پشاور — خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں مصالحہ جات کی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 1500 کلوگرام مال ضبط اور پیداواری یونٹ سیل کر دیا۔ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق فیکٹری میں زائدالمیعاد نمکو، چپس اور پاپڑ سے مصالحے تیار کیے جا رہے تھے۔
بڑھ بیر میں برانڈڈ مصالحوں کی جعلی مصنوعات ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی، جبکہ پھندو روڈ پر خراب چکن کلیجی تلف کرکے دکاندار کو جرمانہ کیا گیا۔ پیپل منڈی میں بھی معائنوں کے دوران خلاف ورزیوں پر جرمانے اور لائسنسوں کی تجدید و حفاظتی اصولوں پر عمل کی ہدایات جاری کی گئیں۔
مردان میں ایک گاڑی سے 1500 ناقابلِ استعمال انڈے برآمد کرکے تلف کیے گئے اور ڈسٹری بیوٹر کو جرمانہ کیا گیا۔ مانسہرہ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کے دوران گاڑی سے 260 کلوگرام غیر معیاری کھویا برآمد کرکے تلف کیا اور جرمانہ عائد کیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر معیاری اشیائے خورونوش فروخت کرنے والے کاروباروں کی اطلاع اتھارٹی کو دیں۔

