سوات: گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم و سماجی بہبود ڈاکٹر عامر عبداللہ نے یونیورسٹی آف سوات میں ڈاکٹر فاروق شہید ہیلتھ سہولت مرکز، طلبہ کے لیے ون ونڈو سہولت مرکز، 500 کلوواٹ سولر پاور سسٹم اور ہنر کدہ سینٹر آف ایکسیلنس فار آرٹ اینڈ کلچر کا افتتاح کیا۔
طبی مرکز میں طلبہ اور ملازمین کو طبی معائنے، لیبارٹری ٹیسٹ اور فزیوتھراپی کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ون ونڈو مرکز میں طلبہ کو ٹرانسپورٹ، اسکالرشپس، کیریئر رہنمائی، آئی ٹی اور دیگر انتظامی خدمات ایک ہی جگہ ملیں گی۔ مشیر تعلیم نے یہ سہولت دیگر جامعات میں بھی متعارف کرانے پر زور دیا۔ دورے کے دوران بتایا گیا کہ سولر سسٹم کی تنصیب پر جامعہ کو کوئی خرچ برداشت نہیں کرنا پڑا۔
سرکاری و نجی شعبے کی شراکت سے قائم ہنر کدہ میں ڈاکٹر عامر عبداللہ نے خطاطی، مصوری، طلبہ کے فن پاروں اور ثقافتی نمونوں کا معائنہ کیا۔ انہیں ہنر کدہ کے مستقل کیمپس اور میوزیم کے مجوزہ منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے قومی و علاقائی ثقافتی ورثے پر تحقیق کو فروغ دینے اور آرٹس کے گریجویٹس کو مجوزہ انٹرن شپ پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔
طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ نشست میں مشیر تعلیم نے تعلیمی نظام، جامعات کے مسائل اور اسکالرشپس سے متعلق سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان دورانِ تعلیم ہی روزگار کی منڈی سے ہم آہنگ مہارتیں سیکھیں اور دیانت داری، جواب دہی اور ٹیم ورک کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔
