وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن مرحلہ
ضلع خیبر کی وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے مکمل صفائے اور دیرپا امن کے قیام کیلئے فیصلہ کن مرحلے کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس پر مقامی عوام نے اپنی ریاست، فوج، سکیورٹی اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کرتے ہوئے نقل مکانی پر باقاعدہ اتفاق کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وادی تیراہ کی 24 رکنی نمائندہ کمیٹی اور انتظامیہ کے درمیان ہونے والا جرگہ کامیاب رہا، جس کے بعد فریقین نے تحریری معاہدے پر دستخط کیے۔ جرگے میں واضح کیا گیا کہ یہ اقدام علاقے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے۔ معاہدے کے مطابق 10 جنوری سے نقل مکانی کا باقاعدہ آغاز ہوگا جبکہ 25 جنوری تک پورا علاقہ خالی کرا لیا جائے گا، اور دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے اختتام کے بعد متاثرین کی مرحلہ وار واپسی 5 اپریل کے بعد شروع کی جائے گی۔ ریاست کی جانب سے متاثرین کیلئے جامع پیکج کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے تحت مکمل طور پر منہدم ہونے والے مکان کے عوض 30 لاکھ روپے جبکہ جزوی نقصان کی صورت میں 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ہر متاثرہ خاندان کو بائیومیٹرک تصدیق کے بعد جاز کیش یا ایزی پیسہ کے ذریعے 2 لاکھ 50 ہزار روپے نقد امداد اور ماہانہ بنیادوں پر 50 ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ نقل مکانی کے دوران ٹرانسپورٹ، راستوں میں طبی سہولیات اور خوراک کی فراہمی بھی ریاست کی ذمہ داری ہوگی۔ وادی تیراہ کے عوام نے واضح پیغام دیا ہے کہ دہشت گردی کیلئے اب کوئی جگہ نہیں، اور قوم، ریاست اور سکیورٹی ادارے ایک صف میں کھڑے ہیں۔
لوئر چترال میں بارش اور برفباری، تمام راستے ٹریفک کیلئے بحال
ضلع لوئر چترال میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی ہدایات پر تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس اور مشینری کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق ضلع بھر میں تمام راستے ٹریفک کیلئے بحال ہیں جبکہ محکمہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی مشینری لواری اپروچ روڈ پر برف ہٹانے کے عمل میں مصروف ہے تاکہ عوامی حفاظت اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جبکہ سفر سے قبل موسم اور رسائی سڑکوں سے متعلق مکمل معلومات حاصل کریں۔ اس کے علاوہ دورانِ سفر سنو چین کے استعمال کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوامحکمہ تعلیم میں 96 خواتین سبجیکٹ اسپیشلسٹ تعینات
محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم خیبر پختونخوا نے پبلک سروس کمیشن کی سفارش پر 96 خواتین سبجیکٹ اسپیشلسٹ (ماہر مضمون) اسلامیات گریڈ 17 کی تعیناتی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے۔ سول سیکرٹریٹ پشاور سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق ان 96 تعینات ہونے والی خواتین میں سے 12 کا تعلق ضلع چترال سے ہے۔ جو چترال کیلئے باعثِ فخر اور وہاں کی بیٹیوں کی قابلیت و تعلیمی ترقی کا واضح ثبوت ہے۔
اعلامیے کے مطابق گہکیر بندو سے تعلق رکھنے والی نصرت جمال کو گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول اوڈیگرام مینگورہ سوات، بی بی محسنہ کو جی جی ایچ ایس ایس اپر دیر، زینت النساء کو جی جی ایچ ایس ایس قمبر لوئر دیر، شازیہ کو جی جی ایچ ایس ایس کوٹکئی اپر دیر، امامہ شاہ کو جی جی ایچ ایس ایس شاطے لوئر دیر اور سیاست جمال کو جی جی ایچ ایس ایس رانی لوئر دیر تعینات کیا گیا ہے۔
اسی طرح شفیقہ ناصر کو جی جی ایچ ایس ایس براول اپر دیر، نائلہ عزیز کو جی جی ایچ ایس ایس ہوتی مردان، یاسمین بی بی کو جی ایچ ایس ایس واڑی اپر دیر، معراج النساء کو جی جی ایچ ایس ایس سمکوٹ اپر دیر، ثمینہ زہرہ کو جی جی ایچ ایس ایس رباط لوئر دیر جبکہ نفیسہ حسین کو جی جی ایچ ایس ایس زرہ خیلہ سوات میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ تعلیمی و سماجی حلقوں نے ان تقرریوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چترال سمیت خیبر پختونخوا کی خواتین کی یہ کامیابی صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا 25 دسمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 25 دسمبر کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی یومِ پیدائش اور کرسمس کے موقع پر اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، ترقیاتی مالیاتی اداروں، مائیکروفنانس بینکوں اور دیگر تمام مالیاتی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔
اسٹیٹ بینک کے اعلامیے کے مطابق اس روز بینک برانچز میں لین دین ممکن نہیں ہوگا، جبکہ کلیئرنگ، سیٹلمنٹ اور دیگر بینکنگ سروسز بھی دستیاب نہیں ہوں گی۔ تاہم تعطیل کے دوران اے ٹی ایم مشینیں معمول کے مطابق فعال رہیں گی۔ اس کے علاوہ آن لائن بینکنگ، موبائل ایپس اور ڈیجیٹل ادائیگی کے دیگر ذرائع متعلقہ بینکوں کی پالیسی کے مطابق دستیاب رہیں گے، البتہ تکنیکی یا آپریشنل وجوہات کی بنا پر بعض مقامات پر عارضی تعطل کا امکان موجود ہے۔
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری
خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحوں نے برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کا رخ کرلیا۔ سوات، کالام، مالم جبہ اور گردونواح کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد ہرجانب سفیدی چھاگئی۔ ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے۔ وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں وادیاں برف سے ڈھک گئیں، اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔




