Decision taken to restore model schools and institutes in KP

خیبرپختونخوا میں ماڈل سکولز و انسٹیٹیوٹس کی بحالی کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں موجود ماڈل سکولز اور ماڈل انسٹیٹیوٹس کی بحالی (ری وائیول) کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماڈل تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے جامع ری وائیول پلان تیار کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم کی سربراہی میں ایک ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے جو ماڈل سکولز کو درپیش مسائل، فیکلٹی کی کمی، ہیومن ریسورس اور انفراسٹرکچر سمیت دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات پیش کرے گا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس میں ہدایت کی کہ ضلع ہری پور اور ضلع خیبر میں بھی ماڈل سکولز اور ماڈل انسٹیٹیوٹس کے قیام کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ معیاری تعلیم کے مواقع کو مزید وسعت دی جا سکے۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ماڈل انسٹیٹیوٹس کی عظمتِ رفتہ کو بحال کر کے انہیں دوبارہ مثالی تعلیمی ادارے بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اداروں میں جدید تقاضوں کے مطابق اصلاحات متعارف کرائی جائیں گی تاکہ طلبہ کو معیاری اور جدید تعلیم فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے اور صوبائی حکومت تعلیمی شعبے کو مضبوط بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔

National T20 Cup: Peshawar vs Karachi Whites match ends without result due to rain.

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: پشاور اور کراچی وائٹس کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ

اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے پانچویں روز کھیلے گئے مقابلوں میں فیصل آباد ریجن نے اپنی پہلی کامیابی حاصل کر لی، جبکہ پشاور ریجن اور کراچی ریجن وائٹس کے درمیان میچ بارش کے باعث بغیر نتیجہ ختم ہوگیا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

پہلے میچ میں بہاولپور ریجن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 158 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ بہاولپور کی جانب سے اوپننگ بلے باز محمد فیضان ظفر نے 27 گیندوں پر چار چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے۔ بعد ازاں دانیال حسین راجپوت اور محمد سرور آفریدی نے 91 کے مجموعی اسکور پر پانچ وکٹیں گرنے کے بعد بالترتیب 25 اور 22 رنز کا اضافہ کیا۔

فیصل آباد ریجن کی جانب سے فاسٹ باؤلر زمان خان نے 3.5 اوورز میں 30 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ مومن قمر اور آفاق آفریدی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں فیصل آباد کی ٹیم نے ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے باوجود اوپننگ بلے باز عتیق الرحمن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف حاصل کر لیا۔ عتیق الرحمن نے 51 گیندوں پر 15 چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 94 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے محمد اویس ظفر کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 91 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔

میچ کے اختتامی لمحات میں آصف علی اور محمد عرفان خان نے ایک ایک چھکا لگا کر بالترتیب 14 اور 11 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ بہاولپور کی جانب سے محمد باسط نے چار اوورز میں 23 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ ٹورنامنٹ کی پوائنٹس ٹیبل کے مطابق گروپ اے میں کراچی وائٹس تین میچوں میں دو فتوحات کے ساتھ پانچ پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست ہے، جبکہ لاہور وائٹس دو میچوں میں دو کامیابیوں کے ساتھ چار پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔ فیصل آباد ریجن نے تین میچوں میں دو پوائنٹس حاصل کیے ہیں جبکہ پشاور ریجن کے دو میچوں میں ایک پوائنٹ ہے۔ ٹورنامنٹ میں جمعرات کو گروپ بی کے میچز میں سیالکوٹ ریجن کا مقابلہ لاہور بلوز سے ہوگا جبکہ کراچی بلوز کی ٹیم ملتان ریجن کے مدِ مقابل آئے گی۔ واضح رہے کہ دونوں گروپس سے سرفہرست دو، دو ٹیمیں سیمی فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

Petition filed in Peshawar High Court for timely local elections in KP.

خیبرپختونخوا میں بروقت بلدیاتی انتخابات کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

خیبرپختونخوا میں بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ درخواست لوکل کونسل ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔ درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان، صوبائی حکومت اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ صوبے میں موجودہ بلدیاتی نمائندوں کی مدت رواں ماہ مارچ میں مکمل ہو رہی ہے۔ درخواست کے مطابق قانون کے تحت حکومت نئی بلدیاتی انتخابات 120 دن کے اندر کرانے کی پابند ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگر مدت ختم ہونے کے بعد بروقت انتخابات نہ کروائے گئے تو صوبے میں آئینی اور انتظامی خلا پیدا ہو سکتا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو صوبے میں بروقت بلدیاتی انتخابات کرانے کے احکامات جاری کیے جائیں، جبکہ صوبائی حکومت کو بھی ہدایت دی جائے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ درخواست میں مزید مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت فریقین کو ہدایت جاری کرے کہ صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بروقت جاری کیا جائے تاکہ مقامی حکومتوں کا نظام بلا تعطل جاری رہ سکے۔