Pak KSA Agreement

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اسٹریٹجک دفاعی معاہدہ

ریاض/اسلام آباد – وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورۂ سعودی عرب کے دوران پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے (SMDA) پر دستخط کر دیے۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق کسی ایک ملک کے خلاف جارحیت کو دونوں ممالک کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔ اس معاہدے کا مقصد دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور مشترکہ دفاعی صلاحیتوں کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ سعودی عرب اور پاکستان کی آٹھ دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، جو مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون پر مبنی ہے۔ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی بڑھانے اور خطے و دنیا میں امن کے فروغ کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کے درمیان باضابطہ مذاکرات ہوئے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ فریقین نے تاریخی و اسٹریٹجک تعلقات اور باہمی دلچسپی کے موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔

اعلامیے کے مطابق یہ معاہدہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو ایک نئی بلندی پر لے جانے والا سنگ میل ہے۔ آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس معاہدے کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ معاہدے کے تحت پاکستان اب حرمین شریفین کے تحفظ میں سعودی عرب کا باضابطہ پارٹنر بن گیا ہے۔

ABC

لوئر چترال میں فلش فلڈ، روڈ متاثر، دو گاڑیاں سیلابی ریلے میں بہہ گئیں

گزشتہ شب شدید گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں چترال کے علاقوں بلپھوک غوریر اور مارخور ویو پوائنٹ نالے میں فلش فلڈ آیا جس سے چترال گرم چشمہ روڈ متاثر ہوا۔

سیلابی ریلوں کے باعث روڈ کے دونوں اطراف مسافر گاڑیاں پھنس گئیں۔ ڈسٹرکٹ انتظامیہ، این ایچ اے، سی اینڈ ڈبلیو، چترال لیویز اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ریسکیو اہلکار مریضوں اور مسافروں کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان بلال احمد فیضی کے مطابق فلش فلڈ میں دو 4×4 جیپ گاڑیاں بہہ گئیں، تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

SSP Investigation Aisha Gul

ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور عائشہ گل نے چارج سنبھال لیا

نو تعینات ایس ایس پی انوسٹی گیشن پشاور عائشہ گل نے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد عوام کو انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیشی شعبے میں شفافیت، پیشہ ورانہ مہارت اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔

عائشہ گل نے مزید کہا کہ ہر کیس کی غیر جانبدارانہ اور فوری تفتیش کی جائے گی تاکہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلائی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو انصاف دلانے کے معاملے میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

KMU Language trainings Initiated

خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں غیر ملکی زبانوں کے پروگرام کا آغاز

خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور نے اپنے طلبہ کو غیر ملکی زبانیں سکھانے کے پروگرام کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے تعاون سے شروع کیے گئے اس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں جرمن، عربی اور انگریزی زبانوں کی کلاسز دی جائیں گی۔

ڈاکٹر حفیظ اللہ آڈیٹوریم میں منعقدہ اورینٹیشن تقریب میں بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق مہمانِ خصوصی جبکہ نمل کے ریجنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سیف الرحمن ملک اعزازی مہمان تھے۔

پہلے بیچ میں جرمن زبان کے 57، انگلش کے 25 اور عربی کے 17 طلبہ نے داخلہ لیا ہے۔ ان پروگرامز کا مقصد طبی علوم کے طلبہ کو لسانی رکاوٹوں سے نجات دلا کر مریضوں کے ساتھ مؤثر رابطے کے قابل بنانا اور بیرونِ ملک ملازمت کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے کہا کہ دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور بین الاقوامی زبانوں پر عبور وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اضافی زبانوں کا علم نہ صرف بہتر ابلاغ کے لیے ضروری ہے بلکہ ملازمت کے مواقع بڑھانے اور پیشہ ورانہ ترقی کے لیے بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔

بریگیڈیئر (ر) ڈاکٹر سیف الرحمن نے کہا کہ زبان صرف ابلاغ کا ذریعہ نہیں بلکہ شخصیت نکھارنے اور صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا ایک مؤثر فن ہے، جو مشق سے مزید نکھرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ پروگرام ہمارے طبی عملے کے لیے روزگار کے نئے دروازے کھولے گا اور وہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کریں گے۔