پشاور میں حالات معمول پر، تمام سڑکیں، تعلیمی ادارے اور بازار کھل گئے، پولیس
پشاور: کیپیٹل سٹی پولیس پشاور نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر معمول کے مطابق ہے، جبکہ تمام سڑکوں، تعلیمی اداروں، بازاروں اور دیگر معمولاتِ زندگی کو بحال کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کیپیٹل سٹی پولیس کے مطابق شہری بلاخوف و خطر اپنی روزمرہ سرگرمیاں جاری رکھ سکتے ہیں اور شہر بھر میں آزادانہ نقل و حرکت کر سکتے ہیں۔
پولیس کے مطابق ریڈ زون کے صرف مخصوص حفاظتی مقامات پر پابندیاں برقرار ہیں، جبکہ شہر کے دیگر تمام علاقوں میں شہریوں کی آمدورفت پر کوئی پابندی نہیں ہے۔
سی سی پی او پشاور نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ شہر میں امن و امان برقرار ہے اور پولیس عوام کے تحفظ اور سہولت کے لیے پوری طرح مستعد ہے۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اطمینان کے ساتھ اپنے کاروبار، ملازمتوں، تعلیمی سرگرمیوں اور دیگر روزمرہ امور جاری رکھیں۔
