانون کے اصلاحات متعارف کرنے اور کاروباری افراد کو “ون ونڈو آپریشن” کی سہولت دینے اور اس حوالے سے پورٹل کے قیام پر بریفنگ دی گئی۔ پورٹل کے ذریعے تمام چھوٹے بڑے کاروبار رجسٹر کئے جائیں گے۔ اور کاروباری امور جیسے رجسٹریشن، لائسنس، پرمٹس اورادائیگیاں آن لائن اورای پیمنٹ کے ذریعے ممکن بنائی جائیں گی۔ ان اقدامات سے کاروباری ماحول میں بہتری، سرمایہ کاری میں اضافہ اورنوجوانوں کیلئے روزگارکے نئے مواقع پیدا ہونگے۔ چیف سیکرٹری نے اس حوالے سے کام مزید تیز کرنے پر زور دیا اور کاروباری ماحول کو آسان اور اس حوالے سے امور کی ڈیجیٹائزیشن کو صوبے کی معیشت کیلئے ناگزیر قرار دیا۔