Mohsin Naqvi

پی سی بی چیئرمین نے پی ایس ایل 11 کی ونڈو کا اعلان کر دیا

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سید محسن نقوی نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن کی ونڈو کا اعلان کر دیا ہے۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کا میلہ اگلے برس 26 مارچ سے 3 مئی تک مختلف شہروں میں سجے گا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کے توسیعی مرحلے کی تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ چھ کی بجائے آٹھ ٹیموں کو میدان میں اتارا جا سکے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ 8 جنوری 2026 کو اسلام آباد کنونشن سینٹر میں نئی ٹیموں کی نیلامی کا انعقاد بھی کرے گا، جہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی دو نئی فرنچائزز کے حقوق پیش کیے جائیں گے۔ اس نیلامی کو براہِ راست نشر کیا جائے گا، جس سے شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور دنیا بھر کے ممکنہ سرمایہ کاروں اور کرکٹ شائقین کو عالمی سطح پر رسائی حاصل ہوگی۔

یاد رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل مسلسل بین الاقوامی دلچسپی حاصل کر رہی ہے، جو لیگ کی بڑھتی ہوئی تجارتی قوت، عالمی سطح پر پھیلتے ہوئے اثر و رسوخ اور طویل مدتی ترقی کے امکانات کی عکاسی ہے۔ عالمی شراکت داروں کے ساتھ حالیہ روابط نے لیگ کے کاروباری ماڈل پر اعتماد میں اضافہ کیا یے اور دنیا کی صفِ اول کی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اس کے سٹینڈنگ کی تصدیق کی ہے۔

اعلیٰ معیار کی کرکٹ، مسابقتی توازن اور عالمی سطح کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تیاری میں کردار کے باعث،ایچ بی ایل پی ایس ایل نے خود کو ایک ممتاز عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگ کے طور پر مستحکم طور پر منوا لیا ہے۔

A grand free medical camp was organized by Charsadda Muhammadzai National Alliance.

چارسدہ: محمدزئی قومی اتحاد کے زیرِ اہتمام فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد

چارسدہ  محمدزئی قومی اتحاد کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد تحصیل تنگی، حیات شہید ماڈل سکول میں کیا گیا۔ جس کا مقصد علاقے کے مستحق، نادار اور ضرورت مند افراد کو مفت اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ میڈیکل کیمپ میں مختلف شعبہ ہائے صحت سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے جذبۂ خدمت کے تحت اپنی خدمات انجام دیں۔ مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا، ضروری ادویات فراہم کی گئیں۔ اس موقع پر محمدزئی قومی اتحاد کے چیئرمین نوشاد علی خان نے کہا کہ محمدزئی قومی اتحاد ایک سماجی و اصلاحی تنظیم ہے جو بلا تفریق انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ فری میڈیکل کیمپ جیسے اقدامات ہمارے اسی مشن کی عملی مثال ہیں۔ جنرل سیکرٹری نعیم ارشاد محمدزئی کا کہنا تھا صحت ہر انسان کا بنیادی حق ہے۔ محمدزئی قومی اتحاد آئندہ بھی ایسے فلاحی اور اصلاحی اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گا۔ محمدزئی قومی اتحاد کے سیکرٹری انفارمیشن و ترجمان محمد بلال محمدزئی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد عوامی مسائل کو سمجھتے ہوئے عملی اور دیرپا فلاحی، سماجی کاموں پر یقین رکھتا ہے۔ فری میڈیکل کیمپ خدمتِ خلق کا روشن نمونہ ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شکیل ارشاد کا کہنا تھا کہ محمدزئی قومی اتحاد کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ایسے کیمپس غریب اور مستحق افراد کے لیے نہایت مفید ثابت ہوتے ہیں، جہاں انہیں بروقت تشخیص اور علاج کی سہولت میسر آتی ہے۔ میں اس فلاحی کوشش کا حصہ بن کر فخر محسوس کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی ایسے کیمپس کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔ میڈیکل کیمپ میں شریک افراد نے محمدزئی قومی اتحاد اور طبی ٹیم کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ مستفید ہونے والے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے فلاحی میڈیکل کیمپس معاشرے میں انسانی ہمدردی کو فروغ دیتے ہیں اور ضرورت مند طبقے کے لیے حقیقی سہارا بنتے ہیں۔ کابینہ کے سینئر عہداداران نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ محمدزئی قومی اتحاد کا یہ فری میڈیکل کیمپ اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ تنظیم مستقبل میں بھی صحت اور سماجی فلاح کے میدان میں خدمتِ انسانیت کا سفر جاری رکھے گی۔
Germany announces immediate end to Afghan refugee program

