شہریوں کو سول رجسٹریشن کی سہولیات ان کی دہلیز تک پہنچانے کے لیے پشاور کی تمام ویلج اور نیبرہوڈ کونسلوں میں نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے سول رجسٹریشن سروسز کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ نئی سہولت کے تحت شہری اب اپنے موبائل فون کے ذریعے پیدائش، وفات، شادی، طلاق اور نکاح کی تنسیخ جیسے اہم واقعات کی رجسٹریشن گھر بیٹھے آسانی سے کرا سکیں گے، جس سے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت میں نمایاں کمی آئے گی۔اعلامیے کے مطابق سول رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے 145 روپے سروس فیس مقرر کی گئی ہے، جس میں 120 روپے نادرا، 15 روپے متعلقہ ویلج یا نیبرہوڈ کونسل جبکہ 10 روپے سیکریٹری ویلج یا نیبرہوڈ کونسل کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو جدید، آسان اور شفاف ڈیجیٹل سہولیات فراہم کرنا اور سول رجسٹریشن کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
خیبرپختونخوا: ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کارروائیوں کے دوران ہزاروں لیٹر غیر معیاری دودھ اور بڑی مقدار میں مضر صحت اشیائے خور و نوش ضبط کر کے تلف کر دیں۔ فوڈ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق مردان کے رشکئی انٹرچینج پر کارروائی کے دوران کیمیکل ملا 3,500 لیٹر دودھ برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا، جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی۔ ترجمان نے بتایا کہ پشاور میں 40 لیٹر پانی ملا دودھ اور 300 کلوگرام مس لیبل آئس کریم ضبط کر کے تلف کی گئی، جبکہ چارسدہ میں 30 لیٹر غیر معیاری دودھ اور 150 کلوگرام آئس کریم قبضے میں لے کر ضائع کر دی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی اور ملاوٹ ثابت ہونے پر متعلقہ کاروباری افراد کے خلاف جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ ترجمان نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے صوبہ بھر میں معائنوں اور کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رہے گا، جبکہ ملاوٹ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نملی میرا سپر لیگ: دو روزہ کرکٹ میلہ اختتام پذیر
گلیات کی معروف کرکٹ سرگرمی نملی میرا سپر لیگ (NSL) کا پانچواں ایڈیشن شاندار مقابلوں کے بعد اختتام پذیر ہوگیا، جہاں ازلان کرکٹ کلب نے فائنل میں فرینڈز چیتا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ ٹورنامنٹ کا انعقاد بڑے ہوتر کرکٹ گراؤنڈ میں کیا گیا، جس میں 16 ٹیموں نے حصہ لیا۔ منتظمین نے کھلاڑیوں اور شائقین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ناک آؤٹ بنیادوں پر دو روزہ ایونٹ کامیابی سے مکمل کیا۔
لیگ کے دوران سنسنی خیز مقابلے، جارحانہ بیٹنگ، شاندار باؤلنگ، ہوائی کیچز، رن آؤٹس اور دلچسپ فیلڈنگ نے شائقین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ تمام میچز کی لائیو کوریج نے بھی ٹورنامنٹ کی مقبولیت میں اضافہ کیا۔ فائنل میں بہترین آل راؤنڈ کارکردگی پر ہارون کو “مین آف دی فائنل” قرار دیا گیا، جنہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں نمایاں کھیل پیش کیا۔
اختتامی تقریب کے مہمانانِ خصوصی میں راجہ مشتاق، راجہ ممتاز، سردار شاہنواز، راجہ ابرار اور ملک جہانگیر شامل تھے، جنہوں نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ مہمانوں نے لیگ کے منتظمین راجہ وقاص، حسیب خالقداد، راجہ ثاقب، ابرار عباسی اور ثاقب سلیم کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے آئندہ بھی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


