وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کل بروز بدھ جمرود اسپورٹس کمپلیکس میں ضم شدہ اضلاع انڈر 16 گیمز کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب دوپہر 02:00 بجے منعقد ہوگی، جس میں وزیر اعلیٰ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ اس موقع پر معاون خصوصی برائے کھیل، دیگر صوبائی وزراء اور علاقے کے منتخب نمائندگان بھی موجود ہوں گے۔
ان گیمز میں ضم شدہ اضلاع کے 8 اضلاع اور 6 سب ڈویژنز سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار سے زائد انڈر 16 کھلاڑی حصہ لیں گے۔ مقابلے فٹبال، کرکٹ، ہاکی، باسکٹ بال اور والی بال جیسے مقبول کھیلوں میں منعقد کیے جائیں گے۔ منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، مثبت سرگرمیوں کے فروغ اور ٹیلنٹ کو آگے لانے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تقریب میں مختلف کھیلوں کے ایک ہزار سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع خیبر کے عوام اور نوجوانوں کو خصوصی دعوت دی گئی ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت کر کے علاقے میں منعقد ہونے والے اس مثبت اور تفریحی ایونٹ سے لطف اندوز ہوں۔



