آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں جاری انٹرنیشنل پلاٹینم کیٹیگری سکواش ٹورنامنٹس میں پاکستانی جونیئر کھلاڑیوں نمرہ رحمان اور احمد صفوان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا لیا۔
رپورٹس کے مطابق نمرہ رحمان نے آسٹریلین جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ میں مسلسل دو نمایاں فتوحات کے بعد فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں میزبان ملک کی ٹاپ رینکنگ جونیئر کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کی سیکنڈ سیڈ کو اسٹریٹ گیمز میں شکست دے کر سب کو حیران کیا، جبکہ سیمی فائنل میں بھی عمدہ فارم برقرار رکھتے ہوئے ایک مضبوط حریف کو 3-0 سے شکست دے کر فیصلہ کن مرحلے میں جگہ بنائی۔
دوسری جانب احمد صفوان نے بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کوارٹر فائنل میں تھرڈ سیڈ کھلاڑی کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا، جو شائقین کے لیے نہایت دلچسپ مقابلہ ثابت ہوا۔
یہ دونوں نوجوان کھلاڑی بین الاقوامی کوچ رحمان گل کی زیر نگرانی تربیت حاصل کر رہے ہیں، جن کی رہنمائی میں انہوں نے عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ان کے بڑے بھائی محمد شمیلین اگست 2025 میں انڈر 19 کیٹیگری میں عالمی نمبر ون رہ چکے ہیں اور اس وقت پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیشنل سرکٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔
کھلاڑیوں کی یہ کارکردگی اوشیانا جونیئر اوپن سکواش چیمپئن شپ اور دیگر بین الاقوامی ایونٹس میں پاکستان کی واپسی کا اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔ کھیلوں کے ماہرین کے مطابق نوجوان ٹیلنٹ کی یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ پاکستان کا سکواش ایک بار پھر عالمی منظرنامے پر ابھر رہا ہے۔
نمرہ رحمان اور احمد صفوان کی نمایاں کارکردگی کو نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر قرار دیا جا رہا ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ وہ مستقبل میں بھی اسی طرح پاکستان کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
