کور کمانڈر پشاور نے طلبہ سے خیبر پختونخوا کے سیکورٹی معاملات اور داخلی و خارجی چیلنجز پر جامع گفتگو کی۔ طلبہ نے پاک فوج کی قربانیوں، پیشہ وارانہ مہارت خصوصاً معرکہ حق کے دوران دشمن کے خلاف جرأت و استقامت کو سراہا .کور کمانڈر پشاور، لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری نے طلبہ کی دلچسپی کو سراہا اور ان کے سوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات دیئے۔ طلبہ نےاس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ڈیجیٹل محاذ پر پاکستان کے مثبت بیانیے کے محافظ بن کر قومی مفادات کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ طلبہ نے ونٹر انٹرن شپ پروگرام 2026 کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔ ہمیں آج کور کمانڈر کی جانب سے خیبرپختونخواہ کے سیکورٹی کے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا ہے. اس نشست کے بعد ہماری خیبر پختونخوا اور قومی معاملات پر فہم و فراست میں اضافہ ہوا. نوجوانوں کو ڈیجیٹل محاذ پر دشمن کے پروپیگنڈے اور منفی بیانیے کے خلاف مضبوطی سے کھڑا ہونا چاہیے .
پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد
پاک فوج کی جانب سے شمالی وزیرستان کی تحصیل میر علی میں مقامی افراد کیلئے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا. کیمپ میں شہریوں کو گائناکالوجسٹ ،سرجن، میڈیکل اسپیشلسٹ اور چائلڈ اسپیشلسٹ کی سہولیات فراہم کی گئیں. پاک فوج کے فری میڈیکل کیمپ میں مقامی شہری ایکسرے اور لیب جیسی جدید سہولیات سے بھی مستفید ہوئے. میڈیکل کیمپ میں آرمی ڈاکٹرز سمیت ماہر ہیلتھ سٹاف پر مشتمل ٹیمیوں نے مقامی شہریوں کا معائنہ کیا. کیمپ میں تقریباََ 150 بچوں سمیت 700 سے زائد افراد کو مفت چیک کیساتھ ساتھ ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ شمالی وزیرستان کے شہریوں نے فری میڈیکل کیمپ پر پاک فوج کا بھر پور شکریہ ادا کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ؛ دوردراز علاقوں میں پاک فوج کے فری میڈیکل کیمپ کا قیام ایک نعمت ہے۔
رمضان المبارک میں سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار جاری
حکومت خیبرپختونخوا نے رمضان المبارک 2026 کے دوران صوبے بھر کے سرکاری دفاتر کیلئے نئے اوقات کار کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ انتظامیہ امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نئے اوقات کار کا اطلاق تمام صوبائی محکموں اور ماتحت اداروں پر ہوگا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایسے سرکاری دفاتر جو ہفتے میں پانچ دن کام کرتے ہیں، ان کے اوقات پیر سے جمعرات صبح 9 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کے روز دفتری اوقات صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح وہ سرکاری دفاتر جو ہفتے میں چھ دن کام کرتے ہیں، ان کے لیے پیر سے جمعرات اور ہفتہ کے روز اوقات کار صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک ہوں گے، جبکہ جمعہ کو ان دفاتر کے اوقات بھی صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک محدود ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے احترام اور سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کرنے کے پیش نظر دفتری اوقات میں یہ ردوبدل کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق تمام انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اداروں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نئے اوقات کار پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔


