District's first citrus fruit exhibition in Nowshera.

نوشہرہ میں ضلع کی پہلی ترشاوہ پھلوں کی نمائش

ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے محکمہ زراعت کے زیراہتمام ترشاوہ پھلوں (Citrus Fruits) کی نمائش کا افتتاح کر دیا، جو ضلع نوشہرہ میں اپنی نوعیت کی پہلی نمائش ہے۔ اس نمائش میں کسانوں، باغبانوں، نجی کمپنیوں، عام شہریوں اور مختلف حکومتی اداروں کو ایک ہی چھت تلے جمع کیا گیا ہے، تاکہ زرعی شعبے کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون اور روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ نمائش کے انعقاد کا بنیادی مقصد ضلع نوشہرہ میں ترشاوہ پھلوں کی پیداوار میں اضافہ، جدید زرعی طریقوں کے فروغ اور مؤثر مارکیٹنگ کے ذریعے کسانوں اور باغبانوں کی آمدنی میں بہتری لانا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ضلع نوشہرہ کے ترشاوہ پھلوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانا بھی اس ایونٹ کا اہم ہدف ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عرفان اللہ محسود نے کامیاب نمائش کے انعقاد پر ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر زراعت اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس ایونٹ کو کیلنڈر ایونٹ قرار دے کر ہر سال باقاعدگی سے منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف زرعی شعبے کو فروغ ملے گا بلکہ مقامی کسانوں کو جدید مارکیٹ تک رسائی حاصل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

Rain and snowfall forecast in Khyber Pakhtunkhwa.

خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے 7 فروری 2026 کیلئے موسمی انتباہ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں پیر کی رات سے منگل تک گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، اپر و لوئر چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، بونیر، ملاکنڈ، بٹگرام، شانگلہ، اپر و لوئر کوہستان اور کولائی پالس میں شدید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

خیبر پختو نخوا کے میدانی علاقوں پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، شمالی و جنوبی وزیرستان، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بھی وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکوں کی بندش اور پھسلن کا خدشہ ہے، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادارے نے شہریوں کو آندھی، گرج چمک اور برفباری کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے، کسانوں اور مویشی پال حضرات کو فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے اقدامات کرنے اور حساس علاقوں میں ندی نالوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال یا معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

“Pakistan National Awards Show” held at Governor House Peshawar by Federal Youth Parliament.

فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام گورنر ہاوس پشاور میں“پاکستان نیشنل ایوارڈز شو”منعقد

فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کے زیر اہتمام بدھ کے روز گورنر ہاوس پشاور میں“پاکستان نیشنل ایوارڈز شو”منعقد کیا گیا. تقریب گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ، امریکی قونصل جنرل تھامس ایکرٹ، خواتین اراکین صوبائی اسمبلی، فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کے صدر صلاح الدین، چیئرمین ابرار خلجی، جنرل سیکرٹری ثاقب علی، ملک بھر سے فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کے اراکین، سماجی شخصیات، نوجوان رہنما، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ تقریب میں گورنر نے تعلیم، صحت، کھیل، سیاحت سمیت دیگر مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی پر 40 شخصیات کو پاکستان نیشنل ایوارڈ سے نوازا۔ گورنر نے اس موقع پر فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کو ملک و قوم کی خدمت کرنے والی شخصیات اعزاز سینوازنے پر خراجِ تحسین پیش کیا، نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں اور امن کے فروغ سے متعلق یوتھ پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا۔اخر میں فیڈرل یوتھ پارلیمنٹ کی جانب سے گورنر فیصل کریم کنڈی کو یادگاری اور ڈاکٹر عباد کو بہترین پارلیمنٹرین کی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
Grand launch of the 7-day Sports Gala at the University of Technology Nowshera.

یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ میں 7 روزہ سپورٹس گالا کا شاندار آغاز

ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے شہدائے اے پی ایس یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی نوشہرہ، امان گڑھ میں 7 روزہ سپورٹس گالا کا شاندار انعقاد کیا گیا، جس کی افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر نوشہرہ محمد عرفان اللہ محسود نے وائس چانسلر کے ہمراہ بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے باقاعدہ افتتاح کیا۔ سپورٹس گالا میں یونیورسٹی کے طلباء و طالبات بھرپور جوش و جذبے سے حصہ لے رہے ہیں، جہاں مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، فٹبال، بیڈمنٹن، والی بال، ٹیبل ٹینس اور دیگر کھیل شامل ہیں۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور ایسی صحت مند سرگرمیاں طلبہ کو مثبت، تعمیری اور منظم طرزِ زندگی کی طرف راغب کرتی ہیں۔ انہوں نے اس سپورٹس گالا کے کامیاب انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ منتظمین کے مطابق سپورٹس گالا کے انعقاد کا بنیادی مقصد تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر تدریسی اور صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا اور نوجوان نسل کو جسمانی طور پر متحرک رکھنے کے ساتھ ساتھ مثبت سمت میں آگے بڑھانا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا تسلسل جاری رکھا جائے گا تاکہ طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی کو فروغ دیا جا سکے۔

The Khyber Pakhtunkhwa cabinet has approved the Ramadan package.

خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکج کی منظوری دے دی

خیبرپختونخوا کابینہ کے 47 ویں اجلاس میں رواں سال کے لیے رمضان پیکج کی باقاعدہ منظوری دے دی گئی ہے۔ اس حوالے سے مشیرِ خزانہ مزمل اسلم نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ صوبائی حکومت رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے خاندانوں کو رمضان پیکج فراہم کرے گی۔ مزمل اسلم نے کہا کہ یہ اقدام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر کیا جا رہا ہے،  تاکہ مستحق افراد کو مہنگائی کے موجودہ دور میں حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے کی مالی معاونت دی جائے گی، جس سے مستحق خاندان رمضان المبارک کے دوران بنیادی ضروریات آسانی سے پوری کر سکیں گے۔ مشیرِ خزانہ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے سال 2024 میں پہلی مرتبہ رمضان کے موقع پر 10 ہزار روپے فی خاندان امدادی پیکج دینے کی روایت قائم کی تھی، جس کے بعد 2025 میں پنجاب سمیت دیگر صوبوں نے بھی اسی طرز پر اپنے اپنے رمضان پیکجز متعارف کرائے۔ مزمل اسلم نے مزید کہا کہ رواں سال بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے رمضان پیکج کی رقم میں 25 فیصد اضافہ کر دیا ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ رمضان پیکج کی شفاف تقسیم کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے، تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک بروقت پہنچ سکے۔

Illegal housing societies on agricultural land in KP

خیبر پختونخوا میں زرعی اراضی پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز

خیبر پختونخوا میں زرعی اراضی پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے بڑھتے ہوئے رجحان پر صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے زراعت نے تفصیلی رپورٹ حکومت کو ارسال کر دی ہے، جس میں تشویشناک انکشافات سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق قائمہ کمیٹی کے مختلف اجلاسوں میں پشاور اور مردان کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور سیکرٹری زراعت نے تفصیلی بریفنگ دی، جس کی بنیاد پر یہ رپورٹ تیار کی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پشاور میں مجموعی طور پر 156 ہاؤسنگ سوسائٹیز موجود ہیں، جن میں سے 116 غیر قانونی ہیں، جبکہ زرعی اراضی پر قائم 81 غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف مختلف علاقوں میں آپریشن بھی کیے گئے۔ اسی طرح ضلع مردان میں 135 ہاؤسنگ سوسائٹیز قائم ہیں، جن میں سے 41 غیر قانونی ہیں، جبکہ 27 سوسائٹیز زرعی زمین پر قائم کی گئی ہیں۔ مردان میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز پر 11 کروڑ 20 لاکھ روپے کے جرمانے بھی عائد کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ضلع چارسدہ میں غیر قانونی سوسائٹیز کی تعداد 71 جبکہ کوہاٹ میں 14 ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ سال 2017 میں خیبر پختونخوا میں زیرِ کاشت زرعی اراضی کا رقبہ 21 لاکھ ہیکٹر تھا، جو اب کم ہو کر 17 لاکھ ہیکٹر رہ گیا ہے، یعنی چار لاکھ ہیکٹر زرعی زمین کم ہو چکی ہے، جو ایک سنگین تشویشناک صورتحال ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے زراعت نے سفارش کی ہے کہ زرعی زمین پر قبضہ کر کے اسے ہاؤسنگ اسکیموں میں تبدیل کرنے کے خلاف سخت قانون سازی کی جائے، جبکہ اس عمل کی روک تھام کے لیے ایک مؤثر ٹاسک فورس بھی تشکیل دی جائے تاکہ زرعی اراضی کو محفوظ بنایا جا سکے۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ زرعی زمین میں مسلسل کمی سے غذائی تحفظ، کسانوں کی معاشی حالت اور صوبے کی زرعی خود کفالت کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے فوری اور ٹھوس اقدامات ناگزیر ہیں۔

Major Harcharan Singh promoted to Lieutenant Colonel in the Pakistan Army.

میجر ہرچرن سنگھ؛ پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی

میجر ہرچرن سنگھ کو پاک فوج میں لیفٹیننٹ کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے، وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والے پہلے سکھ افسر بن گئے ہیں۔ یہ ترقی نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور خدمات کا اعتراف ہے بلکہ پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی اور برابری کی روشن مثال بھی ہے۔