جرمنی کا افغان پناہ گزین پروگرام فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان

سکیورٹی خدشات اور افغان طالبان کی شدت پسندانہ پالیسیوں کے پیشِ نظر جرمنی نے افغان پناہ گزین پروگرام فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جرمن حکومت کے اس فیصلے کے بعد افغان شہریوں کے لیے جاری تمام خصوصی ہجرتی اسکیمیں معطل کر دی گئی ہیں۔  جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو نیوز کے مطابق جرمنی نے افغان پناہ گزینوں سے متعلق کیے گئے سابقہ وعدے اور عہد نامے واپس لے لیے ہیں اور 640 افغان شہریوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان متاثرہ افراد میں جرمن فوج اور وزارتوں کے سابق مقامی ملازمین، صحافی اور انسانی حقوق کے کارکن شامل ہیں۔ جرمن چانسلر فریڈرک مرز کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کے بعض عناصر کے جرائم میں ملوث ہونے اور سنگین سکیورٹی خدشات کے باعث ہجرت کے پروگراموں کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں عوامی تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزارتِ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ جرمنی آنے کے منتظر افغان مہاجرین کے داخلے کے امکانات اب ختم ہو چکے ہیں اور اس معاملے میں کسی قسم کی سیاسی دلچسپی باقی نہیں رہی۔ ڈی ڈبلیو نیوز کے مطابق متاثرہ افغان شہریوں کو ای میل کے ذریعے مطلع کر دیا گیا ہے کہ ان کے جرمنی میں داخلے کی کوئی قانونی بنیاد موجود نہیں۔ واضح رہے کہ افغان طالبان کی پالیسیوں اور دہشت گرد نیٹ ورکس سے مبینہ روابط کے باعث عالمی برادری کی جانب سے افغانستان کے ساتھ سفارتی روابط محدود کیے جا رہے ہیں، جس کے تناظر میں جرمنی کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔
Khyber Pakhtunkhwa government's meeting regarding "anti-polio".

خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز

ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ کی براہ راست نگرانی میں ضلع بھر میں سکیورٹی کے سخت حصار میں انسداد پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر دی گئی ہیں، جہاں پولیس کمانڈوز تعینات کردئیے گئے ہیں۔ ان ناکہ بندیوں کا مقصد کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹنا اور مشکوک سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہے۔

مہم کے دوران ضلع بھر میں 1400 سے زائد پولیس افسران اور جوانوں کو ڈیوٹی پرتعینات کیا گیا ہے۔
ایس ڈی پی اوز کی نگرانی میں گشت بٹھادیا گیا ہے پولیس اہلکار ہر مشکوک گاڑی اور فرد پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ انسداد پولیو ٹیموں کو کسی قسم کے خطرے کا سامنا نہ ہو۔ سکیورٹی اہلکاروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنی ڈیوٹی انتہائی مستعدی اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیںگے۔

انسداد پولیو مہم کی سکیورٹی ڈیوٹی کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں سے تمام علاقوں کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئیک رسپانس فورس کو ہمہ وقت تیار باش رکھا گیا ہے تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

ضلعی پولیس سربراہ احمد شاہ نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم کا کامیاب انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ آنے والی نسلوں کو اس مہلک مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس پولیو ٹیموں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Pakistan Army's QRF rescues 41 Bangladeshi soldiers in Sudan

پاکستان آرمی کی QRF نے سوڈان میں 41 بنگلہ دیشی فوجیوں کو ریسکیو کر لیا

سوڈان کے علاقے ابیئے (Abyei) میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن کے ایک اڈے پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیشی فوج کے 6 امن اہلکار شہید ہو گئے۔ حملے کے فوراً بعد پاکستان آرمی کی کوئیک رسپانس فورس (QRF) تعینات کی گئی، جس نے دہشت گردوں سے مؤثر مقابلہ کیا اور 41 بنگلہ دیشی فوجیوں کو کامیابی سے ریسکیو کر لیا، جن میں 8 زخمی اہلکار بھی شامل تھے۔ یہ کارروائی امن مشن کے دوران پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت،
بروقت ردِعمل اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی واضح مثال ہے۔

