Full Contact Karate Course in Peshawar

پشاور میں آل خیبرپختونخوا فل کنٹکٹ کراٹے ریفری کورس

پشاور (سپورٹس رپورٹر): آل خیبرپختونخوا فل کنٹکٹ کراٹے ریفری کورس آج بروز جمعہ 21 نومبر دوپہر دو بجے ہیڈ کوارٹر گل بہار پشاور میں منعقد ہوگا۔ پاکستان فل کنٹکٹ کراٹے فیڈریشن خیبرپختونخوا کے زیراہتمام ہونے والے اس کورس میں صوبے بھر سے سینئر کوچز اور کھلاڑی شرکت کریں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انٹرنیشنل ریفری و کوچ (شیہان) صاحبزادہ الہادی نے بتایا کہ کورس کا مقصد سینئر کوچز کو جدید بین الاقوامی قوانین سے آگاہ کرنا اور اگلے ماہ ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس کے زیراہتمام ہونے والے انڈر 21 گیمز کے لیے بہترین ریفریز کا انتخاب کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دیگر کراٹے اسٹائلز اور آرگنائزیشنز کے سینئر کوچز بھی قواعد و ضوابط کے مطابق کورس میں حصہ لے سکتے ہیں۔ صاحبزادہ الہادی نے تمام ریجنل سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ کورس میں اپنی شرکت ہر صورت یقینی بنائیں۔

Ihsaas Rerhiban Bill

ریڑھی بانوں کے تحفظ کے لیے ’احساس ریڑھی بان بل 2025‘ تیار

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی پہلی اسٹریٹ اکانومی قانون سازی کی تیاری مکمل کرلی ہے اور احساس ریڑھی بان روزگار تحفظ بل 2025 کو کابینہ منظوری کے لیے بھجوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ یہ بل صوبے میں 1.4 لاکھ سے زائد ریڑھی بانوں کے لیے تاریخی ریاستی تحفظ فراہم کرے گا اور ان کی روزی پر کوئی ڈاکہ نہیں ڈال سکے گا۔

بل کے مرکزی خدوخال بیان کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ اور اسٹریٹ اکانومی فوکل پرسن سہیل آفریدی نے بتایا کہ خیبر پختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں ریڑھی بانوں کے حقوق کو باقاعدہ قانون کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق 380 ارب روپے کی اسٹریٹ اکانومی کو مکمل قانونی ڈھانچہ فراہم کرکے حکومت نے ایک سنگِ میل قائم کیا ہے۔

بل میں ریڑھی بانوں کے خلاف بغیر نوٹس انسدادِ تجاوزات کارروائیوں پر مکمل پابندی تجویز کی گئی ہے۔ ہراسانی، بدسلوکی اور رشوت ستانی کو سنگین جرم قرار دیا جائے گا جبکہ ریڑھی بانوں کے لیے محفوظ وینڈنگ زونز، واضح حقوق اور قانونی تحفظ شامل کیا گیا ہے۔

مزید برآں رجسٹرڈ ریڑھی بانوں کو مائیکرو فنانس، کریڈٹ، انشورنس اور ایمرجنسی سپورٹ تک باقاعدہ رسائی دی جائے گی۔ نئے تحصیل وینڈنگ کمیٹیز میں ریڑھی بانوں کی نمائندگی لازمی ہوگی، جبکہ اسٹریٹ وینڈنگ سرٹیفکیٹ کو مکمل قانونی تحفظ کی ضمانت قرار دیا جائے گا، جس سے ان کی روزانہ کی کمائی بھی محفوظ رہے گی۔

وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ قانون ریاستِ مدینہ کے اُس وژن کے مطابق ہے جس کے تحت ہر شہری کو قانون کا مساوی تحفظ حاصل ہوتا ہے۔ “ہم ریڑھی بانوں کی محنت اور عزتِ نفس کا اعتراف کرتے ہیں اور ان کی کھوئی ہوئی خودی بحال کریں گے،” انہوں نے کہا۔

بل کو جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔

News

کامسیٹس یونیورسٹی میں قومی یکجہتی کے فروغ بارے سیمینار

ایبٹ آباد: ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد کے زیر اہتمام کامسیٹس یونیورسٹی ایبٹ آباد کیمپس میں قومی یکجہتی اور معاشرتی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے “Unity Through Diversification” کے عنوان سے خصوصی سیمینار منعقد ہوا، جس میں ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد زرک یار خان تورو نے فوکل پرسن کے طور پر شرکت کی، جبکہ ایڈیشنل کمشنر ہزارہ ڈویژن جاوید اقبال تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔

