Pakhtunkhwa’s three girls to represent Pakistan

پختونخوا کی تین بیٹیاں ایشین لیکروس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندہ

ایبٹ آباد: ہزارہ کے لیے فخر کا لمحہ ہے کہ خطے کی تین باصلاحیت بیٹیاں ایشین لیکروس چیمپئن شپ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب ہو گئی ہیں۔ پاکستان لیکروس فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ مقدس طارق، فزا ظاہر اور مومنہ طارق کو قومی خواتین لیکروس ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

فیڈریشن کے مطابق ان کھلاڑیوں کا انتخاب سخت قومی تربیتی کیمپوں اور کارکردگی پر مبنی شفاف انتخابی عمل کے بعد کیا گیا، جو ان کی غیر معمولی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور لیکروس کھیل سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ ایک باوقار بین الاقوامی پلیٹ فارم پر پاکستان کی نمائندگی کرنا نہ صرف ان کھلاڑیوں کی انفرادی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے بلکہ ملک میں خواتین لیکروس کی بڑھتی ہوئی مضبوطی اور پیش رفت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔

یہ کامیابی ہزارہ کے علاقے کی کھیلوں سے وابستہ بھرپور ثقافت، لچک اور صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، جہاں سے قومی اور بین الاقوامی سطح کے باصلاحیت کھلاڑی ابھر رہے ہیں۔ منتخب ہونے والی یہ نوجوان کھلاڑیاں بالخصوص لڑکیوں کے لیے ایک مثالی کردار کی حیثیت رکھتی ہیں اور انہیں اعتماد، حوصلے اور عزم کے ساتھ کھیلوں میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔

پاکستان لیکروس فیڈریشن نے قومی خواتین ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کھلاڑیاں جذبے، نظم و ضبط اور قومی فخر کے ساتھ مقابلہ کریں گی اور پاکستان کے ساتھ ساتھ اپنے آبائی علاقے ہزارہ کا نام روشن کریں گی۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر کے کھیلوں سے محبت کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ایشیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف مقابلوں میں پاکستان کی بیٹیوں کی بھرپور حمایت کریں۔

Swabi: Peaceful rally against drugs and for law and order

صوابی میں امن و امان اور منشیات کے خلاف پُرامن ریلی

تحصیل رزڑ کے گاؤں یعقوبی میں امن و امان کے قیام، منشیات کے خاتمے اور نوجوان نسل کے محفوظ و روشن مستقبل کے لیے ایک پُرامن ریلی نکالی گئی، جس میں گاؤں کے معزز مشران، نوجوانوں سمیت سماجی، سیاسی اور اصلاحی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

ریلی کے شرکاء نے امن، بھائی چارے اور منشیات کے خلاف نعرے درج بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ ریلی گاؤں کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی، جس کے بعد ایک مختصر اجتماع کا انعقاد کیا گیا۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گاؤں کے مشران اور سماجی رہنماؤں نے کہا کہ منشیات نوجوان نسل کو تباہی کی طرف دھکیل رہی ہیں، جس کے خلاف اجتماعی اور منظم جدوجہد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں، اور گاؤں کو منشیات سے پاک کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اس موقع پر گاؤں کے مشران اور عوام نے متفقہ طور پر عہد کیا کہ وہ منشیات فروشوں کے خلاف آواز بلند کریں گے، نوجوانوں کو مثبت اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کریں گے اور اپنے علاقے میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔

ریلی کے شرکاء نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور نوجوانوں کے بہتر مستقبل کو یقینی بنانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔

Orakzai: Snow-affected link roads restored

اورکزئی: برفباری سے متاثرہ رابطہ سڑکیں بحال

ضلع اورکزئی کے دور افتادہ علاقوں میں شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے، تاہم سیکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں خصوصی امدادی آپریشن شروع کیا اور بند رابطہ سڑکیں بحال کر دیں۔

حالیہ برفباری کے نتیجے میں کلایہ دربار کو جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو گئے تھے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ راستوں کی بندش کے باعث ایک سوگوار خاندان کو اپنے عزیز کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں بھی دشواری پیش آئی۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ہنگامی بنیادوں پر بھاری مشینری اور اضافی نفری تعینات کی۔ سخت سردی اور انتہائی خراب موسمی حالات کے باوجود اہلکاروں نے دن رات محنت کرتے ہوئے برف ہٹائی اور تمام بند راستوں کو بحال کیا، جس کے نتیجے میں مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین بروقت اور باوقار طریقے سے ممکن ہو سکی۔

مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے بروقت، ہمدردانہ اور انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاس ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی اور امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

Khyber Pakhtunkhwa: Major Food Safety Operations

خیبرپختونخوا: فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائیاں

پشاور فوڈ سیفٹی ٹیم کی خفیہ اطلاع پر پھندو روڈ اور پشاور انڈسٹریل زون میں چھاپے مارے گئے۔ پھندو روڈ پر واقع ایک گودام سے تقریباً 2000 لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس برآمد، سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ صنعتی زون میں ایک پروڈکشن یونٹ پر چھاپہ، یونٹ رنگے ہاتھوں جعلی خشک خمیر تیار کرتے پکڑا گیا۔ کارروائی کے دوران تقریباً 1000 کلوگرام خام اور تیار شدہ جعلی خشک خمیر برآمد کر کے قبضے میں لے لیا گیا۔ یونٹ سے معروف برانڈز کے نام پر جعلی خشک خمیر پیک کرنے اور تیار کرنے میں استعمال ہونے والی مشینری بھی سرکاری تحویل میں لے لی گئی۔ ترجمان فوڈ سیفٹی کا کہنا تھا کہ ملوث مالکان پر بھاری جرمانے عائد، فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مزید قانونی کارروائیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ جعلی، غیر معیاری اور مضرِ صحت خوراک کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے۔ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کو کسی صورت رعایت نہیں دی جائے گی۔ شہری ایسے غیر معیاری و مضر صحت خوراک تیار کرنے والے عناصراور جعلی مشروبات کی فوری نشاندہی کریں۔