Voice of Khyber Pakhtunkhwa
Monday, January 26, 2026

اورکزئی: برفباری سے متاثرہ رابطہ سڑکیں بحال

ضلع اورکزئی کے دور افتادہ علاقوں میں شدید برفباری اور خراب موسمی حالات کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہوئے، تاہم سیکیورٹی فورسز اور سول انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ علاقوں میں خصوصی امدادی آپریشن شروع کیا اور بند رابطہ سڑکیں بحال کر دیں۔

حالیہ برفباری کے نتیجے میں کلایہ دربار کو جانے والے تمام راستے مکمل طور پر بند ہو گئے تھے، جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ راستوں کی بندش کے باعث ایک سوگوار خاندان کو اپنے عزیز کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں بھی دشواری پیش آئی۔ اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے ہنگامی بنیادوں پر بھاری مشینری اور اضافی نفری تعینات کی۔ سخت سردی اور انتہائی خراب موسمی حالات کے باوجود اہلکاروں نے دن رات محنت کرتے ہوئے برف ہٹائی اور تمام بند راستوں کو بحال کیا، جس کے نتیجے میں مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین بروقت اور باوقار طریقے سے ممکن ہو سکی۔

مقامی عمائدین اور علاقہ مکینوں نے سیکیورٹی فورسز کے بروقت، ہمدردانہ اور انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں عوام کی مدد سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ ذمہ داری اور عوامی خدمت کے جذبے کی عکاس ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں گی اور امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔

اورکزئی: برفباری سے متاثرہ رابطہ سڑکیں بحال

Shopping Basket