سیمینار سے ڈاکٹر ضیارالرحمٰن بلوچ (اسسٹنٹ پروفیسر، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی) نے بطور گیسٹ اسپیکر خطاب کیا۔ انہوں نے قومی اتحاد، باہمی احترام، بھائی چارے اور مشترکہ قومی شناخت کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ لیکچر کے دوران طلبہ و طالبات نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور سوال و جواب کے سیشن میں قومی ہم آہنگی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ معاشرے میں قومی یگانگت، یکجہتی اور مثبت سماجی رویّوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

سیمینار کے اختتام پر مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر ہزارہ ڈویژن جاوید اقبال نے گیسٹ اسپیکر ڈاکٹر ضیارالرحمٰن بلوچ کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔

Masajid and Madaris Solarization

چارسدہ مساجد و مدارس میں نئے منصوبوں کی منظوری

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ فضل شکور خان کی زیر صدارت ضلع چارسدہ میں پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن (پیڈو) کے تحت مساجد اور مدارس کی سولرائزیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس بدھ کے روز پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیڈو کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بریفنگ کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے بتایا کہ ضلع چارسدہ میں پہلے مرحلے کے تمام سولرائزیشن منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت کے دوران ادھورے رہ جانے والے 10 منصوبے بھی جلد مکمل کر دیے جائیں گے۔

مزید بتایا گیا کہ نئے منصوبوں میں 30 مساجد اور 10 مدارس کی سولرائزیشن کی منظوری دے دی گئی ہے، جن کی تکمیل کے لیے صرف کنٹریکٹر کی ہائرنگ باقی ہے۔ اجلاس کو یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ ضلع چارسدہ میں سرکاری اور نجی یتیم خانوں کی سولرائزیشن بھی نئے منصوبے کا حصہ ہے، جبکہ محکمہ سماجی بہبود کے زیر انتظام لنگر خانے، سرکاری کالجز، اسکولز، بی ایچ یوز اور ہسپتالوں کو بھی مرحلہ وار شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر فضل شکور خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام سولرائزیشن منصوبوں کی بروقت اور معیاری تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سہولت اور متبادل توانائی کے فروغ کے لیے سولرائزیشن پروگرام نہایت اہم ہے، لہٰذا اس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

Section-144-696x392

پی ایم ایس و پبلک سروس کمیشن امتحانات کے دوران دفعہ 144 نافذ

پشاور: ضلعی انتظامیہ پشاور نے پی ایم ایس اور پبلک سروس کمیشن کے مقابلے کے تحریری امتحانات کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ یہ پابندیاں 20 نومبر تا 04 دسمبر تک مؤثر رہیں گی تاکہ امتحانی ماحول شفاف اور محفوظ بنایا جا سکے۔

مراسلے کے مطابق، امتحانی مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں عوامی اجتماعات، ہجوم اور غیر ضروری موجودگی مکمل طور پر ممنوع ہوگی۔ اس دوران امتحان میں نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ دوران امتحان اسلحہ اور ممنوعہ اشیاء لانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ طلبہ بغیر کسی خلل کے امتحان دے سکیں۔ انتظامیہ نے عوام سے درخواست کی ہے کہ وہ اس دوران امتحانی مراکز کے اطراف نظم و ضبط برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔

Arshad Nadeem Wins Gold Medal at Islamic Solidarity Games

ارشد ندیم نے اسلامک یکجہتی گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک یکجہتی گیمز میں پاکستانی جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم نے گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔

ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ مقابلے میں سبقت حاصل کی، جبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان کانسی کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔ ارشد ندیم نے اپنی پہلی تھرو میں 75.44 میٹر کا فاصلہ عبور کیا، دوسری باری میں 83.05 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کی، تیسری باری میں 82.48 میٹر کی تھرو کی، چوتھی باری میں کامیابی نہ ملی اور پانچویں باری میں فاؤل کی وجہ سے تھرو شمار نہیں ہوئی۔

ارشد ندیم نے اس سے قبل اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں بھی تمغے جیتے ہیں، جس سے ان کی عالمی کارکردگی کو مزید تقویت ملی ہے۔