خیبر پختونخوا کمیشن برائے حیثیتِ خواتین کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثمیرہ شمش کی قیادت اور سیکرٹری محترمہ شازیہ عطا کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں طویل عرصے بعد ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا کے 26 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کمیٹیز آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کیمطابق ضلع اپر چترال کیلئے قائم ڈسٹرکٹ کمیٹی آن دی اسٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن راشیدہ بی بی کو مقرر کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) بطور ایکس آفیشیو رکن اور ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر بطور ایکس آفیشیو رکن شامل ہوں گے، جبکہ دیگر ممبران میں اشرف گل، بی بی زینب، فرید نثار، امینہ، ہرائرہ بیگم اور الویٰنا رحمت شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی خیبر پختونخوا کمیشن برائے حیثیتِ خواتین ایکٹ اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت خواتین کے حقوق کے تحفظ، ان کے مسائل کے حل، شکایات کی سماعت اور ضلعی سطح پر مؤثر نگرانی کے فرائض انجام دے گی۔
ذرائع کے مطابق راشیدہ بی بی کی چیئرپرسن شپ میں یہ ڈسٹرکٹ کمیٹی خواتین سے متعلق امور میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گی اور ضلعی سطح پر خواتین سے متعلق پالیسیوں اور قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں معاون ثابت ہو گی۔ ماہرین کے مطابق کمیٹی کا قیام خواتین کی فلاح و بہبود، بااختیاری اور انصاف کی فراہمی کی جانب ایک اہم اور دیرپا قدم ہے۔

