خیبرپختونخوا میں پہلی بار ہسپانوی ثقافتی رقص فلیمنکو کا شاندار مظاہرہ
خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ہسپانوی ثقافتی رقص فلیمنکو کا پُرکشش مظاہرہ نشترہال پشاور میں منعقد کیا گیا۔ جو اپنی نوعیت کا پہلا ایونٹ تھا۔ دنیا بھر میں فلیمنکو کا مظاہرہ کرنے والے بین الاقوامی ہسپانوی فنکاروں نے پشاور میں شاندار پرفارمنس پیش کی، جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں اور فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ فنکاروں نے پاکستان کو مہمان نواز اور پُرامن ملک قرار دیتے ہوئے عوام کی محبت اور پذیرائی کو سراہا۔ سیکرٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بین الثقافتی ایونٹس سے پاکستان اور اسپین کے عوام کو ایک دوسرے کی ثقافت کو سمجھنے اور جاننے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی کوششوں سے آج خیبرپختونخوا میں عالمی سطح کے ثقافتی پروگرام منعقد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جشنِ خیبر میلہ بھی جلد شاندار انداز میں منعقد کیا جائے گا۔
سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد نمایاں کمی
ملک بھر میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے، اور آج بھی فی تولہ سونا 14 ہزار روپے سستا ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، سونے کی فی تولہ قیمت 14 ہزار روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 16 ہزار 362 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 12 ہزار 3 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 56 ہزار 963 روپے کا ہوگیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 140 ڈالر کمی کے بعد 3,940 ڈالر فی اونس ریکارڈ کیا گیا۔ 17 اکتوبر 2025 کو فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 56 ہزار 900 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچی تھی، تاہم گزشتہ 11 روز کے دوران سونا 40 ہزار 500 روپے سستا ہوچکا ہے۔
وزیرِاعظم کا دورہ سعودی عرب مکمل، اقتصادی تعاون کے نئے فریم ورک کا آغاز
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہءِ سعودی عرب مکمل کرنے کے بعد ریاض سے اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ ریاض کے نائب گورنر شہزادہ محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز نے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیرِ اعظم اور پاکستانی وفد کو الوداع کہا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کے فریم ورک کا آغاز کیا گیا۔ یہ فریم ورک دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں ایک نئے باب کا سنگ میل ہے، جو توانائی، صنعت، کان کنی، آئی ٹی، سیاحت، زراعت اور غذائی تحفظ سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دے گا۔
وزیرِ اعظم اور سعودی قیادت کے درمیان ہونے والی بات چیت میں توانائی کے شعبے میں جاری منصوبوں، بجلی کی ترسیل کے معاہدے اور باہمی مفاہمتی یادداشتوں پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ محمد شہباز شریف نے فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹیو کی 9ویں کانفرنس میں شرکت کی اور “کیا انسانیت صحیح سمت کی طرف گامزن ہے؟” کے عنوان سے منعقدہ گول میز اجلاس میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے عالمی تعاون، انسانی ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیرِ اعظم نے اپنی گفتگو میں سعودی ولی عہد کے وژن 2030 اور عالمی ترقی میں سعودی عرب کے قائدانہ کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، سیلاب کی تباہ کاریوں اور گلوبل نارتھ و گلوبل ساؤتھ کے مابین مؤثر اشتراک کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ مزید برآں، وزیرِ اعظم نے پاکستان میں نوجوانوں کی ترقی، مصنوعی ذہانت کے فروغ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں حکومتی اقدامات کا ذکر کیا۔ دورے کے دوران وزیرِ اعظم کی ورلڈ اکنامک فورم کے صدر و چیف ایگزیکٹو بورگا برینڈے سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں عالمی سرمایہ کاری، معیشت اور ترقیاتی تعاون کے امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔


