Chief Secretary Khyber Pakhtunkhwa chaired a meeting of Provincial Task Force for Polio Prevention

صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کا اجلاس

چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں ڈویژن کے اضلاع میں پولیو کی صورتحال اور اس کے خاتمے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں 15 ستمبر سے شروع ہونے والی سب نیشنل امیونائزیشن مہم کے دوسرے مرحلے کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا گیا جو بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے سات اضلاع کے ساتھ ساتھ باجوڑ اور کرم کے بعض علاقوں میں چلائی جائے گی۔اس موقع پر چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ جنوبی اضلاع میں پولیو کے خاتمے کے لئے خاص توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال خیبر پختونخوا میں 16 بچے پولیو کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق جنوبی اضلاع سے ہے۔انہوں نے کہا کہ ”ہم اپنے بچوں کو اس معذور کردینے والے وائرس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ پولیو کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ معذوری نہ صرف خاندانوں بلکہ پورے معاشرے پر عمر بھر کا بوجھ ہے۔ حکومت اس وائرس کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور میں ضلعی انتظامیہ، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز پر زور دیتا ہوں کہ ایسی مربوط حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے کہ کوئی بھی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے اور ہر بچے کی صحت کا تحفظ یقینی ہو“۔
اجلاس میں کوآرڈینیٹرصوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) شفیع اللہ خان نے مہم کی تیاریوں پر بریفنگ دی اورٹاسک فورس کو بتایا گیا کہ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کے تمام سات اضلاع میں رواں سال پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونے سامنے آئے ہیں اور مجموعی مثبت شرح 54 فیصد ہے۔ جولائی کے دوران ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کے مثبت ہونے کی شرح ٹانک میں 85.7 فیصد، جنوبی وزیرستان لوئر 75 فیصد، جنوبی وزیرستان اپر71 فیصد اور بنوں 64 فیصد رہی جوان علاقوں میں وائرس کی مسلسل موجودگی کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ 2023 سے 2025 تک ماحولیاتی سرویلنس میں مثبت نمونوں کی شرح میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ چیف سیکرٹری امیونائزیشن روڈ میپ ” پر کام کا آغاز ہو چکا ہے جو 2027تک صوبے میں بچوں کی 90 فیصد مکمل ویکسینیشن کا ہدف رکھتا ہے۔ 2022 سے اب تک ویکسینیشن میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے، تاہم مختلف اضلاع میں شرح مختلف ہے۔ کچھ ہائی رسک اضلاع میں یہ 70 فیصد، بعض میں 70 سے 79 فیصد اور بہتر کارکردگی والے اضلاع میں 80 سے 89 فیصد ہے۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ دور افتادہ اور ہائی رسک علاقوں تک رسائی، فرنٹ لائن ورکرز کو سہولت فراہم کرنے، عوام کا اعتماد جیتنے اور سخت نگرانی کویقینی بنایاجائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر کمیونٹی کی شمولیت اور مضبوط انتظامی اقدامات ہی 90 فیصد ویکسینیشن ہدف حاصل کرنے اور بچوں کو ہمیشہ کے لیے پولیو سے بچانے کا واحد راستہ ہے۔
Action against chemical threading and kite flying

کیمیکل دھاگوں اور پتنگ بازی کے خلاف کارروائی

کمشنر مردان ڈویژن نثار احمد کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاٹلنگ سحر انور نے پتنگ بازی میں استعمال ہونے والے خطرناک کیمیکل دھاگوں کی فروخت اور استعمال کے خلاف سخت کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران متعدد دکانوں اور ہول سیل مارکیٹوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں سے بڑی مقدار میں کیمیکل دھاگے اور پتنگیں برآمد کر کے ضبط کر لی گئیں۔ دکانداروں کو واضح طور پر تنبیہ کی گئی کہ ان ممنوعہ اشیاء کی فروخت ناقابلِ برداشت ہے کیونکہ یہ انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کیمیکل دھاگوں اور پتنگ بازی پر مکمل پابندی کے نفاذ کو یقینی بنایا جائے گا، اور اس سلسلے میں آئندہ بھی بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

Prevention of release of bogus sums

بوگس سموں کے اجراء کی روک تھام

ڈپٹی کمشنر مردان کی ہدایت پر آج ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جناب عید نواز شیرانی کی زیر صدارت موبائل نیٹ ورک فرنچائزز کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں یوفون، جاز، ٹیلی نار اور زونگ سمیت بڑی کمپنیوں کے حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈی ایس پی سٹی مردان نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا عوام کو سم کارڈ کے اجراء میں درپیش مسائل کے حل اور اس عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔ اجلاس میں مجوزہ حل پر تفصیل سے بات چیت کی گئی اور موجودہ نظام میں پائے جانے والے چیلنجز اور خامیوں کا جائزہ لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام اسٹیک ہولڈرز کو بوگس سموں کے اجراء سے ہر حال میں بچنے کی سخت ہدایات جاری کیں اور بائیو میٹرک تصدیق کے طریقہ کار پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی قسم کی غفلت یا خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اور موبائل فرنچائزز باہمی تعاون کو مزید مضبوط کریں گے تاکہ سموں کے غلط استعمال کی حوصلہ شکنی کی جا سکے اور مجموعی سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

Inauguration of Online Citizen Mobile App of Khyber Pakhtunkhwa Police

خیبرپختونخوا پولیس کا آن لائن سٹیزن موبائل ایپ کا افتتاح

انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس نے منگل کے روز صوبے کے شہریوں کے لیے آن لائن سٹیزن موبائل ایپ کا افتتاح کیا ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سہولیات کے لیے گھر بیٹھے درخواست دے سکیں گے۔ ان خدمات کو شفاف اور محفوظ بنانے کے لیے نادرا ای سہولت بھی شامل کی گئی ہے، جو نہ صرف صوبے کے تمام پولیس سہولت مراکز پر بلکہ نادرا ای سہولت آؤٹ لٹس پر بھی بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرے گا۔ واضح رہے کہ نادرا ای سہولت خدمات کے سلسلے میں خیبرپختونخوا پولیس اور نادرا ٹیکنالوجیز لمیٹڈ کے درمیان معاہدہ 15 اپریل 2025 کو طے پایا تھا، جس کے بعد اب یہ جدید سہولت باقاعدہ طور پر عوام کے لیے دستیاب کر دی گئی ہے۔

Charsadda: Dengue Prevention Awareness Walk

چارسدہ: ڈینگی سے بچاؤ کے لیے آگاہی واک کا انعقاد

ڈینگی وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل کے اسکاؤٹس کی جانب سے ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک کی قیادت پرنسپل محمد شعیب اور ڈپٹی ڈی او شمس الاسلام نے کی، جبکہ اسکاؤٹس ٹیم انچارج محمد علی عارف کی نگرانی میں طلبہ نے تاجروں اور شہریوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے پمفلٹس تقسیم کیے۔ واک کے دوران طلبہ نے احتیاطی تدابیر درج پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی کے خلاف حفاظتی اقدامات ضرور اپنائیں۔ ڈپٹی ڈی او شمس الاسلام نے اس موقع پر کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ڈینگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں اسکول طلبہ کے ذریعے آگاہی مہم زور و شور سے جاری ہے تاکہ عوام کو ڈینگی سے محفوظ رکھنے کے لیے شعور بیدار کیا جا سکے۔ عوام پر زور دیا گیا کہ کھڑے پانی کے خاتمے اور اردگرد کے ماحول کی صفائی پر خصوصی توجہ دیں تاکہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