Local News

نیشنل قومی کرکٹ چیمپئن شپ راولپنڈی منتقل، سیمی فائنل و فائنل پشاور میں ہوں گے

پشاور: خطے کی موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر پانچ مارچ سے شروع ہونے والی نیشنل قومی کرکٹ چیمپئن شپ کو راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔ ایونٹ ابتدائی طور پر عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہونا تھا۔

مشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترند نے اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کرکٹ گراؤنڈ مکمل طور پر تیار ہے اور انٹرنیشنل معیار کے مطابق تمام سہولیات دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق اسٹیڈیم میں جدید لائٹنگ سسٹم، معیاری پچز، تماشائیوں کے لیے نشستوں کا مناسب انتظام اور دیگر بنیادی و جدید سہولیات مکمل کی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی منتقلی کا فیصلہ سکیورٹی خدشات کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان، پاکستان اور ایران کے علاوہ امریکہ اور اسرائیل کے درمیان کشیدہ حالات کے باعث علاقائی ماحول غیر یقینی صورت اختیار کر گیا ہے، جس کے پیشِ نظر ابتدائی میچز راولپنڈی منتقل کیے گئے ہیں۔

تاہم مشیر کھیل نے واضح کیا کہ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے بدستور پشاور میں ہی منعقد ہوں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Local News

پبلک سروس کمیشن نے لیکچرر باٹنی (بی پی ایس 17) کے انٹرویو نتائج جاری کر دیے

پشاور: خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن نے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں مرد لیکچرر باٹنی (بی پی ایس 17) کے انٹرویو نتائج جاری کر دیے ہیں، جن کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع سے امیدواروں کو تقرری کے لیے سفارش کی گئی ہے۔

جاری کردہ فہرست کے مطابق ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے تین امیدوار کامیاب قرار پائے ہیں۔ کامیاب امیدواروں میں محمد عباس ولد یعقوب، امین الرحمن ولد مولائی شاہ اور رفیع اللہ ولد عبدالعظیم شاہ شامل ہیں، جن کا ڈومیسائل چترال ظاہر کیا گیا ہے۔

کمیشن کے اعلامیے کے مطابق مذکورہ امیدواروں کی تقرری حتمی منظوری سے قبل ان کے تعلیمی اسناد، ڈومیسائل اور دیگر کوائف کی جانچ پڑتال سے مشروط ہوگی۔ دستاویزات کی تصدیق مکمل ہونے کے بعد باقاعدہ تقرری کے احکامات جاری کیے جائیں گے۔

تعلیمی حلقوں نے چترال سے تین امیدواروں کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی تقرری سے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں تدریسی معیار مزید بہتر ہوگا۔

Local News

رشیدہ ضیاء چیئرپرسن ڈسٹرکٹ کمیٹی آن دی اسٹیٹس آف ویمن اپر چترال تعینات

اپر چترال: ڈسٹرکٹ کمیٹی آن دی اسٹیٹس آف ویمن (DCSW) ضلع اپر چترال کی نومنتخب چیئرپرسن رشیدہ ضیاء نے باقاعدہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے اس تقرری کو اپنے لیے اعزاز اور ایک بڑی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان پر کیے گئے اعتماد پر پورا اترنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے ثریا بی بی، ڈپٹی اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، اور سمیرا شمس، چیئرپرسن خیبر پختونخوا کمیشن برائے خواتین، کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔

رشیدہ ضیاء نے کمیشن کی سیکرٹری شازیہ کی رہنمائی اور تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی معاونت خواتین کے حقوق کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصب ان کے لیے محض ایک عہدہ نہیں بلکہ ضلع اپر چترال کی خواتین کے وقار، تحفظ اور بنیادی حقوق کے فروغ کی ایک امانت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ قانونی فریم ورک اور کمیشن کی پالیسی ہدایات کے مطابق کمیٹی کے تمام اراکین اور متعلقہ اداروں کے اشتراک سے مؤثر اور عملی اقدامات یقینی بنائیں گی تاکہ خواتین کو درپیش مسائل کے حل میں ٹھوس پیش رفت ہو سکے۔

چیئرپرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ اور کمیشن کی جانب سے دیے گئے اعتماد کو وہ باعثِ فخر سمجھتی ہیں اور خواتین کے حقوق کے تحفظ، قانونی معاونت اور سماجی آگاہی کے فروغ کے لیے دیانت داری اور خلوصِ نیت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیتی رہیں گی۔