News

نیشنل گیمز مشعل خیبرپختونخوا سے آزاد جموں و کشمیر کے حوالے

پشاور: قیوم اسپورٹس کمپلیکس میں 35 ویں نیشنل گیمز کی اولمپک ٹارچ ریلی کے سلسلے میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند نے شرکت کی اور مشعل باضابطہ طور پر آزاد جموں و کشمیر کے نمائندوں کے حوالے کی۔

تقریب کے دوران خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار بٹ اولمپک مشعل اٹھائے اسٹیج پر پہنچے، جہاں انہوں نے سابق صوبائی وزیر کھیل سید عاقل شاہ، صدر ہارون ظفر اور دیگر اہم شخصیات کے ہمراہ مشعل مشیر کھیل تاج محمد ترند کے سپرد کی۔

تقریب سے خطاب میں بتایا گیا کہ مشعل کا یہ تاریخی سفر آزاد جموں و کشمیر سے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا نیشنل گیمز کے آغاز تک جاری رہے گا، اور آخر میں میزبان شہر کراچی میں اس کا اختتام ہوگا۔

اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا گیا کہ خیبرپختونخوا کا 480 کھلاڑیوں اور آفیشلز پر مشتمل بڑا دستہ 6 دسمبر سے کراچی میں ہونے والے 35 ویں نیشنل گیمز میں بھرپور انداز سے حصہ لے گا، جہاں صوبہ مختلف کھیلوں میں اپنی نمائندگی کرے گا۔

Cricket Tournament

زکوڑی پریمیئر لیگ سیزن 5 کا شاندار اختتام

لکی مروت (نمائندہ خصوصی) – درہ پیزو زکوڑی پریمیئر لیگ سیزن فائیو اپنے شاندار اختتام کو پہنچ گیا، جس میں لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والی پچاس سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا اور زبردست مقابلے پیش کیے۔

فائنل میچ الغازی کلب غازی خیل اور مروت زلمی ڈیرہ اسماعیل خان کے درمیان کھیلا گیا، جس میں سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد الغازی کلب نے کامیابی حاصل کر کے ٹرافی اپنے نام کر لی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی علاقے کی معروف سماجی شخصیت رضا مروت اور ملک یعقوب خان تھے۔ ہزاروں شائقین نے گراؤنڈ میں پہنچ کر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

مہمانوں اور شائقین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مروت کے نوجوان امن کے سفیر ہیں اور علاقے میں بدامنی کی کسی بھی شکل کو قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے میچ نے یہ ثابت کر دیا کہ مروت کے نوجوان اپنے کھیل کے میدانوں کے ذریعے امن و بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔

Local News

ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ جات عجائب گھر کا باقاعدہ افتتاح

ڈیرہ اسماعیل خان: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے ٹاؤن ہال میں ڈیرہ جات عجائب گھر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تقریب میں صوبائی سیکریٹری سیاحت ڈاکٹر عبدالصمد، ایم این اے فیصل امین گنڈاپور، کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفر الاسلام، ڈپٹی کمشنر عبدالناصر خان اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈیڑھ صدی پرانی عمارت میں قائم ڈیرہ جات میوزیم کی گیلریوں کا بھی افتتاح کیا گیا، جن میں ہڑپہ، گندھارا، مسلم و برطانوی نوادرات کے علاوہ سرائیکی پگڑیاں، ڈھول، چمٹّی، سوہن ہلوہ اور قبائلی تاریخ سے متعلق نوادرات نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد علاقے کی تاریخی اور ثقافتی شناخت کو محفوظ بنانا اور عوام خصوصاً نوجوان نسل کو اپنے ثقافتی ورثے سے روشناس کروانا ہے۔

Dengue patients continues to rise in KP

پختونخوا میں ڈینگی کے وار جاری، پشاور سمیت متعدد اضلاع متاثر

پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں 6 نئے تصدیق شدہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس وقت صوبے میں ڈینگی کے فعال کیسز کی تعداد 309 ہے۔

رواں سال خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے متاثرہ کیسز کی کل تعداد 5,895 تک پہنچ چکی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2 نئے مریض مختلف ہسپتالوں میں داخل ہوئے جبکہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 14 ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق، اس سال اب تک 2,038 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوئے اور 5,583 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ بدقسمتی سے، اس سال ڈینگی سے 3 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

اضلاع کے لحاظ سے صورتحال بھی تشویشناک ہے؛ نوشہرہ اور چارسدہ میں ہر ضلع میں 5، جبکہ مردان میں 4 مریض زیر علاج ہیں۔

محکمہ صحت نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات پر مکمل عمل کریں، پانی کھلا نہ چھوڑیں اور ہسپتال آنے والے علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی امداد حاصل کریں۔

Local News

خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا آغاز

پشاور: خیبرپختونخوا میں خسرہ و روبیلا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر معاونِ خصوصی اطلاعات شفیع جان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 12 روزہ مہم میں صوبے کے 60 لاکھ بچوں کو حفاظتی ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام کی زندگی میں بہتری کے لیے صحت و تعلیم پر خصوصی توجہ دینے کا عندیہ دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویکسینیشن مہم کی کامیابی میں اساتذہ، والدین اور علماء کرام کا کلیدی کردار ہے اور وہ عوام کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں کیونکہ انہیں عوام کے ووٹ سے منتخب کیا گیا ہے۔

معاونِ خصوصی نے والدین اور کمیونٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ بچوں کو ویکسین لگوانے کے لیے بھرپور تعاون کریں تاکہ بچوں کو خسرہ اور روبیلا جیسی خطرناک بیماریوں سے محفوظ بنایا جا سکے۔

Local News

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں ذیابیطس کا عالمی دن منایا گیا

پشاور: شعبہ ذیابیطس اور اینڈو کرائنالوجی، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس، پی جی ایم آئی کے زیر اہتمام ذیابیطس کا عالمی دن مرکزی آڈیٹوریم میں منایا گیا۔ تقریب میں فیکلٹی ممبران، معروف اینڈو کرائنولوجسٹز اور میڈیکل عملے نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کی سعادت ڈاکٹر اشفاق نے حاصل کی۔

پروفیسر ڈاکٹر خالد عثمان نے ذیابیطس کے تاریخی پس منظر، شعبے کی فراہم کردہ خدمات اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی۔ شعبہ اینڈو کرائنالوجی کے چیئرمین ڈاکٹر طاہر غفار نے سال 2025 کے موضوع کے تحت ذیابیطس کے مریضوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور اس کے علاج و روک تھام کے لیے جامع حکمت عملی پر زور دیا۔ انہوں نے حاضرین کو اپنی ٹیم کے تعلیمی اداروں میں منعقد کیے جانے والے آگاہی سیشنز کے بارے میں بھی آگاہ کیا تاکہ نوجوان نسل کو اس بیماری کے بارے میں معلومات فراہم کی جا سکیں۔

مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد اکبر خان، ڈین HMC/KGMC، نے عوام میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور شعبہ اینڈو کرائنالوجی کی جانب سے آگاہی سیشنز کے انعقاد کو سراہا۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد شاہ نے خدمات کی فراہمی کے لیے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ سیشن کے اختتام پر ڈاکٹر شیر زمان نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور مہمانوں و منتظمین کو شیلڈز سے نوازا گیا۔

تقریب کے بعد ایک آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا اور ڈی ٹی ایل اور انسولین کی جانب سے لائف پروجیکٹس کے موبائل وین میں مفت شوگر اور ریٹینوپیتھی اسکریننگ کیمپ بھی منعقد کیا گیا، جس میں عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔

News

خیبر رائفلز کا فری میڈیکل کیمپ، 1210 مریضوں کا مفت علاج

خیبر: تحصیل لنڈی کوتل کے گورنمنٹ عمار شہید ہائی سکول میں خیبر رائفلز کے زیر اہتمام علاقہ مکینوں کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں میل اور فی میل ڈاکٹرز کی ٹیم نے مرد، خواتین اور بچوں سمیت 1210 مریضوں کا طبی معائنہ کیا اور انہیں مفت ادویات فراہم کیں۔

کیمپ کے دوران مقامی ونگ کمانڈر لیفٹننٹ کرنل بلال لیاقت نے کیمپ کا دورہ کیا اور علاج معالجے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی سہولیات کو معیاری اور تسلی بخش قرار دیا۔

علاقے کے عوام نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد پر فرنٹیئر کور نارتھ، خیبر رائفلز کے کمانڈنٹ کرنل سعید احمد، لیفٹننٹ کرنل بلال لیاقت اور دیگر حکام کے اقدامات کو سراہا اور صحت کی سہولیات عوام تک پہنچانے پر ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ایسے فری میڈیکل کیمپس سے عوام کو گھر کی دہلیز پر بنیادی طبی سہولیات میسر آتی ہیں، جو ایک قابلِ تحسین اقدام ہے اور مقامی کمیونٹی کی صحت و بہبود کے لیے نہایت اہم ثابت ہو رہا ہے۔