پشاور: پاکستانی نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے پشاور سے سکردو تک تقریباً 800 کلومیٹر طویل نان اسٹاپ دوڑ مکمل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔
مسعود خان نے پشاور سے سکردو تک کا دشوار گزار اور طویل سفر بغیر رکے کامیابی سے طے کیا۔ اس دوران انہوں نے قراقرم ہائی وے کے مشکل پہاڑی راستوں، دریائے سندھ کے خوبصورت مناظر اور گلگت بلتستان کی وادیوں کو عبور کیا۔
ایتھلیٹ کے مطابق انہوں نے 810 کلومیٹر کا یہ چیلنج انتہائی سخت حالات کے باوجود صرف 9 دن میں مکمل کیا، جو اپنی نوعیت کا منفرد اور پہلا کارنامہ ہے۔
سعود خان نے کہا کہ انہوں نے یہ ریکارڈ پاکستان اور قوم کے نام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلسل دوڑ کے باعث کئی مواقع پر قدم ڈگمگائے، تاہم انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج 800 کلومیٹر کا ہدف پورا ہونا نہ صرف ان کے لیے بلکہ پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔
واضح رہے کہ مسعود خان اس سے قبل بھی پاکستان میں روس، جاپان اور چین سمیت مختلف ممالک کے ایتھلیٹس کے ساتھ مقابلوں میں شرکت کر کے متعدد تمغے اپنے نام کر چکے ہیں۔
کھیلوں کے حلقوں کے مطابق یہ کارنامہ پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے اور ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
