Sport News

ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ: پاکستان کا انڈر 16 میں ایشین چیمپئن اور “بیسٹ ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز

الماتے (قازقستان): پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے تحت قومی ٹیم نے ایشین جوجٹسو چیمپئن شپ 2026 کے پہلے روز شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈر 16 مقابلوں میں دو طلائی اور دو چاندی کے تمغے جیت لیے، جبکہ مجموعی طور پر “بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

انڈر 16 ڈوئو شو سسٹم (Duo Show System) کے مقابلوں میں پاکستان کی ایتھلیٹس زنیرہ ذوالفقار اور سندس علی نے شاندار تکنیکی مہارت اور بہترین ہم آہنگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان اس ایونٹ میں ایشین چیمپئن بن گیا اور الماتے میں قومی پرچم لہرایا گیا جبکہ قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

اسی ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹس عبدالرحمان اور آمنہ عرفان نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈلز اپنے نام کیے، جبکہ میزبان قازقستان نے برونز میڈل حاصل کیا۔

ان نتائج کی بدولت پاکستان نے مجموعی طور پر “بیسٹ انڈر 16 ٹیم آف ایشیا” کا اعزاز بھی حاصل کیا، جو ملکی جوجٹسو کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

چیمپئن شپ میں ایشیا کے 25 ممالک کے تقریباً 728 ایتھلیٹس مختلف کیٹیگریز میں حصہ لے رہے ہیں، جہاں پاکستان نے پہلے ہی روز اپنی مضبوط موجودگی کا بھرپور احساس دلایا۔

پاکستان جوجٹسو فیڈریشن کے چیئرمین نے قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کھلاڑیوں کی انتھک محنت، کوچنگ اسٹاف کی پیشہ ورانہ تیاری اور فیڈریشن کی مؤثر منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے، جبکہ انڈر 16 میں ایشین چیمپئن اور بیسٹ ٹیم آف ایشیا کا اعزاز پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔

فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل اور ٹیم لیڈر طارق علی نے کہا کہ ایشین چیمپئن شپ کا یہ شاندار آغاز پاکستان جوجٹسو کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ قومی ٹیم آئندہ مقابلوں میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ محمود الحسن نے کہا کہ کھلاڑیوں نے بہترین اعتماد، تکنیکی مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا، اور یہ کامیابی ان کی مسلسل محنت کا صلہ ہے۔