Fistball

ایبٹ آباد میں فسٹبال کوچنگ کلینک کا انعقاد

ایبٹ آباد (نمائندہ خصوصی) – پاکستان فسٹبال فیڈریشن اور کے پی فسٹبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ایبٹ آباد میں ایک خصوصی کوچنگ کلینک اور ریفری ریفریشز کورس کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان فسٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین خواجہ عبدالرحمان، صدر ارسلان طارق، سیکریٹری عبداللہ خرم اور کے پی فسٹبال ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق محمود، صدر محمد صدیق، سیکریٹری ڈاکٹر چوہدری محمد اسلم خزانچی، پروفیسر ناصر محمود، پریس سیکریٹری شوکت حسین سمیت متعدد مہمانوں اور کوچنگ کلینک کے شرکاء نے شرکت کی۔

صوبائی سیکریٹری ڈاکٹر چوہدری محمد اسلم نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ فسٹبال پاکستان میں ایک نیا کھیل ہے، جو والی بال کے کھیل سے مماثلت رکھتا ہے اور نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان نسل اس کھیل کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔

سابق ڈی جی سپورٹس طارق محمود نے کہا کہ نوجوان کھیلوں کی جانب توجہ مرکوز کریں تاکہ وہ اپنے اندر چھپی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے فسٹبال میں بھی اعلیٰ مقام حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید تکنیکی تربیت کے ذریعے کھلاڑی اپنے کھیل کو مزید بہتر بنا سکتے ہیں۔

یہ کلینک نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تربیت اور بین الاقوامی معیار کے کھیل سے واقفیت فراہم کرنے کے حوالے سے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