پشاور یونیورسٹی سمیت تمام سرکاری جامعات حکومت کی ترجیح ہیں، 2017 سے 2024 تک کے تمام پنشن واجبات یکمشت ادا کیے گئے، اب 2024 سے جون 2026 کے واجبات بھی ریلیز کر دیے۔ جامعات کا خسارہ 9 ارب سے کم کر کے 4.5 ارب روپے تک لایا، مالی معاونت بڑھا کر 12 ارب روپے کر دی۔ وفاق نے احساس اسکالرشپ پروگرام بند کیا، خیبرپختونخوا حکومت اسے اپنے وسائل سے جاری رکھے گی۔ طلبہ اور نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، ہر قومی تحریک میں انہوں نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں برین ڈرین تشویشناک ہے، نوجوان روزگار اور بہتر مواقع نہ ملنے پر ملک چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ وفاق کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے پٹرول مہنگا کرنے کے سوا کوئی مؤثر پالیسی نہیں۔ عوام سے دور رہنے والی حکومتیں کامیاب نہیں ہوتیں، حکمرانوں کو عوام کے درمیان جانا ہوگا۔ آزاد میڈیا جمہوریت کے لیے ضروری ہے، عوام تک حقائق پہنچنے چاہئیں۔ کشمیر، بلوچستان اور دیگر علاقوں کے مسائل طاقت نہیں بلکہ سیاسی اور آئینی طریقے سے حل کیے جائیں۔ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست مزید خطرناک نتائج پیدا کرے گی۔ 26 نومبر کے واقعات کی غیرجانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہئیں، شہداء کے لواحقین کو انصاف ملنا چاہیے۔ پانچ اگست کا سیمی فائنل کامیاب بنائیں گے، فائنل بھی عوام دیکھیں گے۔ پاکستان شدید معاشی بحران کا شکار ہے، وفاقی حکومت کی ترجیحات معیشت کے بجائے سیاسی انتقام ہیں۔ مسلسل ریاستی جبر کے باوجود عمران خان کی مقبولیت برقرار ہے۔ عمران خان کی حکومت کے خاتمے سے قبل ملکی معیشت 6.1 فیصد گروتھ کر رہی تھی، آج جی ڈی پی گروتھ تقریباً 3 فیصد رہ گئی ہے۔ 75 سال میں قومی قرضہ 43 ہزار ارب روپے تھا، چند برسوں میں بڑھ کر 76 ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا،۔
خیبرپختونخوا حکومت نے اصلاحات کے ذریعے بغیر نئے ٹیکس لگائے صوبائی ریونیو 68 ارب سے بڑھا کر پہلے 92 ارب اور پھر 150 ارب روپے سے زائد کر دیا۔ 2025-26 کے لیے 129 ارب روپے کا ریونیو ہدف مقرر تھا، حکومت نے 150 ارب روپے سے زائد وصول کیے۔ خیبرپختونخوا 800 ایم ایم سی ایف ڈی سے زائد گیس پیدا کرتا ہے، صوبے کے بقایا واجبات فوری ادا کیے جائیں۔ آئین کے مطابق گیس پیدا کرنے والے صوبے کو ترجیح ملنی چاہیے، خیبرپختونخوا میں گیس لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے۔ خیبرپختونخوا حکومت طلبہ کے ساتھ کھڑی ہے، تعلیم کے لیے انٹرسٹ فری لون اور بیرون ملک تعلیم کے لیے بھی قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبائی انٹرن شپ پالیسی مکمل ہو چکی، جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
