پولیس خاندانوں کو مفت آئی ٹی اور اے آئی کورسز فراہم کیے جائیں گے
ہری پور: ہری پور پولیس اور RankingGrow کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے ہیں، جس کے تحت شہداء پولیس کی فیملیز، ریٹائرڈ پولیس افسران کے اہل خانہ، حاضر سروس ملازمین اور ان کے بچوں کو جدید آئی ٹی اور ڈیجیٹل مہارتوں کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔
معاہدے کے مطابق مستحق افراد کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI)، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ اور دیگر جدید آئی ٹی کورسز بغیر کسی فیس کے کرائے جائیں گے۔
ایم او یو پر شفیع اللہ گنڈاپور اور رینکنگ گرو کے فاؤنڈر و سی ای او عماد علی نے دستخط کیے۔ تقریب میں شبیر حسین شاہ اور رینکنگ گرو کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈی پی او ہری پور شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ موجودہ دور میں آئی ٹی اور ڈیجیٹل اسکلز کی اہمیت بہت بڑھ چکی ہے، اور اس اقدام کا مقصد پولیس خاندانوں، بالخصوص شہداء کے بچوں اور نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے انہیں بااختیار بنانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور پولیس امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود، تعلیم اور بہتر مستقبل کے لیے بھی عملی اقدامات کر رہی ہے۔ ان کے مطابق جدید ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اے ڈی پی اجلاس
پشاور: محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت مالی سال 2025-26 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضم شدہ اور بندوبستی اضلاع کے لیے فنڈز کے اجرا اور اخراجات کی سیکٹر وار صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جاری مالی سال کے اختتام تک جاری شدہ فنڈز کے مکمل اور مؤثر استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اے آئی پی فنڈز کے استعمال کی موجودہ شرح 89 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد تک لے جانے پر بھی زور دیا۔
اجلاس کے دوران رواں مالی سال کی چوتھی سہ ماہی کے صوبائی کیش فلو فورکاسٹنگ پر بھی غور کیا گیا، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے لیے 5 ارب 60 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح تکمیل کے قریب منصوبوں کے لیے 2 ارب 39 کروڑ روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پی آر پی منصوبے کے لیے 13 ارب 82 کروڑ 50 لاکھ روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ پاکستان ہائی ویز اتھارٹی کے لیے 100 فیصد فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو جلد از جلد ثمرات پہنچ سکیں۔
ٹانک میں بیٹنی ایجوکیشن آگاہی سیمینار کا انعقاد
ٹانک: آل بیٹنی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام بیٹنی ایجوکیشن آگاہی سیمینار کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے مشران، سیاسی و سماجی شخصیات، سرکاری افسران، اساتذہ، نوجوانوں، طلبہ اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار میں نوجوان نسل کی تعلیم، شعور اور مثبت کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جبکہ مقررین نے تعلیمی ترقی کو علاقے کے روشن مستقبل کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر نجیب اللہ بیٹنی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمینار کا کامیاب انعقاد تمام شرکاء، مشران اور تعاون کرنے والے افراد کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم اور شعور کی راہ پر گامزن کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے خصوصی طور پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ٹانک کی شرکت کو اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے پروگرام کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔
صدر آل بیٹنی سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نے ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مالی اور اخلاقی تعاون فراہم کر کے پروگرام کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کابینہ اراکین کی شب و روز محنت، جذبے اور ٹیم ورک کو بھی سراہا۔
ڈاکٹر نجیب اللہ بیٹنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی تعلیم، شعور اور روشن مستقبل کے لیے اسی طرح مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
طورخم بارڈر کھولنے اور پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے لنڈی کوتل میں اہم جرگہ
خیبر (لنڈی کوتل): خیبر رائفلز کے کمانڈنٹ کے ساتھ لنڈی کوتل کے مشران کا ایک اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں افغانستان میں پھنسے پاکستانی ڈرائیوروں، تاجروں، طلبہ اور گاڑیوں کی وطن واپسی اور طورخم بارڈر کے ذریعے آمدورفت بحال کرنے کے معاملے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگہ کے دوران مشران نے اپنے دستخطوں پر مشتمل مشترکہ تحریری درخواست ایف سی نارتھ کے انسپکٹر جنرل کے نام کمانڈنٹ خیبر رائفلز کو پیش کی۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ افغانستان میں موجود پاکستانی شہریوں، تاجروں، طلبہ اور ڈرائیوروں کو فوری طور پر طورخم بارڈر کے راستے پاکستان واپس آنے کی اجازت دی جائے۔
جرگہ اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ بارڈر کی بندش کے باعث متعدد پاکستانی شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ سرحدی تجارت اور کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ مشران نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر پھنسے افراد کی جلد واپسی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر کمانڈنٹ خیبر رائفلز نے جرگہ ممبران کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات اور تحفظات تحریری شکل میں اعلیٰ حکام تک پہنچائے جائیں گے اور اس سلسلے میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا جائے گا۔
وادی کیلاش کا چلم جوشی تہوار کا آغاز
وادی کیلاش کا چلم جوشی تہوار کا آغاز ہو گیا۔ جوشی فیسٹیول 13 مئی سے 17 مئی تک چترال لوئر کی وادی کیلاش میں جاری ہے۔ تہوار کے پہلے دن وادی رمبور میں چریک پیپی (دودھ پینے اور تقسیم کرنے کا دن) رسم منائی جاتی ہے۔ فیسٹیول میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کی ٹورازم پولیس لواری ٹنل سے وادی کیلاش تک مختلف مقامات پر تعینات ہے۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی شاہد خان کی ہدایات پر ٹورازم پولیس کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں۔ رسم میں تمام لڑکیاں اور لڑکے بکریوں کے اصطبل جاتے ہیں اور اصطبل کو جنگلی پھولوں اور اخروٹ کے پتوں سے سجایا جاتا ہے۔ آپس میں محبت بانٹنے کیلئے تہوار میں دودھ کیساتھ ساتھ پنیر اور دہی بھی تقسیم کیا جاتا ہے۔ تہوار میں اخروٹ والی روٹی بنا کر تقسیم کرنے کی رسم بھی شامل ہے۔ فیسٹیول میں روایتی ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہیں۔ کیلاش کی تینوں وادیوں میں ہونے والی اس روایتی ثقافتی تقریب میں ملکی و غیر ملکی سیاح امڈ آئے۔ تہوار کے آخری روز وادی بمبوریت میں تہوار منایا جاتا ہے۔




