پشاور: کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے بورڈ بازار میں تجاوزات کے مستقل خاتمے اور ٹریفک کی بلا رکاوٹ روانی کو یقینی بنانے کیلئےاہم فیصلہ کرتے ہوئے دکانوں کے سامنے جنگلے نصب کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) کو فوری طور پر جنگلوں کی تنصیب کا عمل شروع کرنے کے احکامات دیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ دکانوں کے آگے جنگلے نصب ہونے سے غیر قانونی ہتھ ریڑیوں اور دیگر تجاوزات کا مؤثر خاتمہ ممکن ہو سکے گا، جبکہ سڑک دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی رہے گی، جس سے شہریوں کو سہولت میسر آئے گی۔ یہ ہدایات یونیورسٹی روڈ اور جامعہ پشاور کے اطراف ٹریفک کی صورتحال سے متعلق ایک جائزہ اجلاس کے دوران جاری کی گئیں۔ کمشنر نے واضح کیا کہ بورڈ بازار میں تجاوزات کا مستقل اور پائیدار حل منظم انفراسٹرکچر اور جنگلوں کی تنصیب ہی ہے۔ کمشنر پشاور ڈویژن نے ڈپٹی ڈائریکٹر پی ڈی اے اور اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن کو ہدایات پر فوری عملدرآمد یقینی بنانے اور پیش رفت سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی بھی تاکید کی۔

