پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا کی جانب سے پشاور میں پہلی ڈی آر آر اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگی پر دو روزہ ایکسپو کا انعقاد
پشاور، 2025 – صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا نے پشاور میں دو روزہ ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اور کلائمیٹ چینج ایڈاپٹیشن ایکسپو (DRR/CCA-EXPO25) کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں اہم انسانی ہمدردی کے ادارے، ملکی و بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں سمیت متعلقہ سرکاری و غیر سرکاری ادارے ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع ہوئے۔
یہ نمایاں تقریب خیبر پختونخوا کی پہلی ڈی آر آر اور موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایکسپو تھی، جس میں مختلف شعبوں میں کی جانے والی تیاری، رسپانس، بحالی اور پلاننگ پر مبنی اقدامات کو اجاگر کیا گیا۔ ایکسپو میں بڑی تعداد میں مقامی و بین الاقوامی این جی اوز، انسانی ہمدردی کے اداروں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی محکموں نے شرکت کی اور اپنے اسٹال نصب کیے جن میں آفات سے نمٹنے کے نظام، پیشگی تیاری کے منصوبے، کمیونٹی سطح پر تخفیف کے اقدامات، سرچ اینڈ ریسکیو صلاحیتیں اور موسمیاتی موافقت سے متعلق اقدامات کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر برائے ریلیف، بحالی و آبادکاری جناب عاقب اللہ خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور ایکسپو کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام شراکت داروں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں کو سراہا اور شریک اداروں کی جانب سے پیش کردہ تیاری و رسپانس ماڈلز کی تعریف کی۔ وزیر ریلیف نے تمام اسٹالز کا دورہ کیا اور اداروں کی تیاری، رسپانس حکمتِ عملی، امدادی صلاحیت اور فیلڈ میں استعمال ہونے والے آلات سے متعلق بریفنگ لی۔
پی ڈی ایم اے کے ڈائریکٹر ڈیزاسٹر رسک مینجمنٹ (DRM)، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 اور ڈپٹی ڈائریکٹر سول ڈیفنس سمیت دیگر سینئر حکام نے بھی شرکاء سے خطاب کیا۔ مقررین نے صوبے میں آفات کے خطرات کم کرنے کیلئے مربوط منصوبہ بندی، استعداد کار میں اضافے، کمیونٹی آگاہی اور وسائل کی مضبوطی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ادارہ جاتی ڈھانچے کی مضبوطی، ایمرجنسی رسپانس کے نظام میں بہتری اور صوبائی و قومی پالیسیوں کے مطابق اقدامات میں اضافے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایکسپو نے ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کیا جہاں اسٹیک ہولڈرز نے نئی اختراعات پیش کیں، بہترین طرزِ عمل کا تبادلہ کیا اور ایک محفوظ، آفات سے لچکدار خیبر پختونخوا کی تشکیل کے لیے مشترکہ عزم کو مضبوط کیا۔
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے تمام ملکی و غیر ملکی شراکت داروں کا ان کے قیمتی تعاون پر شکریہ ادا کیا اور ایک بہتر اور پائیدار مستقبل کیلئے ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کی کوششوں کی قیادت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔




