Eid Holidays May 2026

وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کا اعلان کر دیا

اسلام آباد: کابینہ ڈویژن پاکستان نے عیدالاضحیٰ 2026 کی سرکاری تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 26، 27 اور 28 مئی تک ہوں گی۔ وفاقی حکومت نے یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا۔

اعلامیے کے مطابق 26 مئی کو حج کی تعطیل جبکہ 27 مئی کو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی جائے گی۔

کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام وفاقی اداروں اور متعلقہ محکموں کو تعطیلات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Chance of rain with strong winds, gusts and thunder in most districts of Khyber Pakhtunkhwa from tomorrow.

خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں 23 مئی تک بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی

پشاور: پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے صوبے کے بالائی اضلاع میں آج رات سے 23 مئی تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال اپر، چترال لوئر، دیر اپر، دیر لوئر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت مختلف اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ تیز بارش متوقع ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مردان، صوابی، خیبر، مہمند، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، کوہاٹ، کرم، ہنگو، اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں بھی بارشوں اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی اضلاع خصوصاً چترال، دیر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں لینڈ سلائیڈنگ جبکہ مختلف علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

ادارے کے مطابق بارشوں سے شدید گرمی کی لہر میں عارضی کمی متوقع ہے، تاہم تیز ہواؤں اور بارشوں سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، سولر پینلز اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا بھی اندیشہ ہے۔ کسانوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو ٹیموں کی تیاری، وسائل کی دستیابی، نکاسی آب کے نظام کی صفائی، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے اور متبادل راستے فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ سیاحوں اور شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور سیلابی ریلوں، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے جبکہ عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700 پر دے سکتے ہیں۔