خیبر پختونخواہ میں کھیلوں کے شعبے کو فروغ دینے اور صوبے کا مثبت تاثر اجاگر کرنے کے عزم کے تحت گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے معروف اسکواش کھلاڑی احسن ایاز سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر نے احسن کی پاکستان کی نمائندگی کے لیے کی جانے والی محنت اور عزم کی تعریف کی۔انہوں نے احسن کی اسکواش میں مسلسل محنت اور پاکستان کے ثقافتی سفیر کے طور پر ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا، “احسن کی کھیل کے لیے لگن اور پاکستان کا نام روشن کرنے کے عزم کا ہمارا خیبر پختونخواہ کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
گورنرخیبر پختو نخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے کے پی کو انتہاپسندی اور بدامنی کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے. اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا ہماری صلاحیت، عزم اور مثبت سوچ کو دیکھے۔”احسن ایاز، جو 2028 کے اولمپک گیمز میں پاکستان کے لیے میڈل جیتنے کا خواب رکھتے ہیں، کو گورنر کنڈی نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ گورنر نے احسن کے خواب کو حقیقت بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ خیبر پختونخواہ کے ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے۔ “ہمارے کھلاڑی ہمارے صوبے اور ملک کے سفیر ہیں، ان کی کامیابیاں کے پی کے عزم، حوصلے اور صلاحیت کی گواہ ہیں،” انہوں نے کے پی کے متحرک کاروباری برادری کا بھی شکریہ ادا کیا جو حالیہ عرصے میں مقامی کھلاڑیوں کو اسپانسرشپ اور مالی تعاون فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری حضرات مزید سرمایہ کاری کریں تاکہ کے پی کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو فروغ دیا جا سکے اور یہ کھلاڑی پاکستان کے لیے عزت اور شناخت حاصل کر سکیں۔