Pakistan Navy demonstrates firepower of air-to-air missile in Arabian Sea

پاک بحریہ کا فضا تک مار کرنے والے میزائل کے فائر پاورکا شاندار مظاہرہ

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت کی توثیق کردی۔ پاک بحریہ کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں FM-90(N) ER سطح سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو ویپن فائرنگ کے ذریعے اپنی آپریشنل تیاری اور جنگی صلاحیت کی توثیق کی۔ فائر پاور کے مظاہرے کے دوران پاک بحریہ کے جہاز نے انتہائی مینوریبل فضائی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ ریئر ایڈمرل عبدالمنیب نے پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹ پر اس لائیو فائرنگ کا مشاہدہ کیا اور کمانڈر پاکستان فلیٹ نے فائرنگ میں شریک افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور اعلیٰ کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ ہر صورت پاکستان کے سمندری دفاع کو یقینی بنانے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے تیار ہے۔

Editorial

ایران کانفرنس سے افغانستان کا بائیکاٹ

عقیل یوسفزئی
یہ بات قابل افسوس ہے کہ افغانستان کی طالبان حکومت نے ایران میں افغانستان سے متعلق منعقدہ کانفرنس سے بائیکاٹ کیا اور اس فیصلے کی کوئی خاص وجہ بھی نہیں بتائی ۔ لگ یہ رہا ہے کہ بعض حلقوں کے تجزیوں کے برعکس افغان طالبان خود میں کوئی اعتدال لانے کی کوشش نہیں کررہے اور اسی بنیاد پر کہا جاسکتا ہے کہ افغانستان شدید نوعیت کے علاقائی اور عالمی تنہائی کا شکار ہوگیا ہے ۔
تہران میں ہونے والی کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی محمد صادق خان نے کی جبکہ اس ایونٹ میں افغانستان اور ایران میں پاکستان کے سفیر بھی شریک ہوئے ۔ پاکستان نے کراس بارڈر ٹیررازم پر اپنے موقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے ایک خطرہ بنا ہوا ہے اور عملاً دہشت گردوں کے ٹھکانے میں تبدیل ہوگیا ہے ۔
اس سے چند روز قبل کابل میں ہونے والے ایک کانفرنس کے دوران تقریباً ایک ہزار علماء نے ایک اعلامیہ ، فتویٰ میں اس بات پر زور دیا کہ افغانستان کی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہو ۔ اسی تسلسل میں افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی نے ایک بیان میں اس اعلامیہ کا خیر مقدم کیا تاہم تلخ حقیقت تو یہ ہے کہ افغانستان کی سرزمین 25 سے زائد دہشت گرد گروپوں کا مرکز ہے اور افغان حکومت عالمی تشویش کو خاطر میں نہیں لارہی ۔
ممتاز سکالر ڈاکٹر قبلہ آیاز نے علماء کانفرنس کے اعلامیہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی واقع ہوگی ۔ ان کے مطابق کوشش کی جانی چاہیے کہ تمام تنازعات کو مذاکرات اور مفاہمت کے ذریعے حل کیا جائے کیونکہ جاری کشیدگی اور دہشت گردی سے دونوں ممالک کے عوام براہِ راست متاثر ہوتے آرہے ہیں ۔
دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں اور مہمند میں انٹلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتے ہوئے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے ۔ بنوں آپریشن کے دوران گل بہادر گروپ کے اس کمانڈر کو بھی ہلاک کردیا گیا جو کہ شمالی وزیرستان کے ایک اسسٹنٹ کمشنر کی شہادت میں ملوث تھا ۔
سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے تیراہ سمیت ضلع خیبر کے بعض دیگر علاقوں میں باجوڑ کی طرح آپریشن کے اشارے دیے جارہے ہیں جبکہ بعض ذرائع دعویٰ کررہے ہیں کہ آپریشن کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے ۔ اس تناظر میں کہا جاسکتا ہے کہ آیندہ چند ہفتے خیبر اور پشاور کی سیکیورٹی صورتحال کے تناظر میں کافی اہم ثابت ہوسکتے ہیں ۔