Mayor Peshawar Khuli Kachehri

میئر پشاور کی زیر صدارت کھلی کچہری

پشاور میں میئر حاجی زبیر علی کی کھلی کچہری؛ بلدیاتی نمائندوں نے مسائل رکھ دیے، سی سی پی او نے فوری حل کی یقین دہانی کر دی

پشاور: سٹی کونسل ہال پشاور میں میئر پشاور حاجی زبیر علی کی زیر صدارت کھلی کچہری منعقد ہوئی، جس میں سی سی پی او پشاور ڈاکٹر میاں سعید، چیف ٹریفک آفیسر زاہداللہ، ایس پیز، ڈی ایس پیز اور پشاور کے بلدیاتی نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل چیئرمین کلیم اللہ، ارباب وصال، محمود الحسن، شہزاد خلیل، ولی محمد، اخونزادہ زاہداللہ، پرویز وقار سمیت دیگر نمائندوں نے اپنے علاقوں کے مسائل پیش کیے اور سی سی پی او کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

میئر پشاور حاجی زبیر علی نے خطاب میں کہا کہ بلدیاتی نمائندے پشاور کی تعمیر و ترقی کے لیے رضاکارانہ فورس کے طور پر کام کر رہے ہیں اور ان کی مدد سے جرائم کے خاتمے میں نمایاں پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں آئس، اسلحہ کلچر اور دیگر جرائم کے خلاف سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
میئر نے زور دیا کہ پولیس پیٹرولنگ میں اضافہ، ڈی آر سیز کی ازسرِنو فعالیت اور بین الادارہ جاتی رابطہ کار کو مضبوط بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری محض رسمی کارروائی نہیں بلکہ عوامی مسائل کے حل کی عملی کوشش ہے۔

سی سی پی او ڈاکٹر میاں سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “پولیس آپ کے سامنے جواب دہ ہے”۔ انہوں نے بتایا کہ تمام نمائندوں کے مسائل نوٹ کر لیے گئے ہیں جن کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ ڈی آر سی سے متعلق شکایات دور کرنے اور نمائندوں کے نئے انتخاب کا بھی اعلان کیا گیا۔
سی سی پی او نے کہا کہ دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے اور اس کے خاتمے کے لیے پولیس اور عوام کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے ہوائی فائرنگ، منشیات خصوصاً آئس کے خاتمے میں عوام سے مکمل تعاون کی اپیل کی۔

ڈاکٹر میاں سعید نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر سے تعلق رکھنے والے ایس ایچ اوز کو فوری معطل کیا جائے گا۔ انہوں نے سپیریئر سائنس کالج کے اندر قائم پولیس چوکی کو تین دن کے اندر باہر منتقل کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
مزید برآں، اقبال پلازہ کے باہر پولیس نفری تعینات کرنے اور جرائم کے سدباب کے لیے سخت کارروائی کی ہدایات بھی دیں۔

Peshawar: Annual Sports Gala held at “Umeed Special Education School”

امید اسپیشل ایجوکیشن سکول میں سالانہ سپورٹس گالا کا انعقاد

پاک فوج کی جانب سے سپیشل بچوں کیلئے قائم “امید اسپیشل ایجوکیشن سکول (USES)” میں سالانہ اسپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں مختلف اداروں کے خصوصی بچوں نے بھرپور حصہ لیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کور کمانڈر پشاور تھے۔  سپورٹس گالا میں امید اسپیشل سکول پشاور، آشیانہ اسپیشل ایجوکیشن سکول کوہاٹ، ایف جی سکول پشاور، اے پی ایس پشاور اور بیت الیتامہ اسکول کے اسپیشل بچوں نے کرکٹ، بیڈمنٹن، رسہ کشی اور فٹبال سمیت متعدد کھیلوں میں حصہ لیا۔

تقریب میں خصوصی بچوں نے خوبصورت ٹیبلوز بھی پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔ امید اسپیشل سکول پشاور میں اس وقت 188 خصوصی بچے زیرِ تعلیم ہیں۔ جہاں انہیں تعلیم کیساتھ ساتھ تربیت، نگہداشت اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ اسکول میں قوتِ بینائی، قوتِ سماعت، جسمانی اور ذہنی معذوری کے شکار بچوں کی خصوصی ضروریات کے مطابق تعلیم و تربیت کا جامع نظام موجود ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اسکول کے تین ہونہار طلبہ بین الاقوامی مقابلوں میں بھی حصہ لے چکے ہیں۔ جو ادارے کی معیاری تعلیم و تربیت کا واضح ثبوت ہے۔ تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے خصوصی بچوں میں تحائف تقسیم کئے اور ان کی محنت، ہمت اور کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام خصوصی بچوں میں اعتماد اور آگے بڑھنے کی صلاحیت پیدا کرتے ہیں۔

President and Prime Minister pay tribute to security forces for their actions against terrorists

صدر و وزیراعظم کا سیکورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

صدر مملکت آصف زرداری نے فتنہ الخوارج کے 23 دہشت گردوں کے خاتمےکو  سکیورٹی فورسز کی مؤثر حکمت عملی قراردیا۔ انہوں نےکہاکہ باجوڑ میں خوارج سرغنہ سمیت متعدد دہشت گردوں کا مارا جانا امن دشمن عناصر کیلئے واضح پیغام ہے۔ پاکستان کی سرزمین پرغیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیکورٹی فورسز دہشت گردی کیخلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کیخلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُرعزم ہیں۔