ضلع ضیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں کمانڈنٹ خیبر رائفلز کی سربراہی میں ایک اہم جرگے کا انعقاد کیا گیا، جس میں مقامی مشران، علما کرام، منتخب نمائندے، میڈیا کے نمائندگان، پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔ جرگے کا بنیادی مقصد علاقے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینا اور باہمی تعاون کے ذریعے پائیدار استحکام کو یقینی بنانا تھا۔
جرگے کے دوران دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر مکمل اتفاق کیا گیا، جبکہ بیمار افغان باشندوں کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے، اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے پر بھی زور دیا گیا۔
مقامی مشران اور شرکاء نے پاک شہریوں بشمول ٹرکوں اور ڈرائیورز کی واپسی میں سہولت فراہم کرنے، افغان شہریوں سے شادی شدہ پاکستانی خواتین کو بغیر ڈی رجسٹریشن افغانستان جانے کی اجازت دینے اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے اسپورٹس انفراسٹرکچر کی فراہمی کی درخواستیں پیش کیں۔
جرگے کے اختتام پر مشران نے علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئے خیبر رائفلز اور سیکیورٹی فورسز کی کاوشوں کو سراہا اور ہر سطح پر تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر کے کائیٹ اور دیگر فلاحی منصوبوں کو بھی مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کیلئے نہایت اہم قرار دیا گیا۔



