عالمی میڈیا میں پاکستان کی کوریج
عقیل یوسفزئی
نیویارک ٹائمز ، واشنگٹن پوسٹ، دی ہندو ٫ فاینانشل ٹائمز اور فارن پالیسی میگزین کے بعد ممتاز برطانوی جریدے “دی ڈپلومیٹ” نے بھی پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور سفارتی کامیابیوں پر ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نہ صرف امریکہ اور چین کا اہم اسٹریٹجک پارٹنر بن گیا ہے بلکہ اس نے کامیاب ڈپلومیسی کے ذریعے ایران اور عرب ممالک کے ساتھ متوازن تعلقات قائم کرنے کا تجزیہ بھی کیا ہے ۔
گزشتہ روز شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل عاصم منیر نے سفارتی اور دفاعی دونوں سطح پر فعال کردار ادا کرتے ہوئے ماضی کی کشیدگی کے برعکس نہ صرف صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی قربت حاصل کی بلکہ پاکستان کو بھارت پر سبقت دلاکر خود کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پسندیدہ فیلڈ مارشل بھی قرار دیا ۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے رواں برس جہاں ایک طرف بھارتی بالادستی کو کامیابی کے ساتھ چیلنج کیا وہاں دوسری جانب مڈل ایسٹ میں امریکی خواہش پر اپنے لیے نئے کردار کا تعین بھی کیا اسی کے نتیجے میں پاکستان کا کردار پہلی بار متعدد ممالک کے لئے ناگزیر بنتا دکھائی دیا اور اس تمام صورتحال کے تناظر میں فیلڈ مارشل عاصم منیر ایک اہم شخصیت کے طور پر سامنے آئے ۔
اس سے قبل دیگر متعدد معتبر عالمی اخبارات اور جرائد نے بھی پاکستان اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے بارے میں اسی نوعیت کی رپورٹس شایع کرتے ہوئے 2025 کو پاکستان کے لیے اہم ترین سال قرار دیا جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر ایک اہم ملک کے طور پر سامنے آیا ہے ۔
دوسری جانب اس قسم کی اطلاعات بھی زیر گردش ہیں کہ سعودی عرب کے بعد یو اے ای ، بنگلہ دیش اور متعدد دیگر ممالک بھی پاکستان کے ساتھ سعودی طرز پر دفاعی معاہدے چاہتے ہیں اور 2026 کے دوران مزید اہم اقدامات اور کامیابیاں متوقع ہیں ۔
اس تمام پس منظر میں اب ضرورت اس بات کی ہے کہ اندرونی سیاسی استحکام پر خصوصی توجہ دی جائے اور ان سیاسی عناصر پر گرفت مزید مضبوط کی جائے جو کہ پاکستان کے اندر انتشار پیدا کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں ۔
