پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شدید دھند اور خراب موسم کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق کم حدِ نگاہ کے باعث متعدد پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس منتقل جبکہ بعض پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
پی اے اے کے مطابق خراب موسم اور کم حدِ نگاہ کے باعث قطر ایئرویز کی پرواز کو اسلام آباد منتقل کیا گیا، جبکہ سلام ایئر کی مسقط سے آنے والی پرواز کو سیالکوٹ اتار لیا گیا۔ اسی طرح فلائی عدیل کی ریاض سے آنے والی پرواز کو کراچی منتقل کیا گیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق سلام ایئر اور ایئر عربیہ کی بعض پروازیں بھی خراب موسم کے باعث تاخیر کا شکار رہیں۔ پی اے اے کے مطابق دھند کے باعث حدِ نگاہ 300 سے 360 میٹر تک محدود رہی، جس کے سبب فلائٹ آپریشن متاثر ہوا۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہوتے ہی پروازوں کا معمول بحال کر دیا جائے گا جبکہ مسافروں کو ایئرلائنز سے رابطے میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔


