سال 2020 میں دنیا سے رخصت ہونے والی پاکستانی شخصیات

سال 2020ء گزرگیا لیکن گلشن ویران کر گیا۔ کئی اہم سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنما رخصت ہوئے- ان شخصیات نے اپنے ملک کے لئے بیش قیمت قربانیاں دی ہیں- آج وہ ہم میں نہیں رہے لیکن ان کی یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی- آج ہم اس تحریر میں ان شخصیات کو یاد کریں گے اور انھیں خراج عقیدت پیش کریں گے۔

طارق عزیز

طارق عزیز 1936ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے-  پاکستان ٹیلی ویژن پر نمودار ہونے والی پہلی شخصیت تھے- 1964ء میں جب پی ٹی وی کا آغاز ہوا تو لوگ طارق عزیز سے آشنا ہوئے- 1974ء میں نیلام گھر کا آغاز کیا جو ان کی وجہ شہرت بنا- بعد میں نیلام گھر سے بزم طارق عزیز شو میں تبدیل ہوگیا- طارق عزیز نے کئی فلموں میں بھی کام کیا۔ اس کے علاوہ قومی اسمبلی کے رکن بھی رہ چکے ہیں- 17 جون

2020ء کو اس دار فانی سے کوچ کرگئے- لیکن ان کے یہ الفاظ ہمیشہ لوگوں کے کانوں میں گونجتے رہیں گے ” دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں کو طارق عزیز کا سلام پہنچے۔

میر ظفراللہ خان جمالی

ظفراللہ خان جمالی یکم جنوری 1944ء کو ڈیرہ مراد جمالی میں پیدا ہوئے- 2002ء میں انھوں نے پاکستان کے پندرھویں وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ وہ بلوچستان سے منتخب ہونے والے پہلے وزیراعظم تھے- 2013ء سے 2018ء تک قومی اسمبلی کے  رکن رہے- 2 دسمبر 2020ء کو جمالی صاحب راولپنڈی میں انتقال کرگئے۔

میر حاصل خان بزنجو

میر حاصل بزنجو 3 فروری 1954ء کو پیدا ہوئے- وہ نیشنل پارٹی کے بانی رہنما تھے- بلوچستان کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے والوں میں حاصل بزنجو کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- نواز شریف حکومت میں  2017ء سے 2018ء تک وفاقی وزیر رہے- 20 اگست 2020ء کو میر حاصل بزنجو فانی دنیا چھوڑ کر چلے گئے۔

سید منور حسن

سید منور حسن 5 اگست 1941ء کو ہندوستان کے شہر دہلی میں پیدا ہوئے- 1977ء میں وہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے. – قاضی حسین احمد کے بعد جماعت اسلامی کے چوتھے امیر بنے- ان کی جرات اور استقامت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا- 26 جون 2020ء کو شدید علالت کے بعد انتقال کرگئے۔-

فخرالدین جی ابراھیم

فخرالدین جی ابراھیم 12 فروری 1928ء کو ہندوستان کے شہر احمدآباد میں پیدا ہوئے- فخرالدین جی سینئر وکیل اور جج تھے-  14 جولائی 2012ء کو آپ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے 24 ویں چیف بن گئے-آپ 7 جنوری 2020ء کو انتقال کرگئے۔

سید فضل آغا

بلوچستان سے تعلق رکھنے والے سید فضل آغا 1946ء میں پیدا ہوئے- آپ جمعیت علماء اسلام پاکستان کے سرکردہ رہنماوں میں شمار ہوتے تھے- 18 اگست 1999ء کو آپ بلوچستان کے گورنر مقرر ہوئے- 1988ء سے 1991ء تک ڈپٹی چیئرمین سینیٹ رہے۔

نعمت اللہ خان

نعمت اللہ خان یکم اکتوبر 1930ء کو اجمیر، ہندوستان میں پیدا ہوئے- آپ جماعت اسلامی پاکستان کے متحرک رہنما تھے- تحریک اسلامی کے لئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی- آپ شعبہ درس وتدریس سے بھی وابستہ رہے- 2001ء سے 2005 تک کراچی کے مئیر یعنی ناظم رہے- اس دوران آپ نے کراچی کی بہت خدمت کی- یہی وجہ تھی کہ کراچی کے لوگ آج بھی نعمت اللہ خان کو کراچی کے بہترین ناظم سمجھتے ہیں- موصوف  15 فروری 2020ء کو کراچی میں انتقال کرگئے-

نعیم الحق

نعیم الحق 11 جولائی 1949ء کو پیدا ہوئے- آپ کا شمار پاکستان تحریک انصاف کے بانی رہنماوں میں کیا جاتا ہے-نعیم الحق پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر تھے- موجودہ حکومت میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی تھے-آپ 15 اگست 2020ء کو دو سال کی علالت کے بعد اس دار فانی سے رخصت ہوگئے۔

