سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی سیمینار

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام ذوالفقار علی بھٹو پوسٹ گریجویٹ پیرامیڈیکل انسٹیٹیوٹ پشاور میں ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں اساتذہ، طلبہ اور دیگر افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار میں ایس پی ایجوکیشن محمد صدیق اور سٹی ٹریفک پولیس کی ایجوکیشن ٹیم نے طلبہ کو روڈ سیفٹی، زیبرا کراسنگ، سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال، ڈرائیونگ کے اصولوں اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایس پی ایجوکیشن محمد صدیق نے کہا کہ دورانِ سفر سیٹ بیلٹ کے استعمال سے ٹریفک حادثات اور ان کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس مختلف تعلیمی اداروں میں آگاہی پروگرام منعقد کرتی ہے تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین کا شعور اجاگر کیا جا سکے اور حادثات میں کمی لائی جا سکے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران ہمیشہ سیٹ بیلٹ باندھیں، ٹریفک لین ڈسپلن کا خیال رکھیں اور موبائل فون کے استعمال سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، کیونکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات پر قابو پانے اور قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاس ہوتی ہے، جبکہ پیشہ ورانہ تربیت اور ٹریفک قوانین سے آگاہی شہریوں کو مختلف صورتحال کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے قابل بناتی ہے۔

Khyber Pakhtunkhwa government's decision to amend the Police Act 2017 پولیس

باجوڑ پولیس کا غیر قانونی انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ خان زیب مہمند نے کہا ہے کہ ضلع باجوڑ میں ایسے تمام ایجنٹس کا ڈیٹا جمع کیا جا رہا ہے جو نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے یورپی ممالک بھیجنے میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی اسمگلنگ کے ذریعے نوجوانوں کو غیر قانونی اور پُرخطر راستوں پر بیرونِ ملک بھیجنا انتہائی تشویشناک عمل ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔ ڈی پی او باجوڑ نے واضح کیا کہ ایسے غیر قانونی دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے بیرونِ ملک بھیجنے سے گریز کریں اور ایسے ایجنٹس کے بارے میں معلومات فوری طور پر باجوڑ پولیس کو فراہم کریں تاکہ انسانی جانوں کے تحفظ اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

سنٹرل جیل پشاور میں نامزد اضلاع کے قیدیوں کے لیے سپورٹس گالا کرنے کا فیصلہ

سنٹرل جیل پشاور میں اگلے ماہ نامزد اضلاع کے قیدیوں کے لیے سپورٹس گالا منعقد کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور ایونٹ کے انعقاد، کھیلوں کے انتخاب اور انتظامی امور سے متعلق ابتدائی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سپورٹس نامزد اضلاع محمد جمشید بلوچ نے کہا کہ قیدی بھی عام شہریوں کی طرح ہمارے معاشرے کا حصہ ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کھیلوں کے ذریعے قیدیوں میں نظم و ضبط، برداشت، ٹیم ورک اور خود اعتمادی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس نامزد اضلاع قیدیوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈائریکٹر آپریشنز سید جعفر شاہ نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں انسان میں مثبت سوچ اور بہتر طرزِ زندگی کو فروغ دیتی ہیں۔ جیلوں میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد قیدیوں کی ذہنی و جسمانی صحت کے ساتھ ان کی اصلاح اور معاشرے میں دوبارہ مثبت کردار ادا کرنے کے جذبے کو تقویت دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس گالا کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات باہمی تعاون سے مکمل کیے جائیں گے۔ اس موقع پر جیل سپرنٹنڈنٹ عمیر خان نے سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کے لیے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کا انعقاد ایک خوش آئند قدم ہے۔ جیل انتظامیہ اس سلسلے میں مکمل تعاون کرے گی تاکہ سپورٹس گالا کو مو ¿ثر اور کامیاب بنایا جا سکے۔ملاقات میں سپورٹس گالا کے انعقاد کو حتمی شکل دینے اور باہمی رابطے کے ذریعے انتظامات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