امریکی صدر جو بائیڈن نے پیر کو کہا کہ القاعدہ کے رہنما ایمن الظواہری اتوار کو افغانستان میں امریکی ڈرون حملے میں مارے گئے۔
امریکی حکام کے مطابق امریکہ نے مقامی وقت کے مطابق اتوار کی صبح 6 بج کر 18 منٹ پر افغان دارالحکومت کابل میں ڈرون حملہ کیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ القاعدہ کو مکمل ختم کردیا، افغانستان میں کئے گئے حملے میں کسی شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی، جو لوگ ہمارے لیےخطرہ ہیں ان کاتعاقب کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے رواں سال اپریل میں نائن الیون حملے کی منصوبہ بندی میں شامل ایمن الظواہری کا پتہ چلا لیا تھا، ہر قیمت پر امریکا کا دفاع کریں گے اور اپنے دشمنوں کا ہر جگہ تعاقب کریں گے۔
اگست 2021 میں امریکی فوجیوں اور سفارت کاروں کے ملک چھوڑنے کے بعد یہ ڈرون حملہ افغانستان کے اندر پہلا امریکی حملہ ہے۔
ایک بیان میں طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے “بین الاقوامی اصولوں” کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