سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی
پشاور- پشاور ہائی کورٹ نے احتجاجی ریلیوں، جلسوں اور ملین مارچ میں سرکاری مشینری کے استعمال کے خلاف دائر درخواست پر چار صفحات پر مشتمل تفصیلی تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے صوبائی حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری وسائل، سرکاری اہلکاروں اور مشینری کا استعمال ہرگز نہ کیا جائے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ صوبائی حکومت سیاسی جلسوں، ملین مارچ اور احتجاجی سرگرمیوں میں سرکاری مشینری، وسائل اور سرکاری ملازمین کا استعمال کر رہی ہے، جو آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 4، 5 اور 25 کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ درخواست گزار نے یہ بھی نشاندہی کی کہ احتجاج میں استعمال ہونے والی صوبائی حکومت کی مشینری تاحال وفاق کے قبضے میں ہے، جو سرکاری وسائل کے غلط استعمال کی واضح مثال ہے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری وسائل کا سیاسی سرگرمیوں میں استعمال قومی خزانے کا ضیاع اور انتظامی اصولوں کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریاست کے لیے لازم ہے کہ وہ سرکاری تقریبات اور سیاسی سرگرمیوں میں واضح تفریق کرے، کیونکہ سیاسی مقاصد کے لیے سرکاری وسائل کا استعمال حکومت کی غیرجانبداری اور شفاف طرزِ حکمرانی پر سوالیہ نشان بنتا ہے۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ سرکاری مشینری کے استعمال سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوتی ہے اور یہ اقدام حکومتی اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں بھی آتا ہے۔
عدالت نے صوبائی حکومت سمیت تمام متعلقہ اداروں کو پابند کیا ہے کہ سیاسی سرگرمیوں میں سرکاری مشینری و وسائل کے استعمال کو ہر سطح پر روکا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔
این اے-18 ضمنی انتخاب کےلئے 24/7 مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم
پشاور- این اے-18 ہری پور کے ضمنی انتخاب کے دوران انتخابی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا میں صوبائی مانیٹرنگ کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا اور پولنگ کے عمل کے دوران کسی بھی شکایت یا بے ضابطگی کی صورت میں عوام براہِ راست کنٹرول روم سے رابطہ کر سکیں گے۔
ترجمان صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا نے بتایا کہ شہری انتخابی شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن نمبرز 091-9213214 اور 091-9222534 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ کنٹرول روم کا مقصد انتخابی عمل کو شفاف، ذمہ دارانہ اور قانون کے مطابق یقینی بنانا ہے۔
واضح رہے کہ این اے-18 ہری پور کی نشست پر پولنگ 23 نومبر 2025 کو منعقد ہوگی، جس کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ ترجمان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پُرامن ماحول میں اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری طور پر کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔
شمالی وزیرستان: خسرہ اور روبیلا ویکسینیشن مہم کا آغاز
شمالی وزیرستان میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد یوسف کریم نے مہم کا افتتاح کیا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کا واحد مؤثر حل بروقت ویکسینیشن ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ مہم میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ہر بچہ اس حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام سے فائدہ اٹھا سکے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مہم کے دوران پورے ضلع میں ہزاروں بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے، جبکہ حکومت کی اولین ترجیح بچوں کی صحت اور ضروری ویکسینیشن تک ان کی بروقت رسائی کو یقینی بنانا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا اسلام آباد ضلعی کچہری کا دورہ
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد کی ضلعی کچہری کا دورہ کرکے حالیہ بم دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا۔
انہوں نے ڈسٹرکٹ بار میں وکلاء سے ملاقات کی اور سانحے میں شہید ہونے والوں کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دھماکے کی مذمت کی۔ گورنر نے شہداء کے لیے بلندیٔ درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار چودھری نعیم گجر، وائس چیئرمین نصیر احمد کیانی، راجہ محمد شکیل عباسی، چودھری محمد عثمان اور دیگر وکلاء بھی موجود تھے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ملک میں بڑھتی ہوئی دہشتگردی تشویشناک ہے اور اس کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت پاکستان بھر کے عوام نے دہشتگردی کے خلاف بڑی قربانیاں دی ہیں اور وکلاء برادری بھی ان واقعات سے شدید متاثر ہوئی ہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور ملک میں پائیدار امن ضرور قائم ہوگا۔ گورنر نے کہا کہ ان کے دورے کا مقصد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور وکلاء برادری کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔



