Registry and transfer system paralyzed, e-stamp server down

رجسٹری و انتقال کا نظام مفلوج، ای اسٹامپ سرور ڈاؤن

ایبٹ آباد ضلع میں جائیداد کے انتقال اور رجسٹری سے متعلق امور شدید تعطل کا شکار ہو گئے ہیں، جہاں ایک جانب مینول اسٹامپ پیپر کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، وہیں دوسری جانب ای اسٹامپ سسٹم بھی گزشتہ ایک ہفتے سے سرور ڈاؤن ہونے کے باعث غیر فعال ہے، جس سے شہریوں، وکلاء اور پراپرٹی ڈیلرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت کی جانب سے جدیدیت کے تحت ای اسٹامپ سسٹم متعارف کرایا گیا تھا تاکہ جائیداد کے لین دین کو شفاف اور تیز بنایا جا سکے، تاہم تکنیکی خرابیوں اور سرور مسائل کے باعث یہ نظام فی الحال مؤثر طور پر کام نہیں کر رہا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مینول اسٹامپ پیپرز کی بندش اور ای سسٹم کی معطلی نے رجسٹری، انتقال اور دیگر قانونی معاملات کو مکمل طور پر روک دیا ہے، جس سے روزمرہ کے اہم امور متاثر ہو رہے ہیں۔ وکلاء برادری اور پراپرٹی ڈیلرز نے بھی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ متاثرہ افراد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ای اسٹامپ سسٹم کے سرور مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور متبادل انتظامات بھی کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو نہ صرف عوامی مسائل میں اضافہ ہوگا بلکہ پراپرٹی سے متعلق کاروبار بھی مزید جمود کا شکار ہو سکتا ہے، جبکہ اس حوالے سے تاحال متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی واضح لائحہ عمل سامنے نہیں آیا۔

WAPDA's educational project in Dasu

واپڈا کا داسو میں تعلیمی منصوبہ

واپڈا نے تعلیم کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اقدام اٹھاتے ہوئے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت سیو گاؤں میں گورنمنٹ ہائی اسکول اور گورنمنٹ پرائمری اسکول کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھ دیا۔ منصوبے پر مجموعی طور پر 640 ملین روپے لاگت آئے گی۔ یہ تعلیمی منصوبہ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لوکل ایریا ڈیولپمنٹ پروگرام (ایل اے ڈی پی) کے تحت مکمل کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد مقامی آبادی کو معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا اور سماجی و معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔

منصوبے کے تحت تعمیر ہونے والے تعلیمی اداروں میں جدید اور کشادہ کلاس رومز، مکمل طور پر لیس سائنس اور کمپیوٹر لیبارٹریز، ملٹی پرپز ہال، اسٹاف رومز سمیت دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول میسر آ سکے۔ سنگ بنیاد کی تقریب میں جنرل منیجر ڈی ایچ پی پی امیر شفیق الرحمن، ڈپٹی کمشنر اپر کوہستان عزیز اللہ جان، واپڈا اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام، مقامی عمائدین، سیاسی و سماجی نمائندگان، اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے علاقائی ترقی میں تعلیم کے کلیدی کردار پر زور دیا اور اس اقدام کو اپر کوہستان میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے منصوبے نہ صرف شرح خواندگی میں اضافہ کریں گے بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع بھی پیدا کریں گے۔

واضح رہے کہ واپڈا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت مقامی سطح پر متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں اسکولوں میں کمپیوٹر لیبارٹریز کا قیام، فرنیچر اور سولر سسٹمز کی فراہمی، طلبہ کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت اور وظائف کی فراہمی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی تعمیر، صحت کے شعبے کی بہتری اور دیگر فلاحی منصوبے بھی مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ کئی زیرِ تکمیل ہیں۔ مقامی کمیونٹی نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے علاقے کی طویل المدتی ترقی اور تعلیمی استحکام کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔

peace-consultative-meeting-to-promote-interfaith-harmony-in-haripur

ہری پور میں بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے امن مشاورتی اجلاس

ضلع ہری پور میں امن و امان کے قیام، بین المسالک ہم آہنگی اور سماجی استحکام کے فروغ کے لیے ایک اہم امن مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کی۔ اجلاس میں ضلع بھر سے کثیر تعداد میں علمائے کرام، مشائخ عظام اور تمام مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس موقع پر پہلی مرتبہ ہری پور کی تاریخ میں اتنے وسیع پیمانے پر مختلف مسالک کے علما و مشائخ کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا گیا، جہاں شرکاء کو امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کے حوالے سے اظہارِ خیال کا موقع فراہم کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاشرے کے تمام طبقات امن، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے خواہاں ہیں۔ اجلاس میں ضلع بھر کی امن و امان کی صورتحال، مذہبی رواداری، باہمی احترام، سوشل میڈیا کے مثبت استعمال، منبر و محراب کے کردار اور عوامی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے جیسے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ علمائے کرام اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندگان نے معاشرے میں برداشت، اخوت اور امن کے قیام کے لیے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ علمائے کرام معاشرتی اصلاح اور نوجوان نسل کی مثبت رہنمائی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ مذہبی ہم آہنگی، اتحاد و اتفاق اور قانون کی پاسداری ایک پرامن معاشرے کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قانون اور ضابطہ اخلاق کی پابندی ہر شہری پر لازم ہے اور کسی کو بھی طے شدہ حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ علما سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے خطبات اور اجتماعات میں صبر، برداشت، اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام عام کریں اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال یقینی بنائیں۔ ڈی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن و امان کا قیام مشترکہ ذمہ داری ہے اور پولیس تمام مکاتبِ فکر کے تعاون سے امن دشمن عناصر کے عزائم ناکام بنائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور دیرپا امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Abbottabad: Clean and Green Campaign, cleanliness activity held in Harno

ایبٹ آباد: کلین اینڈ گرین مہم، ہرنو میں صفائی ایکٹیوٹی کا انعقاد

ایبٹ آباد ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کلین اینڈ گرین ایبٹ آباد کے تحت ہرنو میں صفائی ایکٹیوٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف اداروں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے حصہ لیا۔ یہ سرگرمی ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد اور ون نیشن پاکستان کے باہمی تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں کامسیٹس یونیورسٹی، ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ، یوتھ افیئرز اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اساتذہ، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے ہرنو کے مختلف مقامات سے کوڑا کرکٹ صاف کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد سلیم اکرم نے خصوصی شرکت کی اور شرکاء سے ملاقات کی۔ انہوں نے صفائی ستھرائی اور ماحول کے تحفظ کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور معاشرے میں آگاہی بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے نوجوانوں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف ماحول کو بہتر بناتی ہیں بلکہ شہری ذمہ داری کے شعور کو بھی فروغ دیتی ہیں۔ انہوں نے مستقبل میں بھی اسی نوعیت کی آگاہی مہمات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر افراسیاب زبیر ہندل، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، مختلف فلاحی تنظیموں، یوتھ والنٹیئرز اور شہریوں نے بھی بھرپور شرکت کی۔

Grand tribal jirga held in Upper Orakzai Ghaljo

اپر اورکزئی غلجو میں گرینڈ قبائلی جرگے کا انعقاد

اورکزئی جرگے میں کمانڈنٹ اورکزئی اسکاؤٹس ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے بھی شرکت کی۔ قبائلی مشران کا جرگے سے خطاب  کرتے ہو ئے کہا ہم امن چاہتے ہیں قبائل نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں۔ اورکزئی کی ترقی کیلئے ایک ماہ کے اندر تمام سب ڈویژنل دفاتر اپر اورکزئی غلجو منتقل ہونگیں ۔ ڈپٹی کمشنر اورکزئی۔ اپر اورکزئی امن میں کافی بہتری آئی ہے عنقریب حالات مزید بہتر ہونگے۔کمانڈنٹ اورکزئی اسکاؤٹس کا کہنا تھا کہ ہم علاقے میں امن قائم کریں گے ہمارا مقصد امن علاقائی ترقی اور خوشحالی ہے۔ عوام اور فورسز ایک جان ہوکر امن قائم کریں گے۔