مشیر اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور اور زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے کہا ہے کہ ریاست کے خلاف مسلح سرگرمیاں اور دہشت گردی حرام ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواجِ پاکستان سمیت تمام سیکیورٹی و سول اداروں کی حمایت کرتے ہیں۔
ینگ لیڈر پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے معاشرے کے تمام طبقات کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ وفد میں سینئر نائب صدر سمیع اللہ، جنرل سیکرٹری آصف خان، ہاشم خلیل اور عامر سہیل سمیت دیگر اراکین شامل تھے۔
مولانا طیب قریشی نے بتایا کہ مدارس کے طلبہ کی تعلیمی و پیشہ ورانہ صلاحیتیں بڑھانے کے لیے لیپ ٹاپ اسکیم اور ڈیجیٹل اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کی کردار سازی اور قائدانہ صلاحیتوں کے فروغ میں ینگ لیڈر پارلیمنٹ کے کردار کو سراہا اور ایسے فورمز میں مدارس کے طلبہ کی شرکت یقینی بنانے پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ پیغامِ امن کمیٹی، پیغامِ پاکستان کا قومی بیانیہ جامعات اور کالجوں تک پہنچائے گی۔ ان سرگرمیوں میں علمائے کرام، نوجوانوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شریک کیا جائے گا۔
مشیر اوقاف نے جبری مذہبی تبدیلی کی مخالفت کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اقلیتی برادریوں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے خواتین کی تعلیم، مذہبی رواداری اور بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ پر بھی زور دیا۔