Online learner license facility introduced in Peshawar through "Rabata App"

پشاور میں “رابطہ ایپ” کے ذریعے آن لائن لرنر لائسنس کی سہولت متعارف

سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید کی ہدایت پر عوامی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کا عمل مزید آسان بناتے ہوئے “رابطہ ایپ” کے ذریعے آن لائن لرنر لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق شہری اب گھر بیٹھے “رابطہ ایپ” کے ذریعے لرنر ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آن لائن درخواست جمع کرا سکیں گے، جس سے ان کے وقت اور اخراجات دونوں میں نمایاں بچت ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ “رابطہ ایپ” گوگل پلے اسٹور سے مفت ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، جبکہ درخواست گزار 45 روز بعد ڈرائیونگ ٹیسٹ اور دیگر قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد مستقل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکیں گے۔ ڈاکٹر زاہد اللہ کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید آسان، شفاف اور مؤثر بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی سہولت سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جدید آن لائن نظام کے ذریعے شہریوں کو تیز رفتار اور معیاری خدمات کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔

Khyber Pakhtunkhwa: Heavy rains with thunderstorms expected from July 13 to 19

خیبرپختونخوا: 13 سے 19 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق 13 سے 19 جولائی کے دوران خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کا امکان ہے۔ گلیشیئر والے علاقوں میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے باعث برف اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا خدشہ ہے، جس کے نتیجے میں دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح بلند ہو سکتی ہے، جبکہ گلیشیئر جھیلوں کے پھیلاؤ اور نئی گلیشیئر جھیلوں (GLOFs) کے بننے کا بھی امکان ہے۔ یہ صورتحال خصوصاً اپر / لوئر چترال، اپر / لوئر دیر، سوات، اپر / لوئر کوہستان اور مانسہرہ میں زیادہ متوقع ہے۔ تمام سیاحوں اور مسافروں سے گزارش کی گئی ہے کہ سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، موسمی صورتحال سے باخبر رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر خیبرپختونخوا ٹورازم ہیلپ لائن 1422 پر رابطہ کریں۔