مولانا عادل خان

مولانا عادل خان 1957ء کو پیدا ہوئے- 1992ء میں آپ نے کراچی یونیورسٹی سے اسلامک کلچرمیں پی ایچ ڈی کی۔ 2010ء سے 2018ء تک انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی ملائشیا میں پڑھاتے رہے-  اس کے بعد وہ جامعہ فاروقیہ کراچی میں پڑھاتے رہے- آپ وفاق المدارس العربیہ کے کمیٹی کے ممبر بھی رہ چکے ہیں- 10 اکتوبر 2020ء کو شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں شہید ہوگئے-

 ڈاکٹر مبشر حسن

ڈاکٹر مبشر حسن 21 جنوری 1922ء کو پانی پت، ہندوستان میں پیدا ہوئے- نومبر 1967ء میں پاکستان پیپلز پارٹی کا جنم آپ کے ہی گھر میں ہوا-  1971ء میں آپ فنانس منسٹر بن گئے- آپ کا شمار ذوالفقار علی بٹھو کے دیرینہ اور وفادار ساتھیوں میں ہوتا تھا- 14 مارچ 2020ء کو آپ 98 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

آیات اللہ درانی

آیات اللہ درانی یکم جنوری 1956ء کو مستونگ، بلوچستان میں پیدا ہوئے- آپ کا سیاسی تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا- 2008ء میں وفاقی وزیر بھی رہے- کوویڈ-19 کی وجہ سے 5 جولائی 2020 کو کوئیٹہ میں انتقال کرگئے۔

ایڈمرل فصیح بخاری

ایڈمرل فصیح بخاری 8 مارچ 1942ء کو پیدا ہوئے- 1997ء سے 1999ء تک وہ پاکستان نیوی کے سربراہ رہے- اس کے علاوہ آپ نیب کے چیرمیئن بھی رہ چکے ہیں- فصیح بخاری 1965ء اور 1971ء کی جنگیں لڑچکے ہیں- آپ کو ستارہ امتیاز، نشان امتیاز اور حلال امتیاز جیسے قابل فخر اعزازات سے نوازا گیا ہے- 24 نومبر 2020ء کو آپ دنیا چھوڑ  گئے۔

صبیحہ خانم

پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم 16 اکتوبر 1935ء کو گجرات میں پیدا ہوئیں- آپ نے متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا اسی وجہ سے آپ کو ” پاکستانی سینیما کی خاتون اول” کے نام سے یاد کیا جاتا ہے- صبیحہ خانم 13 جون 2020ء کو انتقال کرگئیں۔

کامیڈین امان اللہ خان

مشہور کامیڈین امان اللہ خان 1950ء کو لاہور میں پیدا ہوئے- آپ نیو نیوز اور دنیا نیوز میں بھی بطور کامیڈین کام کرچکے ہیں- 6 مارچ 2020ء کو آپ دنیا چھوڑ کر چلے گئے۔

بیگم شمیم اختر

بیگم شمیم اختر سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ تھیں- آپ 9 مارچ 1927ء کو لاہور میں پیدا ہوئیں- محترمہ 2013ء سے 2018ء تک صوبائی اسمبلی کی رکن رہیں- 22 نومبر 2020ء کو بیگم شمیم لندن میں انتقال کرگئیں۔

خادم حسین رضوی

مذہبی اسکالر خادم حسین رضوی 22 جون 1966ء کو اٹک میں پیدا ہوئے- آپ تحریک لبیک پاکستان کے بانی تھے- خادم رضوی 19 نومبر 2020ء کو لاہور میں وفات پاگئے۔

جسٹس وقار احمد سیٹھ

وقار احمد سیٹھ 16 مارچ 1966ء کو ڈیرہ اسماعیل خان میں پیدا ہوئے- آپ جون 2018ء سے نومبر 2020ء تک پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے- 12 نومبر 2020ء کو وقار سیٹھ کوویڈ-19 کی وجہ سے انتقال کرگئے۔

محمد جادم منگریو

جادم منگریو مسلم لیگ فنکشنل کے مرکزی رہنما تھے- آپ 2008ء میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے- اپنے دور میں وہ ریلوے کے وزیر بھی رہ چکے ہیں- آپ 25 نومبر 2020ء کو کوویڈ-19 سے وفات پاگئے۔

کلثوم پروین

مسلم لیگ کی رہنما کلثوم پروین 1945ء میں پیدا ہوئیں- آپ 2013ء سے موت تک سینیٹر رہیں- کلثوم پروین 21 دسمبر 2020ء کو اسلام آباد میں وفات پاگئیں۔-

About the author

Leave a Comment

Add a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Shopping Basket