“Kalam: Grand conclusion of the five-day Snow Festival.”

کالام: پانچ روزہ سنو فیسٹیول کا شاندار اختتام

سوات کے سیاحتی مقام کالام میں ائزور لاگون ریزارٹ کے زیرِ اہتمام اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی، محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا اور گرین ٹورازم کے تعاون سے منعقد پانچ روزہ سنو فیسٹیول اپنے فائنل مقابلوں کے ساتھ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گیا۔ فائنل مقابلوں میں ائزور وِسپر مٹلتان اور ائزور لیک مٹلتان کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں جہاں رسی کشی اور سنو کبڈی کے انتہائی سنسنی خیز مقابلے لائیو سنو فال کے دوران کھیلے گئے۔ سخت اور کانٹے دار مقابلوں کے بعد ائزورلیک مٹلتان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فتح اپنے نام کی۔ جیت کے بعد کھلاڑیوں نے لائیو برفباری میں روایتی بنگڑے ڈال کر خوشی کا بھرپور اظہار کیا جس سے فیسٹیول کا ماحول مزید دیدنی بن گیا۔
سنو مین مقابلوں میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والی زنیرہ نے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ مینا، حمدا اور آمایا نے دوسری اور خیزر عمر اور ازلان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری ٹورازم خیبر پختونخوا سعادت حسین تھے جنہوں نے کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوزب عباس، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد شیر خان اور ائزور لاگون کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حمید خان بھی موجود تھے۔
سیکرٹری ٹورازم خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کے ویژن کے مطابق صوبائی حکومت سیاحت کے فروغ، خصوصاً ونٹر ٹورازم کے لیے مؤثر اور دیرپا اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے فیسٹیول نہ صرف سوات کی قدرتی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ مقامی معیشت کو فروغ دینے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور ملکی و غیرملکی سیاحوں کو سردیوں کے موسم میں سوات کی جانب متوجہ کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام اسی وژن کا عملی مظہر ہے، جس کا مقصد سوات کو سال بھر سیاحت کا ایک نمایاں اور پائیدار مرکز بنانا ہے۔
“A major success for Pakistan in Under-15 squash.”

پاکستان کی انڈر 15 اسکواش میں بڑی کامیابی

پاکستان کی انڈر 15 اسکواش ٹیم نے ایک اور شاندار عالمی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر قومی پرچم بلند کر دیا۔ فائنل مقابلے میں پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی محمد سہیل عدنان نے چین کے یوان شی کو اسٹریٹ سیٹس میں شکست دے کر انڈر 15 اسکواش ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں محمد سہیل عدنان نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے چینی حریف کو 11-7، 11-9 اور 11-7 سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ سہیل عدنان نے نہ صرف پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کیا بلکہ عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا بھی منوایا۔
واضح رہے کہ محمد سہیل عدنان اس سے قبل جنوبی کوریا میں منعقدہ 32ویں ایشین انڈر 13 جونیئر اسکواش چیمپئن شپ بھی جیت چکے ہیں۔ ایشین جونیئر اسکواش ایونٹ کے دوران انہوں نے بھارت کے ابھاد سنگھ کو بھی شکست سے دوچار کیا تھا۔ کوارٹر فائنل میں سہیل عدنان نے بھارتی کھلاڑی کو 11-3، 11-9 اور 11-4 سے یکطرفہ مقابلے میں شکست دی۔ محمد سہیل عدنان کی مسلسل کامیابیاں پاکستان میں جاری نوجوان ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے خوشگوار ثمرات کا واضح ثبوت ہیں، جو مستقبل میں قومی اسکواش کے روشن امکانات کی نوید دے رہی ہیں۔
“The Governor of Khyber Pakhtunkhwa’s visit to St. John’s Cathedral Church, Peshawar Cantt.”

گورنر خیبرپختونخواکا سینٹ جانز کیتھیڈرل چرچ پشاور کینٹ کا دورہ

نئے سال کے آغاز پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سینٹ جانز کیتھیڈرل چرچ پشاور کینٹ کا دورہ کیا اور چرچ میں منعقدہ نئے سال 2026 کی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا نے بشپ ہمفرے سرفراز پیٹر اور مسیحی برادری کے افراد کے ہمراہ نئے سال کا کیک کاٹا۔ تقریب کے دوران ملکی سلامتی، امن و امان، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں اور صوبے کے عوام کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 2026 کے آغاز پر مسیحی برادری کی عبادت گاہ میں منعقدہ تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سینٹ جانز چرچ میں منعقدہ یہ تقریب اس امر کا ثبوت ہے کہ بحیثیت پاکستانی ہماری خوشیاں مشترک ہیں اور ہم سب ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مسیحی برادری کی خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر کے ساتھ محبت اور حب الوطنی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے سال میں ہم نفرتوں کے خاتمے اور بھائی چارے کے فروغ کا مضبوط پیغام دیں گے اور متحد ہو کر صوبے میں امن کے قیام اور خوشیاں بانٹنے کا عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے گزشتہ سال ملک کے محفوظ مستقبل کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
News

صدر مملکت اور وزیر اعظم کی نئے سال پر قوم کو مبارکباد

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم قوم بے بس نہیں، اتحاد، استقامت، تخلیقی صلاحیت اور پختہ یقین کے ذریعے تمام مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم اور ریاست کے نگہبان ہونے کے ناطے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کی تجدید کرنا ہوگی تاکہ درپیش چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نئے سال کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ نیا سال ملک کے لیے خوشحالی، ترقی اور استحکام کی نوید ثابت ہو۔ انہوں نے کہا کہ سال 2025 دفاعِ وطن کے حوالے سے تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا اور پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر ملک کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بنے گی۔