Female festival held at Karak Government Postgraduate College

کرک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج میں فیمیل فیسٹیول کا انعقاد

ضلعی انتظامیہ کرک اور ضلعی یوتھ آفس کرک کے مشترکہ تعاون سے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج کرک میں فیمیل سٹوڈنٹس کے لئے کوکِنگ فیسٹیول کا شاندار انعقاد کیا گیا جس میں ضلع بھر کے مختلف کالجز سے تعلق رکھنے والی طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ فیسٹیول میں فیمیل سٹوڈنٹس نے مختلف اقسام کے لذیذ اور روایتی کھانے تیار کرکے حاضرین کی توجہ حاصل کی۔ ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور نے بطور مہمانِ خصوصی فیسٹیول میں شرکت کی اور مختلف شعبوں کے سٹالز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے سٹوڈنٹس سے ملاقات کرکے اُن کے کھانوں کو سراہا اور ان کی حوصلہ افزائی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کرک اسد سرور نے پہلی مرتبہ فیمیل سٹوڈنٹس کو اس سطح پر موقع فراہم کرنے پر ضلعی یوتھ آفیسر کرک کامران وزیر کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر کرک نے کہا کہ ملک کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے، اس لئے میل کے ساتھ ساتھ فیمیل یوتھ کو بھی برابر کے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کرک یوتھ کو ہر ممکن سہولیات اور برابری کے مواقع فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہے۔ کالج انتظامیہ کی جانب سے پروفیسر نعمت اللہ خٹک نے مہمانوں کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیمیل یوتھ فیسٹیول کا مقصد نہ صرف طالبات کو بہترین پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا بلکہ مقامی ہوٹل مالکان کو بھی مدعو کیا گیا، تاکہ اس سرگرمی کو کاروباری شکل بھی دی جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی ہوٹل کسی ڈش کو ہوم ڈیلیوری کے لیے منتخب کرے تو اس کے لیے کاروباری ایم او یو بھی سائن کیا جاسکتا ہے۔ فیسٹیول میں شریک سٹوڈنٹس، مہمانوں اور ہوٹل مالکان کی طرف سے اس اقدام کو سراہا گیا اور اسے فیمیل یوتھ کی حوصلہ افزائی کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔
Lakky Marwat: One-month e-commerce and digital skills program concludes

لکی مروت: ایک ماہ ای کامرس اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرام اختتام پزیر

ضلع لکی مروت میں محکمہ اُمورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام ایک ماہہ ای کامرس اور ڈیجیٹل اسکلز پروگرام آج اختتام پزیرہوا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ کمشنر لکی مروت اسد اور سردار بہرام تھے۔ پروگرام میں نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع یوتھ آفیسر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور آن لائن بزنس جیسے شعبوں میں تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اُنہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی ایسے مزید آئی ٹی اور اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرامز کا انعقاد یقینی بنائے گی تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔ ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت شرکاء کو ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، سوشل میڈیا ہینڈلنگ، اور آن لائن سیلنگ کے بنیادی و عملی طریقے سکھائے جائیں گے تاکہ وہ خود روزگار کے قابل بن سکیں۔ پروگرام کے اختتام پر مہمانانِ گرامی کو یادگاری شیلڈز اور سٹوڈنٹس میں سرٹیفکیٹس پیش کی گئیں اور تمام شرکاء نے اس اقدام کو نوجوانوں کی ترقی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا.
Aqeel Yousafzai editorial

مختلف اطلاعات زیر گردش

عقیل یوسفزئی
قومی میڈیا، بعض وفاقی وزراء اور اسٹیبلشمنٹ کے قریب سمجھے جانے والے حلقوں کے مطابق ریاست نے شورش زدہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی نافذ کرنے کیلئے مشاورت شروع کردی ہے اور خدشہ ہے کہ آئندہ چند دنوں میں کوئی غیر متوقع فیصلہ سامنے آجائیں ۔ گورنر فیصل کنڈی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کو ایسے کسی فیصلے کا کوئی علم نہیں ہے تاہم اگر بوجوہ ان کی پارٹی انہیں گورنر شپ چھوڑنے کا حکم دیتی ہے تو وہ اس پر عمل درآمد کریں گے ۔
دوسری جانب اس قسم کی اطلاعات زیر گردش ہیں کہ گورنر راج نافذ کرنے کی صورت میں اگر پیپلز پارٹی اپنے موقف کے تناظر میں تعاون نہیں کرتی تو فیصل کریم کنڈی اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں گے ۔ متبادل کے طور پر آفتاب احمد خان شیرپاؤ ، حیدر خان ہوتی سمیت بعض سابق اہم عسکری حکام کے نام سامنے آئے ہیں جن میں سے کسی ایک کو گورنر بنایا جائے گا ۔
وزیر مملکت بیرسٹر عقیل کے مطابق صوبے میں امن کے قیام اور گورننس کے مسائل حل کرنے کے لیے گورنر راج نافذ کرنے کا جواز اور امکان موجود ہے اور آئین کے مطابق یہ سب کچھ ہوسکتا ہے ۔
صوبائی حکومت کے ترجمان شفیع جان کے مطابق اگر ایسی کوئی حرکت کی گئی تو اس کے ردعمل میں ہونے والے نقصان کی وفاقی حکومت اور دیگر قوتیں ذمہ دار ہوں گی ۔
اسی تناظر میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا ہے کہ منگل کے روز بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے تمام پارلیمنٹیرینز سمیت اہم قائدین نہ صرف احتجاج کریں گے بلکہ ریلی کی صورت میں اڈیالہ جیل بھی جائیں گے ۔
ماہرین اس تمام صورتحال کے پیشِ نظر خدشہ ظاہر کررہے ہیں کہ آئندہ چند روز خیبرپختونخوا حکومت اور پی ٹی آئی کی سیاست کے حوالے سے اہم ثابت ہوسکتے ہیں ۔

Lower Dir: First Seerat-un-Nabi (PBUH) conference successfully held at Jamia Haqqania

دیر لوئر: جامعہ حقانیہ میں پہلی بار سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا کامیاب انعقاد

جامعہ حقانیہ و مسجد عمر محلہ باور خیل گاونی بالا میں پہلی بار سیرت النبی ﷺ کانفرنس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں اہلِ علاقہ سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ اس پاکیزہ محفل کا مقصد صرف دینی اجتماع کا اہتمام کرنا اور آقا دوجہاں حضرت محمد ﷺ کی بابرکت زندگی کے فضائل و روشن پہلوؤں کو بیان کرنا تھا۔ کانفرنس میں مولانا فیاض الکریم عزیزی صاحب، مولانا سید نواب قاسمی صاحب، مفتی گل شاہ زیب صاحب سمیت دیگر معزز علماء کرام نے شرکت کی اور سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں پر نہایت جامع اور روح پرور خطابات فرمائے۔ پروگرام کے کامیاب انعقاد پر علماء کرام اور اہلِ علاقہ نے مہتمم مدرسہ قاری عبدالبصیر صاحب، مولانا امتیاز صاحب، قاری طارق شاہ صاحب، عدنان امیر صاحب اور کمیتی ارکان سمیت تمام اہلِ محلہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جن کی محنت اور تعاون سے یہ محفل ممکن ہوئی۔ پروگرام کے دوران طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔ محفل کے اختتام پر ملک کی سلامتی، دین اسلام کی سربلندی، امن اور علاقے کے مریضوں کی صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ اللہ تعالیٰ اس بابرکت محفل کو قبول فرمائے اور اسے اہلیانِ علاقہ کے لیے باعثِ خیر و برکت بنائے۔