ABS Developers National T20 Cup semi-finals complete

اے بی ایس ڈویلپرز نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے سیمی فائنلز مکمل

دوسرے سیمی فائنل میں بارش کے باعث لاہور وائٹس کو ایبٹ آباد کے خلاف اپنے 194 رنز کے دفاع کا موقع نہ مل سکا. ایبٹ آباد نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پہلے سیمی فائنل میں سیالکوٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔ سیالکوٹ کی جانب سے حسن نواز نے ایک دفعہ پھر ٹاپ سکور کیا، انہوں نے 32 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز خواجہ ارحم نے 33 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سیالکوٹ کے ٹوٹل میں 40 رنز کا اضافہ کیا۔ وکٹ کیپر بیٹر علی افضل نے ساتویں نمبر پر کھیلتے ہوئے تین چھکوں اور ایک چوکے سے مزین 13 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ کپتان اسامہ میر نے 14 گیندوں پر تین چوکے لگاتے ہوئے 19 رنز بنائے۔ کراچی وائٹس کی جانب سے محمد عمر نے چار اوورز میں 29 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد اصغر کی دو، ثاقب خان، میر حمزہ اور دانش عزیز کی ایک ایک وکٹ۔ جواب میں پلیئر آف دی میچ عبداللہ فضل اور کپتان سعود شکیل نے کراچی وائٹس کو 92 رنز کا دھواں دھار آغاز فراہم کیا۔ سعود شکیل 21 گیندوں پر پانچ چوکے اور تین چھکے لگا کر 45 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ عبداللہ فضل کی میچ تبدیل کر دینے والی اننگز میں چھ چوکے اور سات چھکے شامل شامل تھے، انہوں 41 گیندوں پر 88 رنز بنائے۔ ہارون ارشد نے نو گیندوں پر دو چوکے لگا کر ناقابل شکست 15 رنز بنائے، کراچی وائٹس نے ہدف 15 اعشاریہ ایک اوورز میں حاصل کیا۔ سیالکوٹ کی جانب سے کپتان اسامہ میر کی تین وکٹیں، انہوں نے ٹورنامنٹ میں 16 وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے سیمی فائنل میں ایبٹ آباد نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور وائٹس کی جانب سے تیسرے نمبر کے بلے باز عمران ڈوگر کی شاندار اننگز، 31 گیندوں پر تین چوکے اور پانچ چھکے لگائے، 62 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ اوپننگ بلے باز محمد اخلاق کی 35 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز میں چھ چوکے شامل تھے۔ فرحان یوسف کے ناقابل شکست 33 اور محمد محسن کے 24 رنز کی بدولت لاہور وائٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 194 رنز بنائے۔ فرحان یوسف نے ٹورنامنٹ میں اپنی اچھی فارم برقرار رکھتے ہوئے اپنی اننگز میں چھ چوکے لگائے۔ محمد محسن نے 16 گیندوں کا سامنا کیا، انہوں نے ایک چوکا اور دو چھکے رسید کیے۔ ایبٹ آباد کی جانب سے لیفٹ آرم فاسٹ بائولر شہاب خان نے 28 رنز کے عوض چار کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ فائنل میں ایبٹ آباد کا مقابلہ کراچی وائٹس سے بدھ کو ہوگا، میچ کا آغاز شام ساڑھے سات بجے ہوگا۔ فائنل میچ کے لیے بارش کی صورت میں ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے۔