رزمک سمیت شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں برفباری کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ برفباری کے بعد پہاڑ اور وادیاں سفید چادر میں لپٹ گئیں، جس سے قدرتی حسن میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق برفباری کے باعث درجہ حرارت نقطۂ انجماد کے قریب پہنچ گیا ہے، جبکہ سرد موسم کی شدت کے سبب روزمرہ معمولاتِ زندگی جزوی طور پر متاثر ہو رہے ہیں۔ بالائی علاقوں میں ٹھنڈی اور تیز ہواؤں کے چلنے سے سردی کی شدت مزید بڑھ گئی ہے۔
علاقہ مکینوں نے سردی سے بچاؤ کے لیے اضافی انتظامات شروع کر دیے ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انتظامیہ نے بالخصوص بالائی علاقوں کا رخ کرنے والے مسافروں کو موسم کی صورتحال کے پیش نظر محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔


